رمضان المبارک کی فضیلت اور برکتیں

رمضان المبارک اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے، جو تمام مہینوں کا سردار ہے ۔اس مبارک مہینے میں مسلمان قرآن مجید کے سایۂ عاطفت میں زندگی گزارتے اور اپنے پروردگار سے رحمت ومغفرت کے طلب گار ہوتے ہیں۔اس لیے کہ تمام آسمانی کتابیں اسی ماہ میں نازل ہوئی ہیں۔ صحفِ ابراہیم علیہ السلام رمضان کی تیسری تاریخ میں، تورات چھٹی تاریخ میں ،انجیل تیرہویں تاریخ میں، زبور اٹھارہویں تاریخ میں اور قرآن مجید چوبیس تاریخ میں نازل ہوا۔( الغنیۃ،مسند احمد ابن حنبل)

’رمضان‘ کی وجہِ تسمیہ
’رَمَضَان‘ عربی زبان کا لفظ ہے ، جو ہمیشہ مذکر استعمال ہوتا ہے ۔جب قدیم عربوں کی زبان سے ان مہینوں کے نام نقل کیے گیے تو اس وقت جو مہینہ جس موسم میں آیا ، اس کا نام اسی مناسبت سے رکھ دیا گیا اور اتفاق سے اس وقت رمضان کا مہینہ سخت گرمی کے موسم میں آیا ، اس لیے اس کا نام رمضان رکھ دیا گیا ۔ (لسان العرب )علامہ ابن کثیر ؒ نے تحریر فرمایا ہے:’رمضان‘کی جمع ’رمضانات‘اور ’رماضین‘ اور’رامضہ‘ آتی ہے۔

شیخ عبد القادر جیلانی ؒ فرماتے ہیں کہ اس کی وجہ تسمیہ میں اختلاف ہے۔حضرت عبداﷲؒ اور حضرت جعفر صادقؒ اپنے بزرگوں سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اﷲﷺ نے ارشاد فرمایا:رمضان اﷲ تعالیٰ کا(خاص)مہینہ ہے۔بعض کہتے ہیں کہ اس ماہ کو رمضان اس لیے کہا گیا کہ اس میں گناہ جل جاتے ہیں۔حضرت نبی کریم ﷺ کا ارشاد بھی یہی ہے اور کہا گیا ہے کہ اس ماہ میں آخرت کی فکر اور نصیحت کی گرمی سے دل متاثر ہوتے ہیں،بالکل اسی طرح جس طرح سورج کی گرمی سے ریگستان اور پتھر گرم ہو جاتے اور جل اٹھتے ہیں۔حضرت خلیلؒ کا ارشاد ہے کہ’رمضان‘ لفظِ ’رمض‘سے مشتق ہے،رمض اس بارش کو کہتے ہیں جو خریف کے موسم میں ہوتی ہے۔کیوں کہ ماہِ رمضان لوگوں کے دلوں اور جسم کو گناہوں سے پاک کر دیتا ہے،اس لیے اسے بھی رمضان کا نام دے دیا گیا۔(الغنیۃ)

لفظ’ رمضان‘ کے پانچ حروف
لفظِ رمضان میں پانچ حروف ہیں اور ان تمام میں ایک خاص اشارہ ہے:’ر ‘سے مراداﷲ کی رضا،’م ‘ سے مراد اﷲ کی محبت،’ض‘ سے مراداﷲ کی ضمانت،’الف‘سے مراداﷲ تعالیٰ کی الفت و محبت اور’ن‘سے مراد اﷲ کا نور ہے۔اس طرح رمضان المبارک کا مہینہ اﷲ تعالیٰ کی رضامندی، محبت، ضمانت،الفت اور اس کے نور کا جامع ہے۔یہ بہت بڑی بزرگی اور بخشش کی علامت ہے اُن لوگوں کے لیے ،جو اﷲ تعالیٰ کے اولیا اور نیک کردار ہیں۔ (الغنیۃ)

مومنین کے لیے رمضان غنیمت ہے
رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا: مومنین پر ماہ ِ رمضان سے بہتر اور منافق پر رمضان سے سخت کوئی مہینہ سایہ فگن نہیں ہوتا۔ اﷲ تعالیٰ اس کے شروع ہونے سے پہلے (ہی اپنے علم ِ ازلی سے) اس کا اجر وثواب لکھ دیتے ہیں اور منافقین کا گناہوں پر اصرار اور بدبختی بھی پہلے سے لکھ دیتے ہیں ۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مومنین اس مہینے میں عبادت کے لیے طاقت جٹاتے ہیں اور منافقین لوگوں کی غفلتوں اورعیوب کی ٹوہ میں لگے رہتے ہیں ،پس یہ مہینہ مومنین کے لیے غنیمت ہے، جس پر فاسق وفاجر رشک کرتے ہیں۔( مسند أحمد)

برکت والا مہینہ
ایک مرتبہ رسول اﷲ ﷺ نے ماہِ رمضان کے قریب ارشاد فرمایا:رمضان کا مہینہ آگیا ہے!جو برکت والا ہے۔اﷲ تعالیٰ اس ماہ میں (خصوصیت سے)تمھاری طرف متوجہ ہوتے ہیں اور اپنی رحمت نازل فرماتے ہیں،خطاؤں کو بخش دیتے ہیں،دعائیں قبول فرماتے ہیں۔تمھارے تَنافُس کو دیکھتے ہیں اور فرشتوں سے فخر فرماتے ہیں،تو تم اﷲ تعالیٰ کو اپنی نیکیاں دکھلاؤ۔شقی وبدبخت ہے وہ شخص جو اس مبارک مہینے میں بھی اﷲ تعالیٰ کی رحمت سے محروم رہ جائے۔(مجمع الزوائد)’ تَنافُس ‘ اس کو کہتے ہیں کہ دوسرے کی حرص میں کام کیا جائے اور مقابلے پر دوسرے سے بڑھ چڑھ کر کام کیا جائے ۔تفاخر و تقابل والے آئیں اور یہاں اپنے جوہر دکھلائیں ۔(فضائلِ رمضان)

پانچ خصوصیتیں
رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا:میری امت کو رمضان المبارک سے متعلق پانچ خصوصیتیں عطا کی گئی ہیں،جو سابقہ امتوں کو نہیں ملیں؛(۱) پہلی یہ کہ ان کے منھ کی بواﷲ تعالیٰ کے نزدیک مشک کی خوش بو سے زیادہ پسندیدہ ہے(۲)دوسری یہ کہ ان کے لیے دریا کی مچھلیاں بھی دعا کرتی ہیں اور افطار تک کرتی ہی رہتی ہیں(۳)تیسری یہ کہ اﷲ تعالیٰ ان کے لیے ہر روز جنت کو سجاتے اور فرماتے ہیں کہ عنقریب میرے نیک بندے (دینا کی)مشقتیں اتار پھینک کر تیری طرف آئیں گے(۴)چوتھی یہ کہ اس مبارک ماہ میں سرکش شیاطین قید کر دیے جاتے ہیں،پس وہ اس مبارک ماہ میں ان برائیوں تک نہیں پہنچ سکتے،جن تک رمضان کے علاوہ میں پہنچ سکتے ہیں(۵)پانچویں یہ کہ رمضان المبارک کی آخری رات میں روزے داروں کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔رسول اﷲ ﷺ سے دریافت کیا گیا؛اے اﷲ کے رسول !کیا یہ شبِ قدر ہے؟آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا:نہیں،یہ رات شبِ قدر نہیں بلکہ یہ اس لیے ہے کہ کام کرنے والے کو کام پورا کرنے پر مزدوری دی جاتی ہے۔(کشف الاستار عن زوائد البزار، مجمع الزوائد)

روزے دار کے اعزاز میں
رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا :رمضان کی پہلی تاریخ میں آسمان اور جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں ، جو مہینے کی آخری رات تک کھلے رہتے ہیں ۔ جو بندہ یا بندی ان راتوں میں نماز پڑھے ،اسے ہر سجدے کے بدلے ایک ہزار سات سو نیکیاں ملتی ہیں۔ جنت میں اس کے لیے سرخ یاقوت کا محل بنایا جاتا ہے ، جس کے ستر ہزا ر دروازے ہوں گے۔ یہ سب دروازے سونے کے ہوں گے ، جن میں سرخ یاقوت جَڑے ہوں گے ۔جب کوئی بندہ پہلے دن روزہ رکھتا ہے تو اﷲ تعالیٰ رمضان کے آخر تک اس کے تمام گناہ معاف کر دیتا ہے اور یہ دوسرے رمضان تک کا کفارہ ہوجاتا ہے۔ وہ جتنے روزے رکھتا ہے ، اس کے ہر روزے کے بدلے میں اس کے لیے جنت میں سونے کا ایک محل بنایا جاتا ہے ، جس کے ایک ہزار دروازے ہوں گے ۔ ستر ہزار فرشتے صبح سے شام تک اس کے لیے بخشش کی دعا مانگتے رہتے ہیں۔دن رات میں وہ جتنے سجدے کرتا ہے ، ہر ایک سجدے کے بدلے میں جنت میں ایک درخت عطا ہوگا اور اس درخت کا سایہ اتنا وسیع ہوگا کہ ایک سوار سو برس تک اس میں چلتا رہے ، تب بھی وہ ختم نہ ہو۔(الغنیۃ ،مجمع الزوائد)

روزانہ چھے لاک لوگوں کی بخشش
رسول اﷲ ﷺ نے ارشادفرمایا: اﷲ عز و جل رمضان کی ہر رات میں چھے لاکھ آدمیوں کو دوزخ کی آگ سے آزاد کرتے ہیں اور جب رمضان کی آخری رات ہو تی ہے تواتنے لوگوں کو جہنم سے آزاد کر دیتے ہیں جتنے لوگوں کو ایک رمضان سے آخر رمضان تک آزاد کیا ہے(یعنی تقریباً ایک کروڑ اسّی لاکھ لوگوں کو)۔(شعب الایمان للبیہقی)

رمضان میں فوت ہونے کی برکت
حدیث شریف میں ہے :جب رمضان المبارک شروع ہو جائے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں اور جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔(مشکاۃ المصابیح)اس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ جو گنہگار مسلمان رمضان شریف میں فوت ہوجائے ،وہ عذابِ قبر سے محفوظ رہتا ہے۔اسی طر ح علامہ ابن عابدین شامی رحمہ اﷲ نے لکھا ہے کہ اگر کوئی گنہگار مسلمان ،رمضان المبارک میں یا (رمضان کے علاوہ کسی بھی مہینے میں)جمعے کے دن فوت ہو جائے ،تو وہ قیامت تک عذابِ قبر سے محفوظ ومامون رہے گا ،البتہ کافر کا عذاب دائمی ہوگا،صرف جمعے کے دن اور رمضان شریف میں اس سے عذاب ہلکا ہوگا۔(الردالمحتار،فتاوی حقانیہ)
٭٭٭٭
 

Moulana Nadeem Ansari
About the Author: Moulana Nadeem Ansari Read More Articles by Moulana Nadeem Ansari: 315 Articles with 311657 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.