|
|
انگریزی کی ایک مشہور نظم لٹل تھنگز کا مفہوم کچھ اس طرح ہے کہ ہماری کچھ چھوٹی
چھوٹی نیکیاں اور بھلائی کے کام اس دنیا کو جنت بنا سکتی ہیں اور یہی حقیقت بھی ہے
کہ بعض چھوٹی چھوٹی نیکیاں معاشرے پر اتنے بڑے اثرات مرتب کرتی ہیں کہ ان سے ملنے
والی دعائیں انسان کی عاقبت سنوارنے کا باعث بن جاتی ہیں- |
|
ایسا ہی ایک گمنام سپاہی اسلام آباد کی سڑکوں پر بھی موجود ہے جو کہ دن بھر اپنے
ذریعہ معاش کے لیے کام کرتا ہے اور رات دس بجے سے لے کر صبح سات بجے تک اسلام آباد
کی سڑکوں پر بیماروں اور ضرورت مندوں کو مفت سواری کی سہولت فراہم کرتا ہے- ان کے
متعلق اسلام آباد کے ایک رہائشی عاصم خان نے اپنی سوشل میڈیا کی پوسٹ کے ذریعے
بتایا- |
|
|
|
عاصم خان نے اپنی سوشل میڈيا پوسٹ پر اس حوالے سے بتایا کہ ان صاحب نے اپنا
نام بتانے سے منع کیا مگر اپنی اور اپنی گاڑی کی تصویر صرف اس لیے شئير
کرنے کی اجازت دی تاکہ ان کا فون نمبر سب کے سامنے آجائے اور لوگ ان کو
پہچان لیں- یہ صاحب رات دس بجے تک صبح سات بجے تک لوگوں کو فری ٹرانسپورٹ
کی سہولت مہیا کرتے ہیں اور اس کے لیے دعاؤں کے سوا کسی اور معاوضے کے طلب
گار نہیں ہیں- |
|
ان کا یہ عمل اس دور میں جبکہ رات کے اندھیرے میں چور ڈاکو اور عزتوں کے
لٹیرے گھروں سے باہر نکل کر دوسروں کو لوٹتے ہیں- ایسے حالات میں ایک انسان
کی یہ چھوٹی سی کوشش حقیقی معنوں میں اس بات کا ثبوت ہے کہ نیکی معمولی سے
ہی کیوں نہ ہو اس کو کرنے سے گھبرانا نہیں چاہیے اور اچھے کاموں میں اپنا
حصہ ضرور ڈالنا چاہیۓ تاکہ دنیا کی برائیوں میں کمی واقع ہو سکے- |
|
|
|
اس گمنام سپاہی کے اس جذبہ خدمت کو سوشل میڈیا کے صارفین نے بہت سراہا اور
اس کو ایک مثال قرار دیا ہے اور اس کو بہت ساری دعاؤں سے نوازہ ہے- اس
گمنام سپاہی کی یہ خدمت ان لوگوں کے لیے ایک نعمت مترقبہ سے کم نہیں ہے جو
کہ اس لاک ڈاؤن میں اپنے گھر پر سواری نہیں رکھتے ہیں اور ان کے گھر میں
اچانک کسی بیمار کی طبیعت خراب ہونے کے سبب اس کو ہسپتال تک لے جانا ان کے
لیے ایک مشکل ہوتی ہے- اور اس گمنام سپاہی کی مدد سے وہ نہ صرف اپنے مریض
کی جان بچا سکتے ہیں بلکہ اس کے ساتھ ساتھ پیسوں کی ادائیگی کی بھی کوئی
مشکل نہیں ہو گی- یہ گمنام سپاہی ایک فرشتے کی طرح ایسے دکھی اور مشکل
انسانوں کی مدد صرف اور صرف اللہ کی خوشنودی کے خیال سے کرتا ہے- |