باتھ روم میں واشنگ مشین رکھی ہوئی ہے اس وجہ سے میں اپنے بیٹے کا رشتہ آپ کی بیٹی سے نہیں کرسکتی۔ بیٹے کے لیے رشتہ ڈھونڈنے والی ماؤں کی کچھ ایسی شرائط جو حیران کر ڈالیں

image
 
ہمارے معاشرے میں یہ رواج عام ہے کہ لڑکیوں کے رشتے کے لیے اس بات کا انتطار کیا جاتا ہے کہ لڑکے والے رشتے کا پیغام بھیجیں لڑکی کو دیکھنے آئیں اور اس کے بعد اس بات کا حق لڑکے والوں کے پاس ہی ہوتا ہے کہ وہ اس لڑکی کو پسند کریں اور ان کی پسندیدگی کے بعد ہی اس مرحلے کا آغاز ہوتا ہے کہ لڑکی والے اس رشتے کو قبول کریں یا نہیں ۔ اگرچہ اکیسویں صدی کے اس ترقی یافتہ دور میں یہ بات بہت عجیب لگتی ہے کہ لڑکی چائے کی ٹرے لے کر آئے اور اس کے بعد ان کا جائزہ لڑکے والے ایکسرے والی نظروں سے کرتے ہیں اور اسکے بعد ناپسند کر کے چلے جائیں اور اس ناپسندیدگی کی ایسی ایسی حیرت انگیز وجوہات بیان کریں جو کہ سر پیٹ لینے پر مجبور کر دیں- اس حوالے سے جب مختلف لڑکیوں سے ان کے تجربات کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کے جوابات نے معاشرے کی اس سوچ کا پردہ اٹھا دیا ایسی ہی کچھ وجوہات کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے
 
1: لڑکی پیاری تو بہت ہے مگر تھوڑی گوری کم ہے
اس تجربے کے حوالے سے ایک لڑکی کا یہ کہنا تھا کہ رشتہ دیکھنے والی خاتون اپنے بیٹے کے ہمراہ آئيں جو کہ خود بھی کافی دبی ہوئی رنگت کی حامل تھیں اور ان کا بیٹا بھی ان جیسی ہی رنگت کا حامل تھا- لڑکی کو دیکھنے کے بعد انہوں نے اس کو کافی پسند کیا مگر جاتے جاتے یہ کہہ گئیں کہ آپ کی بیٹی ویسے تو بہت پیاری ہے مگر تھوڑی گوری کم ہے ہمیں گوری لڑکی کی تلاش ہے تاکہ پوتے پوتیاں گوری پیدا ہوں-
 
image
 
2: لڑکی اس سیاسی پارٹی کو سپورٹ کرتی ہے لہٰذا ۔۔
ہمارے ملک میں سب سے زیادہ چینل سیاسی خبروں کے کھلے ہوئے ہیں اور یہ وہ شعبہ ہے جس میں مہارت ہمارے ملک کے بچے بچے کو حاصل ہے ہر فرد کسی نہ کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ کرتا ہے اور یہ ہر ایک کا جمہوری حق ہوتا ہے- مگر اس بات پر رشتہ نہ ہو سکنے کی مثالیں بھی ہمارے معاشرے میں موجود ہیں جس کے مطابق ہم آپ کی بیٹی سے رشتے اس لیے نہیں کر سکتے ہیں کیوں کہ اس کا تعلق ہماری مخالف سیاسی پارٹی سے ہے اس وجہ سے ہم یہ رشتہ نہیں کر سکتے ہیں-
 
3: باتھ روم میں واشنگ مشین کیوں رکھی ہے
ایک لڑکی نے اس حوالے سے بھی اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس کو دیکھنے کے لیے جو خاتون آئیں انہوں نے ویسے تو سب کچھ پسند کیا مگر چند لمحوں کے لیے باتھ روم جانے کی درخواست کی- جب وہ غسل خانے سے واپس آئيں تو وہاں سے واپس آکر انہوں نے رشتے سے صرف اس لیے انکار کر دیا کہ غسل خانے میں واشنگ مشین موجود تھی اس وجہ سے وہ یہ رشتہ نہیں کر سکتی ہیں کہ جس لڑکی کے گھر والوں کو اتنی تمیز نہیں ہے وہ آگے جا کر کیسے گھر چلائے گی-
 
image
 
4: لڑکی کی ماں نے لڑکے کو انکل کیوں کہہ دیا
اس واقعہ کے متعلق بیان کرتے ہوئے ایک لڑکی کا کہنا تھا کہ ان کے خاندان میں منگنی سے پہلے لڑکے کے سامنے آنے پر پابندی تھی اور یہ بات انہوں نے رشتے کروانے والی خواتین کو بھی بتا رکھی تھی- مگر ایک بار لڑکے والے بغیر بتائے لڑکے کو رشتے کے لیے ساتھ لے کر آگئے جس کے بارے میں لڑکی والوں کو نہیں بتایا گیا- لاعلمی کے سبب لڑکی کی ماں یہ سمجھیں کہ لڑکے والوں کے ساتھ آنے والا مرد لڑکے کا باپ ہے جس پر انہوں نے معصومیت سے لڑکے سے پوچھا کہ آپ کا بیٹا کام کیا کرتا ہے ان کا یہ سوال لڑکے والوں کو اتنا ناگوار لگا کہ انہوں نے رشتے سے ہی انکار کر ڈالا-
YOU MAY ALSO LIKE: