|
|
”اس کی ہمت کیسے ہوئی مجھے تھپڑ مارنے کی، اس نے ایک
تھپڑ مارا تھا ، میں اب اس کو دو تھپڑ لگاؤں گا۔۔ اس نے مجھے ڈنڈے سے مارا،
میں بھی اس کو ڈنڈے سے سب کے سامنے ہی ماروں گا۔“ ”وہ ہمارے گھر کے فنکشن
میں نہیں آئے، ہم ان کے گھر کے فنکشن میں نہیں جائیں گے۔“ وغیرہ وغیرہ ایسے
جملے اکثر وبیشتر لوگوں کی زبانوں سے سننے کو ملتے ہیں، جس سے یہ بخوبی پتا
چل رہا ہوتا ہے کہ بطور انسان ہم لوگوں سے بدلہ لینا چاہتے ہیں ، ہم عفو
درگزر والا معاشرہ قائم نہیں کرنا چاہتے۔ |
|
جب ہم خود گناہ کرتے ہیں، کسی کا دل دکھاتے ہیں،کسی پر
ظلم کرتے ہیں توایسے وقت میں ہم اللہ تعالیٰ سے امید رکھتے ہیں کہ وہ ہمیں
معاف کردے گا۔ لیکن جب کوئی ہمارا دل دکھائے تو ہم اسے معاف نہیں کرنا
چاہتے بلکہ اس سے بدلہ لینے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں کہ کب موقع ملے اور
کب اس شخص سے بدلہ لیا جاسکے۔ |
|
معافی کیا ہے؟ |
معافی دراصل دوسروں کے بُرے روئیے اور غلطیوں کو درگزر کردینے کا نام ہے ۔
ساتھ ہی اپنے دل سے کسی کیلئے موجود غصے کو ختم کردینا ہے اور بدلے کے
بجائے درگزر سے کام لینا ہے۔ یہ تمام کام انسان اس لئے کرتاہے تاکہ اسے
ذہنی سکون میسر آئے، دوسروں کو معاف کرنے اور ان سے صلح کرلینے سے رشتے
برقرار رہتے ہیں۔ |
|
|
|
معاف نہ کرنے کے نقصانات: |
یاد رکھیں کہ جو لوگ بدلے کی خواہش رکھتے ہیں، وہ اپنی
زندگی میں مطمئن نہیں رِہ سکتے، کیونکہ انہیں بدلہ لینے کی آگ بے چین کئے
رکھتی ہے اور ان کے دل میں ہروقت بس ایک ہی بات گھومتی رہتی ہے کہ کسی طرح
اس انسان سے اپنا بدلہ لے لیں۔ اچھی کامیاب زندگی گزارنے کے لئے ضروری ہے
کہ در گزر سے کام لیا جائے۔ کسی نے آپ کے ساتھ کچھ بُرا کیا ہے تو اگر اسی
بات کو آپ ذہن میں رکھ کر آپ خود کے ساتھ بھی زیادتی کرتے ہیں، کیونکہ اس
بات کو سوچ کر مستقل آپ غصے میں رہتے ہیں، آپ کی نیندیں انتقام کی آگ میں
اُڑ جاتی ہیں، دوسرے لفظوں میں آپ کا اپنا ذہنی سکون برباد ہو جاتاہے۔ اس
لئے اپنے سکون کیلئے ہی دوسروں کو معاف کرنا، درگزر کرنا سیکھ لیں تو بہتر
ہوتا ہے۔ |
|
معاف کردینے کے فوائد: |
یاد رکھیں کہ دوسروں کی غلطیوں، کوتاہیوں،
ناانصافیوں کو درگزر کرنے سے آپ کی ذہنی پریشانی اور دباؤ کم ہو جاتاہے ،
دل سے دوسروں کیلئے رنجشیں ختم ہو جاتی ہیں، انسان کو ڈپریشن نہیں ہوتا۔ اس
کی زندگی میں سکون آجاتا ہے۔ لوگوں کے دل میں اس کیلئے جگہ بنتی ہے۔ رشتے
برقرار رہتے ہیں۔ اسلئے زندگی گزارنے کے دوران چھوٹی چھوٹی باتوں پر غصہ
ہونے ، بدلہ اور انتقام لینے کے بجائے معافی و درگزر کرنا سیکھ لیں ۔ |