لوگ دکان پر بیٹھے ٹیلر سے ہمارا مقابلہ کرتے ہیں تو دکھ ہوتا ہے۔۔۔ ایک گھریلو خاتون ٹیلر گھر چلانے کے مشکل سفر کی کہانی

image
 
کہتے ہیں رمضان اور عید کے موقعوں پر ٹیلرز اور درزیوں کے نخرے ساتویں آسمان پر ہوتے ہیں۔ کیونکہ جتنی کمائی اس ایک مہینے میں ہوجاتی ہے اتنی تو سارے سال میں نہیں ہوتی۔ دوسرے ان مواقعوں پر گاہک درزی سے پیسے کم بھی نہیں کرواسکتے اگر انھیں وقت پر کپڑے چاہئیں تو انھیں درزیوں کے تمام نخرے تو ماننے ہی پڑیں گے۔ لیکن گھریلو درزنیں جن کی رسائی باہر دکانوں تک نہیں ہوتی بلکہ وہ گھر میں ہی اپنے روزانہ کے امور کے ساتھ سلائی کا کام بھی کرتی ہیں کیا انھیں بھی عید اور رمضان پر مالی فوائد حاصل ہوتے ہیں یا ان کو گاہک فرمائش اور پیسوں کے لئے تنگ کرتے ہیں۔ اس کے لئے ہم نے ایک ایسی ہی درزن سے انٹرویو کیا جو گھر میں سلائی کا کام کرکے گزر بسر کرتی ہیں۔
 
میں چھ سال سے یہ کام کررہی ہوں ۔۔۔
اسماء ایک شادی شدہ خاتون اور دو بچوں کی والدہ ہیں۔ ان کی رہائش نارتھ ناظم آباد میں ہے۔ اپنے کام کے بارے میں بتاتے ہوئے اسماء کہتی ہیں کہ “میرے شوہر ایک پرائیوٹ کمپنی میں جاب کرتے ہیں۔ اس دور میں ایک ہی شخص کی کمائی سے گزر بسر ہو تو جاتی ہے لیکن بچوں کی اچھی تعلیم کے لئے کبھی کبھی ماں اور باپ دونوں کو مل کر کام کرنا پڑتا ہے۔ میں چھ سال سے یہ کام کررہی ہوں اور اب آس پاس کے لوگ مجھ سے ہی سلائی کروانا پسند کرتے ہیں“
 
image
 
لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے تو کام متاثر ہوتا ہے ۔۔۔
اسماء اپنے روزانہ سیے جانے والے جوڑوں کی تعداد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ “میں دن میں روزانہ 2 جوڑے سی لیتی ہوں اور سادے جوڑے کی سلائی 400 لیتی ہوں۔ آج کل ہمارے علاقے میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال بہتر ہے لیکن جب ایسا ہو تو کام متاثر ہوتا ہے۔ گاہک ہماری صورتحال سے واقف تو ہیں لیکن وہ بھی برا مانتے ہیں جس سے ہماری پریشانی بڑھ جاتی ہے“
 
میرے گھر والے تو تعاون کرتے ہیں لیکن ۔۔۔
سلائی کے کام میں بچت کے حوالے سے اسماء نے بتایا کہ “اتنی بچت ہوجاتی ہے کہ انسان عزت سے زندگی گزار سکتا ہے۔ میرے شوہر اور گھر والے تو میرے ساتھ تعاون کرتے ہیں لیکن کسٹمرز کبھی کبھی بہت پریشان کرتے ہیں جس سے افسوس ہوتا ہے“
 
ریڈی میڈ کپڑے سینے والے ٹیلرز بمقابلہ گھریلو درزن
اس بارے میں اسماء نے بتایا کہ “آج کل ریڈی میڈ کا دور ہے۔ لوگ مہنگا ریڈی میڈ تو خرید لیتے ہیں لیکن وہی چیز جب ہم کم داموں میں سی کر دیتے ہیں تو کہتے ہیں کہ آپ نے ڈیزائن صحیح نہیں بنایا یا درزی، درزنوں سے بہتر سلائی کرتے ہیں جب کہ ایسا حقیقت میں نہیں ہوتا ہم بھی اتنی ہی محنت کرتے ہیں جتنا دکان میں بیٹھا ٹیلر“
image
YOU MAY ALSO LIKE: