پاکستان کے شہروں میں لاہور کی حیثیت دل کی سی ہے اس شہر کا پاکستان کا
مرکز کہا جائے تو غلط نہ ہو گا ماضی میں یہ شہر مغل بادشاہوں کا منظور نظر
تھا تو اس دور میں بھی زندہ دلان لاہور نے اس کی اہمیت کو ختم نہیں ہونے
دیا- معاملہ فیشن کا ہو یا لذيذ کھانوں کا ہر معاملے میں یہ شہر اپنی
روایات اور جدیدیت کو زندہ رکھنا جانتا ہے- یہی وجہ ہے کہ اس شہر کے حوالے
سے کہا جاتا ہے کہ جس نے لاہور نہیں دیکھا وہ پیدا ہی نہیں ہوا ۔ لاہور کی
سب سے خاص بات اس کے شہریوں کی کھانے سے محبت ہے یہ لوگ زندہ رہنے کے لیے
نہیں کھاتے بلکہ کھانے کے لیے زںدہ رہتے ہیں اسی وجہ سے ان کے کھانوں میں
لذت کے ساتھ ساتھ ان کی محبت اور جذبات کی چاشنی بھی ہوتی ہے- اس حوالے سے
آج ہم آپ کو لاہور کے کچھ پکوانوں کے بارے میں بتائيں گے جو کہ ویسے تو ملک
کے دوسرے حصوں میں بھی مل سکتے ہیں مگر ان کی اصل لذت سے لطف اندوز ہونے کے
لیۓ لاہور کا سفر کرنا ضروری ہے- |
|
1: لڈو پیٹھی |
یہ لاہور کا ہلکا پھلکا اسٹریٹ فوڈ ہے جس میں چںے کی دال کے بنے ہوئے لڈو
کو مختلف کھٹی میٹھی چٹنیوں کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے- اس کے علاوہ اس کے
ساتھ کدو کش کی ہوئی مولی اور گاجر بھی پیش کی جاتی ہے اپنے کھٹے میٹھے
ذائقے کے سبب اس کا نام سامنے آتے ہی اس کو کھانے والوں کے منہ میں پانی
آجاتا ہے- لاہور کے بہترین ترین لڈو پیٹھی نیلا گنبد اور عابد مارکیٹ کے
مقام پر دستیاب ہوتے ہیں ۔ اس کو کھانے والے یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ اس کو
ایک بار کھانا شروع کرنے کے بعد ہاتھ روکنا نا ممکن ہوتا ہے- |
|
|
2: ہریسہ |
ویسے تو یہ ہریسہ عربوں کی ڈش کہلائی جاتی ہے اس کو حلیم
کی سوتیلی بہن بھی کہا جاتا ہے مگر لاہوریوں نے اس کو پکانے میں جو کمال
حاصل کیا ہے وہ ان ہی کا خاصہ ہے- یہ گوشت ، گندم گھی اور مصالحہ جات کے
امتزاج سے بنائی جانے والی ایک ایسی ڈش ہے جس کی تیاری کے لیے سخت محنت کی
ضرورت ہوتی ہے- لاہور میں لذيذ ترین ہریسہ کھانے کے لیے لکشمی چوک پر موجود
امرتسری کی دکان پر جایا جا سکتا ہے - |
|
|
3: بٹ کڑاہی |
ویسے تو کڑاہی پاکستان کے ہر حصے میں بنائی جاتی ہے مگر
لاہور کی بٹ کڑاہی لذت کے میدان میں تمام کڑاہیوں کی ملکہ قرار دی جا سکتی
ہے- یہ کڑاہی دیسی مرغے کی ہو یا مٹن کی اس کے مصالحوں کی اشتہا انگیز
خوشبو اور تیاری کے بعد اس کے اوپر ہرے مصالحے اور لیموں کا چھڑکاؤ اس کی
لذت کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے- اس کڑاہی سے لطف اندوز ہونے کے لیے آپ کو
لکشمی چوک جانا پڑے گا جہاں پر گرم گرم نان کے ساتھ اس کا ذائقہ آپ کے منہ
پر برسوں تک رہ سکتا ہے- |
|
|
4: سجی |
اگرچہ یہ ڈش بھی بلوچستان کی ہے جہاں اس کو بکرے کی ران
کی صورت میں بنایا جاتا ہے مگر لاہوریوں نے اس کا آغاز چکن میں بھی بنا کر
کیا جہاں چکن کو صرف نمک لگا کر ہلکی آنچ میں پکایا جاتا ہے اور تیاری کے
بعد اس کے اوپر مزيدار چاٹ مصالحے کی پھوار کر دی جاتی ہے- چکن کا نرم اور
رسیلا گوشت اس مصالحے کو اپنے اندر تک جذب کر لیتا ہے اور اس کے اوپر لیموں
کا رس ایک علیحدہ بہار دکھاتا ہے- قزافی اسٹیڈيم کے گرد ونواح میں موجود
سجی کی دکانیں وہاں گزرنے والے لوگوں کو اپنی جانب بلاتی نظر آتی ہیں- |
|
|
5: حلوہ پوری |
لاہور کا ذکر اس کے صبح کے ناشتے کے ذکر کے بغیر ادھورا
لگتا ہے ناشتے کے معاملے میں لاہوری جتنا اہتمام کرتے ہیں وہ کسی اور قوم
میں نظر نہیں آتا ہے- لاہوری حلوہ پوری کھانے کے لیے آپ کو پرانا لاہور کا
رخ کرنا پڑے گا جو لاہور قلعہ کے قریب کا علاقہ ہے جہاں دیسی گھی میں تلی
جانے والی پوریاں اور مزیدار گرما گرم حلوہ اور اس کے ساتھ چھولوں اور آلو
کی ترکاری ایک سماں باندھ دیتی ہے اس کے ساتھ دیا جانے والا اچار آپ کی
اشتہا میں مزيد اضافہ کر سکتا ہے- |
|
|
یہ تمام چیزیں لاہور کی کھانے پینے کی چیزوں کی صرف ایک
جھلک ہے لاہور جانے والوں کے لیے لاہور اس کے علاوہ بھی بہت ساری سوغاتیں
لیے حاضر ہے تبھی تو کہا جاتا ہے کہ جس نے لاہور نہیں دیکھا اصل میں وہ
پیدا ہی نہیں ہوا- |