منشیات کے خلاف سخت آپریشن کی ضرورت

 ملیر ایس ایس پی عرفان بہادرنے چھاپہ مار کارروائی میں کراچی میں میاں بیوی سمیت چار افراد کو حشیش ، ہیرؤن سمیت دیگر منشیات سپلائی کرنے والوں کو گزشتہ روز حراست میں لیا۔ اس سے پہلے ایک خاندان کے چھ لوگ منشیات کا دھندا کرنے پر دھر لئے گئے۔اس طرح کی خبریں آئے روز آ رہی ہیں۔کے پی کے میں آئس ڈرگ کے استعمال پر سات سال سزا اور تین لاکھ روپے جرمانہ جب کہ اس کی سمگلنگ پر عمر قید اور 14لاکھ روپے جرمانہ کا قانون ہے۔منشیات کے خلاف قانون سازی اور اس پر سختی سے عمل در آمد نوجوان نسل کو تباہی اور ملک کو عالمی سطح پر بدنامی سے بچا سکتا ہے۔ پاکستان سے سعودی عرب منشیات سمگل کرنے پر کئی پاکستانی جوڑوں کے سر قلم کیا گیا۔چند برسوں میں سعودیہ میں 100پاکستانیوں کے سر قلم کئے جا چکے ہیں۔ سعودیہ میں اس وقت بھی سوا تین ہزار سے زیادہ پاکستانی مختلف الزامات کے تحت قید ہیں۔ منشیات کی سمگلنگ یا استعمال پر وہاں سزائے موت دی جاتی ہے۔ مگر یہاں سزائیں نرم ہیں۔ انسداد منشیات کے ادارے انٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) کے مطابق پاکستان کے 70لاکھ افراد منشیات کی لت میں مبتلا ہیں۔ جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ان میں 40لاکھ بھنگ اور 25لاکھ اافیون کے شکار ہیں۔ دنیا بھر میں روزانہ 685لوگ منشیات اور 49دہشتگردی سے ہلاک ہو رہے ہیں۔ منشیات کی وباء جس تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے، اُس نے سماج کے سبھی طبقوں کو ہلا کے رکھ دیا ہے۔ منشیات سمگل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے باوجود یہ وبا پھیل رہی ہے۔ جس نے تعلیمی اداروں کو اپنا ٹارگٹ بنایا ہے۔جہاں شیشہ اور آئیس اور دیگر منشیات جدید ناموں اور طریقوں سے استعمال ہوتی ہیں۔ نوجوان نسل کی سائنس ، ٹیکنالوجی اور علم و ادب کی دنیا میں نام کمانے کے بجائے یوں منشیات کے ہاتھوں ذہنی تباہی سے کسی بھی سنجیدہ فکر اور دردمند شہری کی نیندیں حرام ہو جاتی ہیں۔ سماج میں خواتین کا سماج سازی میں کلیدی رول رہا ہے اور اگر صنف نازک منشیات کے استعمال میں مبتلاء ہوجائے تو لازمی طور پر آئندہ برسوں میں ایک ایسے سماج کی تشکیل یقینی ہے جو نوع انسانی کیلئے بے بیان مشکلات اور مصائب کا سبب بن سکتا ہے۔ دیکھنے میں آیا ہے دنیا بھر میں نوجوان کسی خاص وجہ سے کسی نہ کسی مرحلہ پر منشیات میں مبتلاء ہو جاتے ہیں۔ اگرچہقانون نافذ کرنے والے ادروں کی جانب سے منشیات سمگلروں کو پکڑے جانے کی خبریں موصول ہوتی رہتی ہیں لیکن انفرادی گرفتاریوں کے باوجود منشیات کی زنجیر میں منسلک افراد پر ہاتھ نہیں ڈالا جاتا۔ المیہ تو یہ ہے کہ تعلیمی اداروں سے باہر بھی لوگ اس وباء کی لپیٹ میں آجاتے ہیں۔گو کہ ادارے منشیات مخالف مہم میں سرگرم رہتے ہیں تاہم زمینی صورتحال یہ ہے کہ اسلام آباد سمیت بڑے شہر منشیات کے خریدو فروخت کی پسندیدہ جگہ بن رہے ہیں۔

اسلام آباد ائر پورٹ سے گزشتہ برس ایک پاکستانی نژاد برطانوی خاتون کو حراست میں لیا گیا۔جس کے قبضے سے 13کلو ہیروئین برآمد ہوئی۔ اس کی مالیت 13کروڑ روپے بتائی گئی۔ خاتون نے اعتراف کیا کہ وہ براستہ دوحہ قطر ، ویانا جا رہی تھی۔ کہا جاتا ہے خاتون کسی بڑے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔ لاہور ہائی کورٹ نے ایک چیکسلواکیہ کی خاتون کو سزا سنائی جو پاکستان سے ابو ظہبی ہیروئین سمگل کرنا چاہتی تھی۔ یہ خاتون پاکستان میں ماڈل کے طور پر کام کرنے آئی تھی۔ کچھ عرصہ پہلے اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی میں زیر تعلیم ایک غیر ملکی طالب علم کو ائر پورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے قبضے سے کوکین برآمد کی گئی۔ جہاں تک آزاد کشمیر کا تعلق ہے تو یہ بات بلا خوف تردید کہی جاسکتی ہے کہ چند برس قبل تک کشمیری سماج منشیات سے مکمل طور ناآشنا تھا بلکہ یہاں تمباکو کو چھوڑ کر دیگر انواع کے نشوں کے بارے میں سوچنا اور بات کرنا بھی گناہ تصور کیاجاتا تھا تاہم اب وہ صورتحال نہیں رہی ہے۔چینیوں کو تودہائیوں قبل اس لت سے نجات مل گئی تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر اس دلدل میں پھنستے ہی جارہا ہے اور یہاں ہرگزرنے والے سال کے ساتھ ساتھ نہ صرف منشیات کا کاروبار فروغ پارہا ہے بلکہ منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں تیزی کیساتھ اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔

ماہرین نفسیات کے مطابق16 سے 30برس کے درمیانی عمروں کے لوگ اس خباثت کی طرف زیادہ آسانی سے راغب ہوتے ہیں جبکہ منشیات کے استعمال پر ماہانہ فی کس ہزاروں روپے خرچ ہوتے ہیں۔ یہ پیسہ کہاں سے آتا ہے؟ظاہر ہے انہیں غیر قانونی سرگرمیوں میں مبتلا ہونا پڑتا ہے۔1980 سے پہلے ہیروئن اور دوسری سخت نشہ آو ر چیزیں افغانستان سے آ یا کرتی تھیں، لیکن اب ہیروئن اور اس سے وابستہ اشیاء کی اسمگلنگ کا بین الاقوامی ٹرانزٹ پوائنٹ بن رہا ہے۔ منشیات کی وباء طوفان کی رفتار سے بڑھ رہی ہے اور تشویشناک امر یہ ہے کہ چھوٹے بچے اور نوجوان اس کا شکار ہورہے ہیں۔بلکہ یہاں پوست کاشت بھی ہو رہی ہے۔ کے پی کے، سندھ اور بلوچستان کے ہزاروں ایکڑ رقبہ پر پوست کاشت ہوتی ہے۔ اے این ایف کے مطابق اس نے صرف ایک سال میں 3177ایکٹر رقبے پر کاشت پوست کو تباہ کیا تھا۔بھنگ، پوست اور ایسی دوسری نشہ آور منشیات کو خریدنا اور فروخت کرنا بھی قانون کے تحت جرم ہے۔ حق گوئی سے کام لیاجائے تو حکومتی سطح پر صرف کاغذی گھوڑے دوڑائے جارہے ہیں جبکہ عملی سطح پر بہت کم کام ہورہا ہے،جس کے نتیجہ میں ہماری نوجوان نسل اس دلدل میں پھنستی ہی چلی جارہی ہے اور اگر یہی رجحان جاری رہا تو اس سماج کے مستقبل کے بارے میں کچھ وثوق کے ساتھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔اگر افیم زدہ چینی قوم،جو جاپانی راج کے زیر تسلط اس میں غرق ہوگئی تھی،اس خجالت سے نجات پاسکتی ہے توماضی قریب تک اس لعنت سے نامانوس یہ قوم کیوں نشے کے سمندر میں غرق ہوتی جارہی ہے۔یہ ایک ایسا سوال ہے جس کا ارباب حل و عقد اور اہل دانش اور سماجی حلقوں کو جواب دینا پڑے گا،وگرنہ یہی کہاجائے گا کہ ارباب اختیار، سیاستدان اور سماجی رہنما اس سماج کی بربادی کا تماشا دیکھنے پر تلے ہوئے ہیں،جو کسی صدمہ عظیم سے کم نہ ہوگا۔ حکومت اس وباء کیخلاف موثر اور منصوبہ بند پالیسی کے ذریعہ عوام کو اس مصیبت سے نجات دلاسکتی ہے۔ نئی ڈرگ پالیسی کے تحت ٹریننگ مراکز کے قیام سے متاثرین کی بحالی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔ جب کہ منشیات سے متعلق آگاہی، کونسلنگ بھی کار آمد ثابت ہو گی۔ منشیات نسلوں کی نسلیں تباہ کر دیتی ہیں۔ اس لئے سعودی عرب کی طرز پر منشیات سمگلنگ اور استعمال پر سخت سے سخت سزا کا قانون نافذکیا جائے تو مناسب ہو گا۔

 

Ghulamullah Kyani
About the Author: Ghulamullah Kyani Read More Articles by Ghulamullah Kyani: 710 Articles with 555315 views Simple and Clear, Friendly, Love humanity....Helpful...Trying to become a responsible citizen..... View More