گاڑیاں بھر کے جہیز تو دے دیا لیکن اگر یہ 6 چیزیں بیٹی کو نہیں دیں تو اس کے گھر بسنے کی ضمانت نہیں

image
 
بہن میں نے کمیٹیاں ڈال ڈال کر اپنا پیٹ کاٹ کر اتنا سامان جہیز میں دے دیا ہے کہ میری بیٹی اپنے گھر میں راج کرے گی ۔ یہ جملہ اکثر ہمارے کانوں سے گزرا ہوگا ۔ اگرچہ لوگ اس بات کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں کہ لڑکے جہیز مانگتے نظر آتے ہیں۔ مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ لڑکی والے بھی جہیز کو اپنی بیٹی کے بسنے کی ضمانت سمجھتے ہیں۔ مگر یاد رکھیں کہ صرف جہیز کبھی بھی بیٹی کے بسنے کی ضمانت نہیں ہو سکتے ہیں بلکہ اپنی بیٹی کو سسرال میں بسانے کے لیے کچھ اور بھی چیزیں درکار ہوتی ہیں جن کے بارے میں آج ہم آپ کو بتائیں گے-
 
1: شوہر مجازی خدا ہوتا ہے
اپنا کھانا خود گرم کرو جیسے سلوگن نے آج کل کی لڑکیوں میں مردوں کے ساتھ برابری کی ایک ہوا بھر دی ہے۔ جس وجہ سے بیوی شوہر کو کسی بھی قسم کی برتری دینے کو تیار نہیں ہوتی ہے۔ جب کہ مذہبی ، معاشرتی طور پر مردوں کو شوہر کی حیثیت سے کچھ معاملوں میں فوقیت حاصل ہے۔ درحقیقت عورت جب مرد کو گھر کا سربراہ تسلیم کر لیتی ہے تو اس سے اس کی ذمہ داریوں میں قدرتی طور پر کمی واقع ہو جاتی لیکن جو عورتیں ایسا نہیں کرتی ہیں وہ گھر میں ایک مقابلے کی فضا قائم کر دیتی ہیں اور یاد رکھیں جہاں مقابلہ ہوتا ہے وہیں ذہنی تناؤ ہوتا ہے اور تناؤ کی حالت میں کسی بھی گھر کا ماحول خوشگوار نہیں ہو سکتا ہے ۔ اس وجہ سے والدین جہاں اپنی بیٹی کو جہیز دینا لازمی سمجھتے ہیں وہیں انہیں اس بات کی تعلیم بھی جہیز کی صورت میں لازمی دینی چاہیے کہ بیٹی کو شوہر کی عزت کرنے کا بھی درس دیں ۔ کیوں کہ جب آپ عزت دیتے ہیں تبھی جواب میں عزت اور محبت ملتی ہے-
 
2: ساس صرف ساس نہیں ماں بھی ہو سکتی ہے
ساس کا رشتہ ایک ہمہ رنگ رشتہ ہوتا ہے۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اپنی بیٹی کو اس رشتے کے کس رنگ سے روشناس کرواتے ہیں۔ اگر آپ نے اپنی بیٹی کے اندر اس کی ساس کے حوالے سے زہر بھرا ہوگا تو پھر آپ کیسے امید کر سکتے ہیں کہ آپ کی بیٹی سسرال جا کر ان رشتوں کا احترام کرے گی۔ اور جو بویا جائے گا وہی تو کاٹا جائے گا اس وجہ سے جیسا رویہ آپ کی بیٹی کا اپنے سسرالی رشتوں سے ہو گا اس کے سسرال والے بھی اس کے ساتھ ویسا ہی برتاؤ کریں گے-
 
