مجھے اپنی بیوی کی گھر والے پسند نہیں اس لیے میں دوسری شادی کرنا چاہتا ہوں، دوسری شادی کرنے والے مردوں کے کچھ ایسے بہانے جو حیران کردیں

image
 
دوسری شادی کرنا مرد کا حق قرار دیا جاتا ہے جبکہ آئین پاکستان کے مطابق مرد کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ دوسری شادی سے قبل پہلی بیوی کو اعتماد میں ضرور لے- مگر بعض مرد حضرات دوسری شادی کے شوق میں مبتلا ہو کر ایسے ایسے بہانے تراش لیتے ہیں جن کے بارے میں جان کر صرف سر ہی دھنا جا سکتا ہے- آج ہم آپ کو ایسے ہی کچھ بہانوں کے بارے میں بتائیں گے جن کو بنیاد بنا کر مرد حضرات دوسری شادی کر کے بیٹھے ہیں-
 
1: بیوی کے گھر والوں سے نہیں بنتی
ایک صاحب جو اپنی شناخت ظاہر کرنے پر تیار نہیں ان کا یہ کہنا تھا کہ انہوں نے دوسری شادی صرف اپنی ساس کی وجہ سے کی- اس کے بارے میں بیان کرتے ہوئے ان کا یہ کہنا تھا کہ ان کی ساس ہمیشہ ان کی بیوی کو ان کے خلاف بھرتی رہتی تھیں جس کی وجہ سے ان کی ازدواجی زندگی بری طرح متاثر ہوتی تھی- اس وجہ سے انہوں نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ ذہنی سکون کے لیے وہ دوسری شادی ایک ایسی لڑکی سے کریں جس کی ماں اس دنیا میں نہ ہو- اب اگرچہ دوسری شادی انہوں نے کر تو لی ہے مگر ذہنی سکون سے ہنوز محروم ہیں کیوں کہ ان کی دونوں بیویاں آپس میں ہر وقت لڑتی رہتی ہیں-
 
2: کھانا اچھا نہیں بناتی ہے
 ایک پرانی کہاوت ہے کہ مرد کے دل کا راستہ اس کے پیٹ سے ہو کر گزرتا ہے اور جن عورتوں کو اچھا کھانا بنانا نہیں آتا ہے وہ مردوں کے دل پر قبضہ نہیں کر سکتی ہیں- ایسی ہی کہانی ایک صاحب کی تھی جو کہ کھاتے پیتے گھرانے سے تعلق رکھتے تھے اور بہت ہی خوش خوراک تھے مگر ہر روز ان کی بیوی جو بد مزہ کھانا ان کے سامنے پکا کر رکھتی اس نے ان کو اتنا مایوس کیا کہ وہ تنگ آکر ایک باورچی کی بیٹی سے شادی پر مجبور ہو گئے اور اب صبح شام مزے مزے کے کھانے کھاتے ہیں-
 
image
 
3: بہت بولتی ہے
 ایک صاحب اپنی بیوی کے زیادہ بولنے سے بہت پریشان رہتے تھے ان کی بیوی آنکھ کھولتے ہی بولنا شروع کرتی اور جب تک سو نہیں جاتی تھی بولتی رہتی تھی- تنگ آکر ان صاحب نے اپنے آفس کی ایک لڑکی سے معاشقہ چلایا جو کہ بہت نپا تلا بولتی تھی اور اس سے دوسری شادی کر لی- مگر جیسے ہی وہ لڑکی ان کی بیوی بنی اس کی زبان کے تیروں نے انہیں حیران کر دیا اب وہ صاحب دن رات ایک کے بجائے دو دو بیویوں کی سنتے ہیں اور اپنی غلطی پر خود کو کوستے ہیں-
 
4: بچپن سے دوسری شادی کا شوق تھا
دنیا میں ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جنہیں جان بوجھ کر کنوئيں میں گرنے کا شوق ہوتا ہے یہ صاحب بھی ان ہی میں سے ایک تھے جن کو بچپن ہی سے یہ شوق تھا کہ ان کی دو دو بیویاں ہوں جو ان سے پیار کریں ان کا انتظار کریں اور وہ راجہ اندر بن کر ان کے درمیان بیٹھیں- مگر بدقسمتی سے انہوں نے دو شادیاں کر تو لیں مگر ان کی باقی زندگی اپنی ان بیویوں کو مناتے ہوئے گزر رہی ہے جو ان سے بات بے بات روٹھ جاتی ہیں اور وہ ان کی خدمت کرتے رہتے ہیں تاکہ وہ راضی رہیں-
 
image
 
5: بچوں کو سارا ٹائم دے دیتی ہے
بچوں کی پیدائش کے بعد عورت کی ذمہ داری میں اضافہ ہو جاتا ہے وہ بیوی کے ساتھ ساتھ ماں بھی بن جاتی ہے جس کے سبب شوہر کا وقت بھی بچوں کے کھاتے میں چلا جاتا ہے- مگر کچھ عاشق مزاج شوہر اس کو برداشت کرنے پر تیار نہیں ہوتے ہیں اور وہ اس بات پر غصے میں آکر دوسری شادی کر لیتے ہیں مگر جب دوسری بیوی کے ہاں بھی بچے پیدا ہو جاتے ہیں تو تیسری کی تلاش شروع کر دیتے ہیں -
YOU MAY ALSO LIKE: