|
|
پاکستان کا شمار تیسری دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے
جہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے غریب غریب تر ہوتا جا رہا ہے جب کہ امیر افراد
نت نئے طریقوں سے امیر ہوتے جا رہے ہیں ۔غیر قانونی دولت کے حوالے سے ہونے
والی تحقیقات کے بڑھتے ہوئے دائرے نے ان امیروں کو اپنی غیر قانونی دولت کو
قانونی بنانے کی دوڑ میں مبتلا کر دیا ہے جس کا آسان ترین حل یہ ہے کہ
مختلف بے نامی اکاؤنٹوں میں ان رقوم کو بنک کے افسران کی مدد سے منتقل کر
دیا گیا جس کو حالات بہتر ہونے کے بعد دوبارہ سے اپنے اکاونٹ میں ٹرانسفر
کر لیا جاتا ہے ایسے اکاؤنٹس کو بے نامی اکاؤنٹس کا نام دیا گیا- |
|
جب اس حوالے سے نیب نے ایسے اکاؤنٹس کی تحقیق کی تو پتہ
چلا کہ ان میں سے بہت سارے اکاؤنٹ ایسے غریب افراد کے نام تھے جو کہ اپنے
نام پر ہونے والی ان رقوم کے تبادلے سے قطعی لاعلم تھے- ایسے ہی ایک انسان
ٹھٹھہ کے ایک اسکول ٹیچر فہیم احمد بھی تھے جن کے گھر پر جب نیب کی جانب سے
ایک نوٹس آیا جس میں ان کو بتایا گیا کہ ان کے اکاؤنٹ میں سے بے نامی
اکاونٹ کے ذریعے کروڑوں کی ٹرانزیکشن کی گئی ہے- |
|
ایک غریب آدمی کے اوپر یہ خبر آسمان ٹوٹنے کے برابر تھی
جس کو ان کا کمزور دل برداشت نہ کر سکا اور نوٹس وصول کرتے ہی دل کا دورہ
پڑنے سے ان کا انتقال ہو گیا- مگر فہیم احمد کا مرنا اس کہانی کا ایک پہلو
تھا اس کہانی کا سب سے افسوسناک پہلو یہ تھا کہ فہیم احمد تین معذور بچوں
کا باپ تھا مگر باپ کے مرنے کے بعد یہ بچے بے چارے نہ صرف یتیم ہو گئے بلکہ
بے آسرا بھی ہو گئے- |
|
|
|
ان کی دیکھ بھال کے لیے ان کا چچا موجود بھی تھا جو کہ
ایک پرائیویٹ کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ کام کر رہا تھا لیکن ان الزامات
کے بعد اس کو بھی نوکری سے برخواست کر دیا گیا جس کے سبب یہ گھرانہ فاقہ
کشی کا شکار ہو گیا- |
|
حالیہ دنوں میں اس خاندان کی ایک ویڈیو سوشل میڈيا پر
تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں انہوں نے وزير اعظم عمران خان سے یہ مطالبہ
کیا ہے کہ وہ تحقیقی اداروں کو یہ احکام جاری کریں کہ فہیم احمد کے اکاؤنٹ
سے کس نے اتنی بڑی رقم کی ٹرانزيکشن کی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ان کو انصاف
دلوایا جائے اور ان کے والد کی اس بے وقت موت کا بدلہ ان کو دلوایا جائے- |
|
مرحوم کی بیوہ رو رو کر یہ بتا رہی ہیں کہ وہ نہیں جانتی
ہیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں اس رقم کا کس نے ٹرانزيکشن کیا ہے وہ بہت غریب ہیں
ان کے شوہر بے گناہ تھے اور ان کا یہی مطالبہ ہے کہ ہمیں انصاف دلوایا
جائے- |
|
|
|
یہ کہانی درحقیقت ہم سب کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے جو کہ یہ خبریں سن
لیتے ہیں کہ فلاں کے اکاؤنٹ سے اتنی رقم برآمد ہوئی یا فلاں کے اکاؤنٹ سے
اتنی ٹرانزيکشن ہوئی لیکن اس کے بعد اس خاندان والوں کے ساتھ کیا ہوتا ہے
یہ جاننے کی زحمت کوئی نہیں کرتا ہے- |