عورت عزت ہے

عورت عزت ہے

ازقلم اجالاناز
میں آج بات کرنا چاہتی ہوں ’’ کمزور عورت ‘‘ کے بارے میں ۔۔۔ ’’ کمزور عورت ‘‘ ہمارے معاشرے کا دیا گیا عورتوں کو ایک ایسا لقب ہے جسے ہمارے معاشرے کی خواتین نے دل کھول کر قبول بھی کیا ہے ۔۔ یہ سچ ہے کہ عورت کمزور ہوتی ہے ۔۔ وہ جسمانی لحاظ سے کمزور ہوتی ہے ۔۔ مرد کے ایک تھپڑ سے گر جاتی ہے ۔۔ وہ روحانی لحاظ سے بھی کمزور ہوتی ہے ۔۔ اپنوں کی جھوٹی محبت کی خاطر اپنا آپ مٹا دیتی ہے ۔ والدین کی عزت کی خاطر اپنے حقوق بھلا دیتی ہے ۔۔ بھائی کی غیرت کی خاطر اپنی خواہشوں کو مار دیتی ہے ۔۔ سسرال کی ناانصافیاں ، ظالم شوہر کی مار پیٹ صرف اس رشتے کو بچانے کی خاطر سہتی جاتی ہے ۔۔اپنی زبان سی لیتی ہے ۔۔ کسی سے کچھ نہیں کہتی ۔۔ کیونکہ ماں باپ نے تو پہلے ہی کہہ دیا ہوتا ہے کہ یہی تو نصیب ہے تمہارا اسی کے ساتھ گزارا کرو ۔۔ اس طرح وہ پوری زندگی ظلم سہتی سہتی بوڑھی ہوجاتی ہے ۔۔ اپنے بچوں کی خواہشوں کو پورا کرنے کے لئے اپنا آپ مٹا دیتی ہے ۔۔ سچ ہے ۔۔ وہ بیٹی بن جائے یا بہن ۔۔ بیوی بن جائے یا بہو ۔۔ یا پھر وہ ماں ہی کیوں نہ بن جائے ۔۔ ہر رشتے میں ۔۔ ہر صورت میں۔۔ وہ کمزور ہی تو ہوتی ہے ۔۔ لیکن ۔۔۔ کیا وہ پیدائشی کمزور ہوتی ؟ یا پھر ۔۔ اللہ نے ہی اسے کمزور پیدا کیا ہے ؟ کیا وہ خدا کی اتنی ہی کمزور مخلوق ہے ؟ میں نے اسکا جواب ڈھونڈنے کی کوشش کی ۔۔ مگر کہیں بھی ۔۔ کسی بھی کتاب یا قرآن کی کسی بھی آیت میں مجھے ایسا کہیں کچھ نہیں ملا ۔۔ جس کی تفسیر کہتی ہو کہ عورت غیرت کے نام پر قتل ہونے کے لئے بنائی گئ ہے ۔۔ کہ عورے شوہر کی مار پیٹ اور سسرال کے طعنے سننے کے لئے بنائی گئ ہے ، کہ عورت اپنے بچوں کی نافرمانی برداشت کرنے کے لئے بنائی گئ ہے ۔۔ میں نے کہیں یہ لکھا ہوا نہیں پڑھا کہ وہ تمام ظلم اور زیادتیاں خاموشی سے سہنے کی پابند ہے ۔۔ اسلام میں کہیں بھی ایسا کوئی ذکر نہیں تھا ۔۔ اسلام کہتا ہے کہ وہ پردہ کرنے کی پابند کے ، وہ اپنی عزت کی حفاظت کرنے کی پابند ہے ۔۔ وہ اپنی حدود میں رہتے ہوئے زندگی گزارنے کی پابند ہیں ۔۔ ماں،باپ کی فرمانبرداری ، شوہر کی خوشی ، اولاد کی تربیت یہ اسکے فرائض کا حصہ ہیں ۔۔ وہ تعلیم حاصل کرنے کا حق رکھتی ہے ۔۔ پھر کیسے کوئی بھی اسکی تعلیم کا حق یہ کہہ کر چھین لیتا ہے کہ وہ کالج جائے گی تو بگڑ جائے گی ؟ وہ پسند کی شادی کرنے کا حق رکھتی ہے ۔۔ تو پھر کیسے کوئی اس کا یہ حق اپنی جھوٹی غیرت کا مسئلہ بنا کر اس سے چھین لیتا ہے ؟ وہ اپنے شوہر سے عزت کی حقدار ہوتی ہے ۔۔ تو پھر کیسے وہ شوہر اسے مارنے پیٹنے کا حق رکھتا ہے ؟ وہ اپنی اولاد کی جنت ہوتی ہے ۔۔ تو پھر کیسے وہ اولاد اپنی جنت سے نافرمانی کر سکتی ہے ؟

تو کیا عورت واقعی کمزور ہے ؟ یا اسے کمزور بنایا گیا ؟ پیدائش کے پہلے دن سے اسکے پاؤں میں اصولوں اور جھوٹی غیرتوں کی بیڑیاں ڈال کر ۔۔ اسے کمزور بنا دیا گیا ۔۔ وہ بچوں کی پیدائش کے اگلے ہی دن پورے گھر کا کام کرنے کے لئے تیار ہوجاتی ہے ۔۔ پھر اسے کہا گیا کہ وہ کمزور جسم کی مالک ہے ؟ وہ اپنے ماں باپ اور بھائی کی عزت کی خاطر اپنی محبت کو قربان کر دیتی ہے ۔۔ پھر اسے غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا ؟ وہ جو اپنے شوہر کی خوشی کے لئے اپنا آپ لٹا دیتی ہے ۔۔ اسی شوہر کے ہاتھوں اسے اذیتیں دی گئیں ؟ وہ جو اپنی اولاد کا پیٹ بھرنے کے لئے خود بھوکی سوجاتی ہے ۔۔ اسی اولاد نے اپنے پیروں پر کھڑے ہوجانے کے بعد اسکی جانب دیکھنا بھی چھوڑ دیا ۔۔ تو کیا عورت کمزور تھی ؟
 
نہیں۔۔ اسے کمزور بنایا گیا ۔۔ وہ کبھی کمزور نہیں تھی ۔۔ وہ آج بھی کمزور نہیں ہے ۔۔ عورت تو بہادر ہوتی ہے ۔۔ عورت تو طاقتور ہوتی ہے ۔۔ وہ جب اپنے لئے قدم اٹھاتی ہے تو راستے خود ہی بنتے چلے جاتے ہیں ۔۔ وہ جب ان تمام مظالم کے خلاف کھڑی ہوتی ہے تو ظالم خود ہی کمزور ہونے لگتے ہیں ۔۔ وہ جب اپنے حقوق حاصل کرنے پر آتی ہے تو اسے کوئی محروم نہیں کرسکتا ۔۔ کیونکہ وہ کمزور نہیں ہوتی ۔۔ وہ جب معاشرے کی ان کمزور عورتوں کے لئے ایک مثال بننے پر آتی ہے ۔۔ تو کوئی بھی عورت کمزور نہیں رہتی ۔۔ کوئی چاہے ۔۔ کوئی چاہے جو جاکر پوچھے کسی بھی اسلامک سکالر سے ۔۔ اگر عورت اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھائے ؟ اگر اپنے ظالم شوہر سے الگ ہوجائے ؟ اگر ان جھوٹی غیرتوں کو مات دے تو کیا وہ گناہ گار ہوتی ہے ؟ کیا خدا اس سے ناراض ہوتا ہے ؟ کیا خدا عورت کو بہادر اور مضبوط بنتا دیکھ کر اس کے ساتھ نہیں ہوتا ؟ نہیں ۔۔ ایسا نہیں ہے ۔۔۔ کیونکہ حقیقت یہی ہے ۔۔ کہ اس اللہ نے عورت کو کمزور نہیں بنایا ۔۔ اس نے اسے خاص بنایا ہے ۔۔ اس نے تو اسے ہر باپ ، بھائی، شوہر اور بیٹے کی عزت بنایا ہے ۔۔۔ تو عورت کو ’’ عزت ‘‘ بنانے والا وہ رب ۔۔ کیا اسکی ذلت لے حق میں ہوگا ؟ کبھی نہیں ۔۔۔

اور یہی وجہ ہے ۔۔ کہ میری کسی بھی کہانی میں ۔۔ میں کبھی عورت کو مظلوم اور کمزور ظاہر نہیں کرتی ۔۔ نا ہی ایسا کرونگی ۔۔ میں چاہتی ہوں کہ مجھے پڑھنے والی ہر لڑکی ، ہر عورت یہ سمجھ لے ۔۔ کہ وہ کمزور نہیں ہے ۔۔ وہ بہادر ہے اور اسے بہادر بننا ہے ۔۔ اپنی زندگی کی ہر آزمائش کا سامنا کرنے کے لئے ۔۔ اسے بہادر بننا ہے ۔۔ اپنی عزت کی حفاظت کرتے ہوئے ۔۔ اپنی حدود میں رہتے ہوئے ۔۔ اسے کمزور نہیں ہونا ۔۔ چاہے کچھ بھی ہوجائے ۔۔ اسے ہر بار کھڑا ہونا ہے ۔۔ اپنے لئے ۔۔ اپنوں کے لئے ۔۔ وہ قربان ہونے کے لئے نہیں بنائی گئ ہے ۔۔ وہ تو خوشیاں دینے اور خوشیاں لینے کے لئے بنائی گئ ہے ۔۔ کیونکہ عورت عزت ہے ۔۔ اور عزت کے لئے ہی بنائی گئ ہے ۔۔۔۔

 

Ujala
About the Author: Ujala Read More Articles by Ujala: 3 Articles with 6375 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.