پیسے لے لیے تو آج کی نیکی ضائع ہوجائے گی، دنیا ابھی بھی اچھے لوگوں سے خالی نہیں ایک ایسا واقعہ جس نے انسانیت پر قائم یقین کو بڑھا دیا

image
 
موٹر وے پر ہونے والے انسانیت سوز واقعے کے بعد لوگوں کا یقین ہر ایک پر سے اٹھ گیا ہے معاملہ دو سال کی معصوم بچی کا ہو یا ایک شادی شدہ کئی بچوں کی ماں کا ہر فرد ایک خوف کا شکار ہے اور اپنے قریبی رشتوں پر بھی اعتبار کرنے کے قابل نہیں رہا ہے- اس بے یقینی کے دور میں اور نفسا نفسی کے عالم میں اگر کہیں سے کسی اچھے واقعے کے متعلق پتہ چلتا ہے تو وہ بالکل ٹھنڈی ہوا کے جھونکے کی طرح محسوس ہوتا ہے- ایسا ہی واقعہ گزشتہ روز کراچی کے شہید ملت ایکپریس وے پر پیش آیا-
 
یہ واقعہ احمر بٹ صاحب نے سوشل میڈیا پر شئير کیا ان کا یہ کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ تنہا گاڑی اس روڈ پر چلا رہی تھیں مگر اچانک گاڑی کا ایک ٹائر جو کہ نیا ہی تھا پھٹ گیا جس کے سبب گاڑی کنٹرول سے باہر ہو گئی اور گاڑی کا توازن رکھنے کی کوشش میں گاڑی کا دوسرا ٹائر بھی برسٹ ہو گیا اور گاڑی بیچ سڑک پر رک گئی-
 
تنہا خاتون ڈرائیور ہونے کے سبب ان کی اہلیہ اس حادثے کے سبب شدید شاک کی حالت میں تھیں جب کہ پیچھے موجود گاڑیاں حالات کو سمجھنے کے بجائے ہارن پر ہارن دے کر پریشانی کو مزید بڑھا رہی تھیں جس نے خاتوں کو مزید حواس باختہ کر دیا
 
image
 
ایسے وقت میں نوجوان انیس بلوچ ایک رحمت کے فرشتے کی مانند سامنے آیا اور انہوں نے گاڑی کو اپنی مدد آپ کے تحت سائڈ پر لگایا اور پیچھے موجود گاڑیوں کے لیے ٹریفک کو کلئیر کروایا- اس کے بعد گاڑی میں موجود اضافی ٹائر کی مدد سے ایک ٹائر تو تبدیل کر دیا-
 
جب کہ گاڑی کے دوسرے ٹائر کے لیے انیس بلوچ جو کہ پیشے کے اعتبار سے مکینک تھا اپنے کسی جاننے والے سے دو دن کی اپنی ضمانت پر ان سے ان کا اضافی ٹائر لے کر آیا اور گاڑی کے دونوں ٹائر تبدیل کر کے ان کو درست حالت میں کر دیا-
 
انیس بلوچ جو کہ ایک غریب مکینک تھا اس خدمت کے بدلے میں کوئی بھی معاوضہ طلب کرتا وہ مانگ سکتا تھا مگر انہوں نے اس کے بدلے میں کسی بھی قسم کا معاوضہ لینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ میری آج کی نیکی کو آپ معاوضہ دے کر ضائع نہ کریں- اس کی بات نے یہ ثابت کر دیا کہ دنیا ابھی بھی اچھے لوگوں سے خالی نہیں ہے جن کے نزدیک ہر چیز پیسے میں نہیں تولی جا سکتی ہے اور اللہ کی بارگاہ میں نیکی کا صلہ ہر حال میں اس معاوضے سے بہت زیادہ ہوتا ہے جو کہ پم پیسوں کی صورت میں وصول کرتے ہیں-
 
image
 
ان صاحب نے انیس بلوچ کی تصویر اس کی اجازت سے لے کر شئير کرتے ہوئے بتایا کہ انیس بلوچ شایان ہال کے سامنے محمود آباد روڈ پر کام کرتا ہے اور اس نیک انسان سے اپنی گاڑی کا کام کروایا جا سکتا ہے-
 
اللہ انیس جیسے نوجوانوں کی طاقت اور جذبے میں اضافہ فرمائے حقیقی معنوں میں یہی درحقیقت وہ لوگ ہیں جن کی وجہ سے یہ دنیا اب تک قائم و دائم ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: