|
|
اسلام کے مطابق شادی کی تقریب نکاح اور ولیمے پر مشتمل
ہوتی ہے۔ نکاح کو آسان کرنے سے معاشرہ بہت ساری برائیوں سے محفوظ رہ سکتا
ہے۔ مگر بدقسمتی سے آئے دن شادی بیاہ کی تقریبات میں سب کچھ جانتے بوجھتے
ایسی خرافات شامل کی جارہی ہیں جو رواج اور رسوم کی شکل اختیار کرتی جارہی
ہیں آور انہوں نے سفید پوشوں کے لیے شادی کرنا مشکل سے مشکل ترین کر دیا ہے-
ایسی ہی کچھ رسومات کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے جس نے مسائل میں
اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ہے- |
|
برائيڈل شاور |
حالیہ دنوں میں شادی سے کچھ دن قبل دلہن کی سہیلیاں
برائڈل شاور کے نام پر اس کے گھر جمع ہوتی ہیں- نئے جوڑے بنواتی ہیں گانوں
پر رقص کرتی ہیں اور تصویریں بنواتی ہیں اور جب اس حوالے سے دریافت کیا
جاتا ہے تو ان کا کہنا ہوتا ہے کہ شادی کے بعد تو شائد دوبارہ ایسے اپنی
دوست سے ملنے کا موقع نہ مل سکے اس وجہ سے اس وقت کو یاد گار بناتے ہیں- اس
دن کے لیے امیر گھرانوں میں مختلف قسم کے ڈیزائنر ملبوسات بنوائے جاتے ہیں
اس کے علاوہ پروفیشنل کیمرہ مین اس دن کی تصویریں لیتے ہیں جو سوشل میڈیا
پر شئیر کی جاتی ہیں- جس سے اس فضول رسم کو روائت کے طور پر منانے کا دباؤ
سفید پوشوں پر بھی بڑھتا ہے جو کہ پیسے کے ضیاع کے سوا کچھ نہیں- |
|
|
بیچلر پارٹی |
لڑکوں کے اندر بھی لڑکیوں کی طرح شادی سے پہلے لڑکے کی
بیچلر پارٹی کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں ہر طرح کا ہنگامہ برپا ہوتا ہے-
اسٹیٹس سمبل کے نام پر ہر طرح کی خرافات سے بھرپور اس پارٹی کا مقصد صرف
اور صرف ہنگامہ کرنا ہوتا ہے جس کا شادی بیاہ کی رسم سے کوئی تعلق نہیں ہے- |
|
|
وی آئی پی ٹیبل |
شادی کی تقریب کے دوران آج کل ایک اور رواج بھی زور
پکڑتا جا رہا ہے بارات کی تقریب میں یہ ٹیبل لڑکے والوں کے لیے جبکہ ولیمے
کی تقریب میں یہ ٹیبل لڑکی والوں کے نام سے سجائی جاتی ہے۔ شادی ہال کے
مرکز میں سجی یہ ٹیبل صرف خاص مہمانوں کے لیے ہوتی ہے۔ جن میں لڑکے والوں
یا لڑکی والوں کے خاندان کے خاص مہمان یا وہ مہمان بیٹھ سکتے ہیں جن کو خاص
کا درجہ دیا جاتا ہے- اس ٹیبل کے سبب کئی خاندانوں میں اس بات پر جھگڑے بھی
ہو جاتے ہیں کہ ہمیں عام مہمانوں کی کرسیوں پر بٹھا دیا جب کہ خود خاص بن
کر بیٹھ گئے- اور یہی نہیں اکثر اوقات دیگر شرکت کرنے والے مہمانوں کی جانب
سے بھی وی آئی پی ٹیبل کا تقاضا سنائی دیتا ہے جو پورا نہ کرسکنے پر
ناراضگی کا سبب بنتا ہے- حقیقت تو یہ ہے کہ تقریب میں موجود ہر فرد جو شادی
والے خاندان کی خوشی میں شریک ہونے کے لیے آیا ہے خاص ہے- اس طرح کی وی آئی
پی ٹیبل لگا کر درجہ بندی کرنے کے کیا معنی ہیں- بعض جگہوں پر تو اس وی آئی
پی ٹیبل کا مینیو بھی شادی کی پوری تقریب سے جدا ہوتا ہے اس بے بنیاد کی
رسم نے نہ صرف شادی کے مسائل میں مزيد اضافہ کر دیا ہے بلکہ اس سے عزیز و
اقارب کے دلوں میں دوری بھی پیدا ہو رہی ہے- |
|
|
بارات میں انٹری |
دولہا دولہن کی بارات میں یا ولیمے کے لیے ہال میں انٹری جیسی فضول رسم بھی
خرافات میں شامل ہے جس میں کوئی آسمان سے کرین سے اترتا دکھائی دیتا ہے تو
کوئی کیک میں بیٹھ کر ہال میں داخل ہوتا ہے-ایسے منفرد نظر آنے کے شوق میں
سب سے زيادہ تقریب میں شامل افراد کے وقت کا ضياع ہوتا ہے اور دوسری جانب
مسابقت کی اس فضا کے سبب ایک عجیب و غریب دوڑ شروع ہو گئی ہے جس میں لوگ
خرافات میں پڑ کے شادی کے اصل مقصد کو فراموش کر بیٹھے ہیں- |
|