شادی ایسی جس کو ہر کوئی یاد رکھے، ایک پاکستانی کی کرونا کے باعث ایسی آن لائن شادی جس میں اس نے مہمانوں کی تواضح اپنے ہاتھوں سے کھانا بنا کر کی

 
شادی کا موقع دولہا اور دلہن کی زندگی کا ایک اہم موقع ہوتا ہے یہ وہ وقت ہوتا ہے جب کہ وہ ہر ایک کے مرکز نگاہ ہوتے ہیں ۔ بلکہ ان کی حیثیت مہمان خصوصی والی ہوتی ہے جو کہ نئے کپڑے پہن کر سب سے خص جگہ بیٹھے ہوتے ہیں اور ہر مہمان ان کو دیکھنے کے لیے اور ملنے کے لیے خاص طور پر آتا ہے-
 
مگر کچھ شادیاں ایسی بھی ہوتی ہیں جو عام شادیوں سے ہٹ کر ہوتی ہیں اور درحقیقت وہی شادیاں ایسی ہوتی ہیں جو کہ سالہا سال اپنی انفرادیت کے سبب یاد رکھی جانے والی ہوتی ہیں- ایسی ہی شادی سعودی عرب میں ملازمت کے لیے جانے والے ایک پاکستانی طاہر بٹ کی شادی بھی تھی-
 
اس شادی کی پہلی خاص بات یہ تھی کہ اس شادی میں دلہن اور دولہا کے درمیان ہزاروں کلو میٹر کی دوری تھی- دلہن پاکستان میں تھی جب کہ دولہا اپنے سب رشتے داروں سے دور سعودی عرب میں ملازمت کی وجہ سے مقیم تھا-
 
 
حالیہ کرونا وائرس کی وبا کے سلسلے میں دنیا بھر میں پاکستانی اپنی نوکریوں کے سلسلے میں ملک سے دور رہنے پر مجبور ہیں اور سفری پابندیوں کے سبب چھٹیوں پر بھی ملک آنے سے قاصر ہیں ایسا ہی کچھ طاہر بٹ ساتھ بھی ہوا-
 
مگر شادی کا ایک وقت معین ہوتا ہے اور سہرے کے پھولوں کے کھلنے کا بھی ایک وقت ہوتا ہے ایسا ہی کچھ طاہر بٹ کے ساتھ بھی ہوا اور وطن سے دور ہونے کے باوجود انہوں نے آن لائن شادی کا فیصلہ کیا-
 
پیشے کے اعتبار سے طاہر بٹ ایک وی لاگر ہونے کے ساتھ ساتھ ماہر شیف بھی ہیں- ان کے دوستوں نے طاہر بٹ کی شادی کی خوشی کو ان کے ساتھ بہت اچھے طریقے سے منانے کا انتظام کیا کوئی ان کے گلے میں ڈالنے کا ہار بنا کر لایا تو کوئی مٹھائی کا ڈبا ساتھ لایا-
 
 
پاکستان میں اگر یہ شادی ہوتی تو طاہر بٹ کسی مہمان خصوصی کی طرح صوفے پر بیٹھے رہتے اور باقی عزیز و اقارب شادی کے انتظامات میں مصروف رہتے- مگر مسافری کے سبب شادی کی خوشی میں آئے مہمانوں کی خاطر مدارت کے لیے کھانا بھی طاہر بٹ نے اپنے ہاتھوں سے پکایا-
 
اس طرح یہ پاکستان کی تاریخ کی وہ شادی ہو گئی جس کے دولہے نے مہمانوں کے لیے اپنے ہاتھوں سے کھانا بنایا- طاہر نے اپنے دوستوں کی تواضح بریانی اور چکن کڑاہی سے کی اور اس کے بعد اپنی شادی کی تمام تقریب کا احوال سوشل میڈیا پر شئير کر دیا ان کی یہ کہانی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر رہی ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: