جانوروں سے محبت کرنے والا کراچی کا ایک خاموش ہیرو

image
 
کیا کبھی آپ نے کسی سڑک چھاپ کتے کے لئے نرم گرم بستر کا اہتمام ہوتے ہوئے دیکھا ہے؟ اگر نہیں تو یہ انوکھا منظر کراچی کے ہل پارک میں ملاحظہ کر سکتے ہیں جہاں کچھ نیک دل لوگوں نے نرم دلی کی مثال قائم کرتے ہوئے سڑکوں کے آوارہ دھتکارے ہوئے کتوں کے لئے نرم گرم بستر لگا دئیے ہیں۔
 
ایک مقامی شخص مفتی فیصل جاپان والا صاحب اکثر اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر اردگرد کے ماحول کو بہتر بنانے والی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہیں ۔ فیصل جاپان والا اور ان کے دو ساتھی حسین اور جواد اشرف کے علاوہ پندرہ بیس افراد پر قائم ایک پوری ٹیم ہے جو ماحول کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں۔
 
ان کی این جی او کا نام نیشنل انوائرنمینٹ ورکرز ہے جس میں شامل اراکین ذاتی خرچے سے شجر کاری، غریب بچوں کو مفت تعلیم، پرندوں اور جانوروں کو کھانا کھلانے جیسا خوبصورت عمل کسی داد و تحسین کی لالچ کے بغیر جاری رکھے ہوئے ہیں۔
 
 
مفتی فیصل جاپان والا کے ساتھی حسین اور جواد اشرف کا ایک ویڈیو میں کہنا ہے کہ یہ گدّے انھوں نے سڑک پر گھومتے کتوں کو ٹھنڈ سے بچانے کے لئے لگائے ہیں اور گرمی میں بھی وہ کتوں کے لئے مختلف قسم کے گدے تیار کنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
 
 ان کا کہنا تھا کہ عام لوگ سمجھتے ہیں کہ ہر کتا خطرناک ہے اور اس کے کاٹنے سے ریبیز کی بیماری ہوجائے گی جب کہ تمام کتے خطرناک نہیں ہوتے اور اداروں کو کتوں کی نسل کشی کرنے کے بجائے ان کی بڑھتی آبادی کو روکنے کا کوئی دوسرا طریقہ سوچنا چاہئیے جس طرح باقی دنیا میں ہوتا ہے۔
 
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انسان کو اس بات کا علم ہونا چاہیے کہ وہ کیا کر رہا ہے۔ کسی جانور کو نا پسند کر کے دور بھگانا ایک الگ بات ہوتی ہے اور جان سے مارنا الگ۔ کسی بھی جاندار کو قتل کرنے سے آپ قاتل بن جاتے ہو۔
 
image
 
ان کی اس بات پر مفتی فیصل جاپان والا نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ مذہب میں کتا رکھنے کی ممانعت ہے یا یہ بات مشہور ہے کہ جہاں کتے ہوں وہاں فرشتے نہیں آتے تو کیا جہاں کتے ہوں وہاں روح قبض کرنے والا فرشتہ نہیں آتا؟ انہوں نے قرآن مجید کی سورہ کہف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دو بار کتوں کا زکر کیا ہے اور کہیں بھی جان سے مارنے کا حکم نہیں دیا گیا۔
 
اس کے علاوہ بھی مفتی فیصل جاپان والا لوگوں میں شجر کاری اور جانوروں سے نرمی کا برتاؤ کرنے کا شعور اجاگر کرتے رہتے ہیں ۔ مفتی فیصل جاپان والا اور ان کے ساتھی عوام سے بھی صلح رحمی کی اپیل کرتے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ اگر حکومت کچھ نہیں کرتی تو کم سے کم ہمیں اپنے حصے کی شمع جلاتے ہوئے ارد گرد کے جانوروں کے ساتھ نرمی کا برتاؤ کرنا چاہیے کیونکہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں یہی ترغیب دیتا ہے۔ ہمیں ایسے نیک، عظیم اور خوبصورت خیالات والے لوگوں کی کاوشوں کو سراہنا چاہئیے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
YOU MAY ALSO LIKE: