|
|
ایک پرانی کہاوت ہے کہ ایک ماں تنہا دس بچوں کو پال سکتی
ہے مگر دس بچے مل کر ایک بوڑھی ماں کو نہیں رکھ سکتے ہیں۔ ماں کے قدموں تلے
جنت ہوتی ہے۔ انسان اگر اپنی بوڑھی ماں کی خدمت کر لے تو ماں کی دعاؤں سے
نہ صرف اپنی دنیا سنوار سکتا ہے بلکہ اپنی آخرت بھی بہتر بنا سکتا ہے- |
|
مگر کچھ بدقسمت اولادیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو کہ اپنے
بوڑھے والدین کو بوجھ سمجھ بیٹھتی ہیں اور اپنی جنت کو خود ٹھکرا دیتی ہیں-
ایسے لوگوں کی یہ سوچ ہوتی ہے کہ ان کے والدین دنیا میں ان کی ترقی کی
رفتار کا ساتھ نہیں دے سکتے اور اس وجہ سے ان سے جان چھڑا لینا ہی بہتر
ہوتا ہے- |
|
ایسا ہی ایک واقعہ ایک ویڈیو کی صورت میں سوشل میڈیا کی
زینت بنا جس نے دیکھنے والوں کو دہلا کر رکھ دیا۔ ویڈیو کسی اجنبی انسان نے
بنائی تھی جس میں لاہور میں داتا دربار میں ایک بوڑھی عورت بلک بلک کر رو
رہی تھی۔ |
|
|
|
اس کے آنسو صاف کرنے والا کوئی نہیں تھا ۔ ویڈیو بنانے
والے کے مطابق اس عورت کو کوئی داتا دربار چھوڑ کر چلا گیا ہے۔ وہ عورت
فالج کی مریض تھی جس کی وجہ سے اس کی زبان کام نہیں کر رہی تھی۔ وہ
عورت یہ بتانے سے قاصر تھی کہ اس کو یہاں چھوڑ کر کون گیا ہے مگر اس کی بے
زبانی اور اس کے آنسو یہ بتا رہے تھے کہ وہ یہاں داتا دربار میں چھوڑے جانے
پر بہت دکھی ہے اور واپس اپنے گھر جانا چاہتی ہے مگر اس کی زبان وہ الفاظ
ادا کرنے سے قاصر ہے- |
|
ویڈیو بنانے والے نے اس ویڈيو کے ذریعے یہ اپیل کی ہے کہ
اس عورت کو پہچان کر اس کو اس کے وارثوں تک پہنچا دیں تاکہ وہ اپنی آخری
عمر اپنے پیاروں کے ساتھ گزار سکے- |
|
یہ ویڈیو ان تمام افراد کے دل دہلا دینے کے لیے کافی ہے
جو اس حقیقت کو محسوس کر سکتے ہیں کہ اس عورت نے دنیا بھر کی تکالیف کا
سامنا کرنےکے بعد اپنے بچوں کو جنم دیا ہوگا ان کو پروان چڑھایا ہوگا- مگر
اب جب اس عورت کو فالج نے کمزور کر دیا تو وہ اپنے بچوں کے لیے بوجھ بن گئی
اور بچے اس عورت کی خدمت کرنے کے بجائے اس عورت کو بوجھ سمجھ کر داتا دربار
میں چھوڑ کر چلے گئے تاکہ اس کو وہاں پر دو وقت کی روٹی مل سکے- |
|
اگر اس عورت کے متعلق کسی بھی فرد کو کچھ پتہ ہو تو براہ مہربانی اس کے
لواحقین سے رابطہ کر کے اس کو اس کے وارثوں تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا
کریں یا پھر اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ شئیر کریں |