image
 
3: نئے ماحول میں رچنے کی صلاحیت
میری بیٹی تو کسی کی بات برداشت نہیں کر سکتی ہے یہ باتیں شادی سے پہلے جن لڑکیوں کی گھٹی میں ڈل جاتی ہیں ان کے لیے سسرال میں بسنا بہت دشوار ہو جاتا ہے۔ اللہ نے عورت کے خمیر میں بہت لچک رکھی ہے اس لیے اپنی بیٹی کی تربیت میں اس بات کا خاص طور پر خیال رکھیں کہ وہ ہر قسم کے حالات میں ڈھلنا جانتی ہو کیوں کہ سسرال میں بسنے کے لیے ضروری ہے کہ لڑکی وہاں کے طور طریقے اپنا سکے ۔ اور اس گھر میں اپنی جگہ بنا سکے-
 
4: غرور سے پرہیز
میرے جہیز کا سامان بہت قیمتی ہے، میرے کپڑے برانڈڈ ہیں اور میرا میکہ بہت اعلیٰ و ارفع ہے یہ سب باتیں ایسی ہیں جو کہ کسی بھی لڑکی کو سسرال میں بسنے نہیں دیتی ہیں۔ اگر لڑکی میکے کی چیزوں پر غرور کرتی رہے گی تو اس کی زبان سے کبھی بھی سسرال کی تعریف نہیں نکل سکے گی۔ اور ایسے حالات میں سسرال والوں کے ساتھ اس کا نبھنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جائے گا- اس وجہ سے جہیز کا سامان اگر آپ نے گھر بھر کر دے بھی دیا ہے تب بھی اپنی بیٹی کو دنیاوی چیزوں پر غرور کرنے کے بجائے عاجزی اور محبت کا درس دیں اور اس کو یہ سبق ضرور دیں کہ دوسروں کی بھی تعریف کر سکے-
 
5: زبان کی دھار
پرانی کہاوت ہے کہ یہ زبان انسان کو تخت پر بھی بٹھاتی ہے اور یہی زبان انسان کو تختے پر بھی چڑھا سکتی ہے ۔ دو میٹھے بول کسی کے دل میں جگہ بنانے کے لیے کافی ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے جس طرح بیٹیوں کی مائیں بیٹی کے پیدا ہونے کے ساتھ اس کے لیے جہیز جمع کرنا شروع کر دیتی ہے اسی طرح اس کو چاہیے کہ اپنی بیٹی کی زبان کی تربیت کا بھی اہتمام کرۓ ۔ تاریخ شاہد ہے کہ اکثر گھر صرف اور صرف لڑکیوں کی زبان کی تیزی کی وجہ سے خراب ہوتے ہیں ۔ اگر لڑکی کو اس بات کی تربیت مل جائے کہ بات چیت کس طرح کرنی ہے تو یہ اس کے بسنے میں بہت معاون ثابت ہو سکتے ہیں-
 
image
 
6: شوہر کے پیسے پر دل دکھانا
عام طور پر لڑکیوں کو گھروں میں یہی سبق دیا جاتا ہے کہ جو بھی عیاشی کرنی ہے شوہر کے پیسے پر کرنا، یہ سبق والدین بچوں کو کچی عمر سے دینا شروع کر دیتے ہیں نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جب لڑکیوں کی شادی ہوتی ہے تو ان کو یہی لگتا ہے کہ وہ تمام خواہشیں جو ان کی میکے میں نا تمام رہ گئی ہیں وہ شوہر کی کمائی سے پوری کی جا سکتی ہیں جس کے نتیجے میں وہ شوہر کے پیسے پر اسراف کرتی ہیں ۔ جس وجہ سے میاں بیوی کے تعلقات میں دراڑ پڑتی ہے اور مسائل ہوتے ہیں۔ اس وجہ سے بیٹیوں کو پیسے بچانے کا درس دیں اور اس کو یہ بتائيں کہ جس طرح باپ کی کمائی کو ضائع نہیں کیا جا سکتا ہے اسی طرح شوہر کی کمائی کا بھی خیال رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے
YOU MAY ALSO LIKE: