بچے کے علاج کے لیے پیسے جمع کر کے باپ نے دوسری شادی کر لی، ماں اور دوسرے بچے سڑکوں پر رُلنے پر مجبور

image
 
ہر ماں باپ کی خواہش ہوتی ہے کہ اللہ تعالیٰ جب ان کو اولاد سے نوازے تو وہ بیٹا ہو یا بیٹی مگر صحت مند ہو اور کسی قسم کی معذوری سے پاک ہو- ایسے ہی ماں باپ قرۃ العین اور دانیال بھی تھے اللہ نے جب ان کو بیٹے سے نوازہ تو یہ ان کا تیسرا بچہ تھا- اس سے پہلے ان کو اللہ نے ایک بیٹا اور ایک بیٹی سے نوازہ تھا جو مکمل طور پر صحت مند تھے-
 
مگر جب تیسرا بیٹا ان کی گود میں آیا تو انہوں نے اس کا نام شاہ زین رکھا لیکن بچے کی پیدائش کے وقت ہی ان کو ڈاکٹروں نے یہ بتا دیا کہ بچے کی غذا کی نالی ٹھیک سے نہیں بنی ہوئی ہے جس کا علاج بہت مہنگا ہے اور جب تک یہ علاج نہ ہو سکے گا بچہ نارمل زندگی نہیں گزار سکے گا-
 
شاہ زين کے علاج کے لیے خطیر رقم کی ضرورت تھی جس کو پورا کرنا ان دونوں کے لیے ممکن نہ تھا ہر حوالے سے بے بس ہونےکے بعد قرۃ العین نے ایک ویڈيو بنائی جس کو انہوں نے اپنے شوہر دانیال کے اکاؤنٹ سے شئير کر دیا اور مخیر افراد سے مدد کی اپیل کی-
 
ان کی یہ ویڈيو وائرل ہو گئی جس کے نتیجے میں نہ صرف بہت سارے لوگوں نے ان سے رابطہ کیا بلکہ شاہ زین کے علاج کے لیے 50 لاکھ کی خطیر رقم بھی جمع ہوگئی- مگر اسی دوران ایک این جی او سے تعلق رکھنے والی خاتون شمائلہ کا ان کے گھر میں آنا جانا بڑھ گیا اور وہ مختلف لوگوں سے تعلقات کی بنیاد پر ان کو شاہ زين کی علاج کے لیے خطیر رقم دلوانے میں کامیاب رہیں-
 
image
 
اتنی بڑی رقم دیکھ کر قرۃ العین کے شوہر کی نیت تبدیل ہو گئی اور انہوں نے بچے کے علاج کے بجائے یہ رقم اپنی عیاشیوں پر خرچ کرنی شروع کر دی- یہاں تک کہ شمائلہ کی سفارش پر وہ شاہ زين کو لے کر اقرار الحسن کے شو میں بھی چلے گئے جہاں پر بھی ان کو کافی پیسے ملے-
 
قرۃ العین کا اس حوالے سے یہ بھی کہنا تھا کہ اقرار الحسن کا یہ اصول ہوتا ہے کہ وہ جمع شدہ رقم براہ راست والدین کے اکاؤنٹ میں نہیں ڈالتے بلکہ علاج کروانے والے ادارے کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کرتے تھے- مگر شمائلہ کی ملی بھگت کے سبب اقرار کے شو میں جمع ہونے والا پیسہ بھی براہ راست دانیال کے اکاؤنٹ میں جمع کر وا دیا گیا جس نے وہ پیسہ بھی اپنی رنگ رلیوں میں استعمال کرنا شروع کر دیا -
 
یہاں تک کہ دانیال نے اب اپنی بیوی سے یہ مطالبہ کرنا شروع کر دیا کہ وہ اسٹامپ پیپر پر لکھ کر شاہ زین کو شمائلہ کو گود دے دے مگر جب اس نے اس سے منع کیا تو دانیال سے اس کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور بچہ چھین کر فرار ہو گیا-
 
اس موقع پر قرۃ العین کا یہ بھی کہنا تھا کہ دانیال کو صرف اسی بیمار اور معذور بچے کی کسٹڈی چاہیے تھی جو اس کے لیے سونے کی چڑیا بن گیا تھا جب کہ باقی دوبچوں کے لیے ان کے دل میں کوئی نرم گوشہ نہ تھا اور نہ ہی وہ ان کے اخراجات پورے کرتا تھا-
 
جب اس حوالے سے قرۃ العین نے عدالت میں کیس کیا تو عدالت نے اس کم عمر بیمار بچے کی کسٹڈی ماں کے حوالے کرنے کا حکم دیا مگر اس پر عمل درآمد سے پہلے ہی بچے کی حالت بگڑنے لگی اور مجبوراً اس کو ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے شاہ زین کا ایمرجنسی میں آپریشن کیا جس کے بعد حالت بگڑنے پر اس کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا۔
 
image
 
قرۃ العین کے مطابق دانیال اور شمائلہ جس سے دانیال نے دوسری شادی کر لی ہے کو جب محسوس ہوا کہ بچہ آپریشن کے بعد بچ جائے گا اور اس کی کسٹڈی عدالت کے مطابق ماں کو مل جائے گی تو انہوں نے وینٹی لیٹر کا پائپ نکال دیا جس سے شاہ زین کی موت واقع ہو گئی-
 
اس واقعہ کا سب سے بد ترین پہلو یہ ہے کہ اب جب کہ شاہ زین کا انتقال ہو چکا ہے آج تک اس کی بیماری کی ویڈيو سوشل میڈیا پر شئير کر کے اس حوالے سے پیسے وصول کر رہا ہے اور جن کو شاہ زين کی موت کا پتہ چل گیا ہے ان سے قبر پکی کروانے کی مدد میں پیسے بٹور رہا ہے-
 
جبکہ قرۃ العین اور اس کے دونوں بچے لاہور کی سڑکوں پر رلنے کے لیے اور انصاف مانگنے کے لیے مجبور ہیں- ان کا مطالبہ ہے کہ ان کے بچے کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور ان سے تمام پیسوں کا حساب لیا جائے-
YOU MAY ALSO LIKE: