شادی پھپھو کی بیٹی کے ساتھ کریں یا خالہ کی، ننھیال یا ددھیال فیصلہ کونسا بہتر!

image
 
گزشتہ دنوں ایک میم نظر سے گزری جس میں پاکستانی معاشرے کے ایک المیہ کی جانب ہلکے پھلکے انداز میں اشارہ کیا گیا تھا- جس میں بتایا گیا تھا کہ ہماری قوم بھی عجیب ہے پیدائش سے لے کر جوان ہونے تک کزن کو بھائی یا بہن ثابت کرتی رہتی ہے اور اس کے بعد اسی کزن سے منگنی یا شادی طے کر کے باقی عمر ان کو کزن ثابت کرتی رہتی ہے- ہمارے ملک میں مشہور ہے کہ اپنا مارے گا بھی تو چھاؤں میں ڈالے گا تو اس وجہ سے اپنوں کے رشتوں کو فوقیت دی جاتی ہے۔ اور ان اپنوں کو فوقیت کے سبب تمام تر میڈیکل خطرات کے باوجود کزن میرج کا رجحان بہت زیادہ ہے-
 
ننھیال یا ددھیال بہتر کون
اب سوال یہ ہے کہ شادی اگر کرنی ہی ہے تو کس کزن کے ساتھ کی جائے ننھیال والے بہتر ہیں یا پھر ددھیال والے کزن کو فوقیت دی جائے۔ ویسے تو سوشل میڈیا کے مطابق پھپھو کا بیٹا یا بیٹی اس وجہ سے فوقیت کے حامل ہوتے ہیں کیونکہ ہمارے ملک میں بچوں کی شادیوں کے معاملے میں باپ کے پاس ویٹو پاور کا حق ہوتا ہے- اس وجہ سے وہ ہمیشہ اپنے بہن بھائیوں کو بیوی کے بہن بھائيوں پر فوقیت دیتے نظر آتے ہیں-
 
ننھیال میں رشتے کے فوائد
ننھیال کے رشتوں میں خالہ یا ماموں کا گھرانہ ہی ہوتا ہے جہاں رشتے کیے جا سکتے ہیں ۔ ماں سے قربت کے سبب اکثر بچے ننھیال سے بہت قریب ہوتے ہیں اور ان کے نزدیک نانی کا گھر ایک خواب کی طرح ہوتا ہے جہاں چھٹیوں کے دن گزارے جاتے ہیں۔ جہاں ان کزنز کے ساتھ بچپین کی یادیں ہوتی ہیں- اس وجہ سے بڑے ہونے پر ان کی جانب ایک جھکاؤ فطری بات ہوتی ہے۔ اور اگر گھر میں ماں کی زيادہ چلتی ہو تو رشتے ہونے کے امکانات بھی زيادہ ہوتے ہیں اور اگر نانی حیات ہوں تو پھر تو ناز نخروں میں اور بھی اضافہ ہو جاتا ہے-
 
image
 
خالہ کے گھر جانے کی صورت میں ماں جیسی ماسی ماں کی کمی کو محسوس نہیں ہونے دیتی ہے جس کی وجہ سے انسان کافی حد تک کمفرٹ زون میں ہوتا ہے۔
 
ددھیال میں رشتے کے فوائد
ددھیالی رشتے دار اکثر محبت کا اظہار کرتے ہوئے یہ دعویٰ کرتے نظر آتے ہیں کہ یہ ہمارا خون ہے ویسے یہ چیز سمجھ سے بالاتر ہے کہ بچے کے اندر تو ماں اور باپ دونوں کا خون ہوتا ہے مگر ننھیالی رشتے دار یہ دعویٰ کیوں نہیں کرتے-
 
بہرحال چچا اور پھھو وہ رشتے ہوتے ہیں جن کے گھروں میں شادی ہونے کے امکانات موجود ہوتے ہیں اور گھر میں ان بچوں کی اکثر آمد کے سبب اور ان کو ملنے والے پروٹوکول کے سبب کچھ گھرانوں میں بچوں میں بہت دوستی جب کہ کچھ گھرانوں میں سخت عداوت ہوتی ہے-
 
مگر پھپھو وہ خوبصورت ترین رشتہ ہوتا ہے جو کہ اپنے بھتیجے اور بھتیجیوں سے بے پناہ محبت کرتی ہے یہ محبت کسی لالچ سے پاک ہوتی ہے- اس وجہ سے پھپھو کی ہمیشہ سے یہی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اس کے میکے سے وابستگی ہمیشہ رہے اس وجہ سے وہ اپنے بچوں کے ذریعے اس تعلق کو مضبوط کرنے کی خواہشمند ہوتی ہے- آئندہ زندگی میں بھی یہی محبت زندگی کے لیۓ بہت مددگار ثابت ہو سکتی ہے-
 
image
 
یاد رکھیں! زندگی گزارنے میں یہ رشتے کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر بہت مضبوط اور پائیدار ہو سکتے ہیں- ان رشتوں کو جتنی زيادہ محبت اور عزت دی جائے اتنا ہی یہ رشتے مضبوط اور خوبصورت ہو سکتے ہیں-
 
ننھیال ہو یا ددھیال دونوں ہی دو آنکھوں کی طرح ہوتے ہیں ایک آنکھ بھی اگر خراب ہو تو بینائی متاثر ہو سکتی ہے اس وجہ سے دونوں طرف یکساں عزت اور محبت دیں اور محبت لیں-
YOU MAY ALSO LIKE: