میں نے کسی سے بہت زیادہ پیار کیا مگر اس نے۔۔۔۔۔۔ ایک اور جیتی جاگتی نور مقدم جس نے خود کو سڑکوں پر رول دیا

image
 
نور مقدم قتل کیس نے پاکستان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اس قتل نے اشرافیہ کے طرز زندگی پر سوال اٹھا دیے امیر گھرانوں کے وہ بچے جو اعلی ترین ڈگریاں تو حاصل کر لیتے ہیں مگر اس کے ساتھ تفریح کے نام پر مختلف قسم کے نشوں کا شکار ہو کر شدید نفسیاتی اور طبی مسائل کا شکار ہورہے ہیں- جس کی وجہ سے وہ بہت سارے ایسے افعال انجام دے رہے ہیں جن کا نتیجہ نور مقدم کے قتل اور ظاہر جعفر کی بربریت کی صورت میں سامنے آرہے ہیں-
 
ایسی ہی ایک اور لڑکی زینب بھی ہے تیس سالہ زینب کا تعلق بقول اس کے لاہور کے پوش علاقے گلبرک سے ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ زینب ایم بی اے کی ڈگری رکھتی ہیں۔ روانی سے انگریزی بولنے والی زینب ہیروئين جیسے بدترین نشے کا استعمال دن میں تین سے چار بار کر رہی ہے-
 
اس کا کہنا تھا کہ اس کو اس نشے کی عادت ان پارٹیوں سے ہوئی جو اس کے ساتھ اس کے کلاس فیلو کیا کرتے تھے جس میں نشے کا استعمال کھلے عام ہوتا تھا- اس کے ساتھ ساتھ زينب کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس کی یہ حالت درحقیقت محبت میں ناکامی کے سبب ہوئی۔
 
کیونکہ اس نے جس انسان سے محبت کی وہ خود بھی نشہ کرتا تھا اس سے شادی کے نتیجے میں ایک بیٹا بھی ہوا مگر وہ آدمی خود تو نشہ چھوڑ کر بیٹے کو لے کر دبئی روانہ ہو گیا مگر زینب نشے کی عادت نہیں چھوڑ سکی- جس کے نتیجے میں اس کا شوہر اس کو لاہور کی سڑکوں پر رلنے کے لیے چھوڑ کر خود اپنے بیٹے کو لے کر دبئی سیٹل ہو گیا جس نے زینب کو اس حالت میں پہنچا دیا-
 
image
 
سگریٹ کے دھوئيں کو کش کی صورت میں نکالتے ہوئے زينب کا کہنا ہے کہ اس دنیا میں اب اس نے جی کر کرنا بھی کیا ہے اور اگر زندہ رہے بھی تو کس کے لیے اس وجہ سے اس نے خود کو نشے کے دھوئيں میں ڈبو دیا ہے-
 
زینب ناک کے ذریعے ہیروئين لیتی ہیں جو کہ خطرناک ترین طریقہ ہے اور ایسا کرنے والے کی زندگی ہر نئے دن کے ساتھ کم سے کم ہوتی جاتی ہے- زینب کی نور مقدم کے ساتھ مماثلت اور اس کی حالت میں مماثلت اعلیٰ طبقے کے اشرافیہ کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے-
 
پہلی نظر میں زینب کو دیکھ کر یہی محسوس ہوتا ہے کہ نور مقدم جیتی جاگتی حالت میں سامنے آگئی ہے ہمارا معاشرہ اور ہم سب نور مقدم کو تو نہیں بچا سکی مگر زینب اور اس جیسی بہت ساری اور بیٹیوں کو بچایا جا سکتا ہے اور ان کو نشے کے اس گرداب سے نکال کر معاشرے کا فعال حصہ بنایا جا سکتا ہے-
 
image
 
ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے ان بچوں کو تعلیمی اداروں میں موجود اس نشے سے بچائيں اور رات دیر تک اعلیٰ طبقے کی ان پارٹیوں میں تفریح کے نام پر نشےکے استعمال کے حوالے سے سخت ترین قانون سازی کی جائے اور نئی نسل کو اس سے بچانے کی کوشش کی جائے-
YOU MAY ALSO LIKE: