اردو کتاب میلہ: حصول علم و معلومات کا وسیلہ

 علم انسان کا امتیاز ہی نہیں بلکہ اس کی بنیادی ضرورت بھی ہے، جس کی تکمیل کا واحد ذریعہ مطالعہ ہے۔ایک پڑھے لکھے شخص کے لیے معاشرہ کی تعمیر و ترقی کا فریضہ بھی اہم ہے ،اس لیے مطالعہ ہماری سماجی ضرورت بھی ہے۔ اگرانسان اپنے اسکول و مدرسہ کی تعلیم مکمل کرکے اسی پر اکتفا کرکے بیٹھ جائے تو اس کے فکر و نظر کا دائرہ بالکل تنگ ہوکر رہ جائے گا۔ مطالعہ استعداد کی کنجی اور صلاحیتوں کو بیدار کرنے کا بہترین آلہ ہے۔ یہ مطالعہ ہی کا کرشمہ ہے کہ انسان ہر لمحہ اپنی معلومات میں وسعت پیدا کرتا رہتا ہے۔ زاویہ فکر ونظر کو وسیع سے وسیع تر کرنے میں کتاب کا بہت اہم حصہ ہے۔عربی کا ایک مشہور محاورہ ہے: ’’زمانے کا بہترین دوست کتاب ہے‘‘ ۔ اسی طرح ایک مفکر کہتا ہے: ’’کتابوں کا مطالعہ انسان کی شخصیت کو ارتقاء کی بلندمنزلوں تک پہنچانے کا اہم ذریعہ، حصول علم ومعلومات کا وسیلہ اور عملی تجربانی سرمایہ کو ایک نسل سے دوسری نسل تک منتقل کرنے اور ذہن وفکر کو روشنی فراہم کرنے کا معروف ذریعہ ہے۔کتابوں سے جہاں معلومات میں اضافہ اور راہ عمل کی جستجو ہوتی ہے وہیں اس کا مطالعہ ذوق میں بالیدگی، طبیعت میں نشاط، نگاہوں میں تیزی اور ذہن ودماغ کو تازگی بھی بخشتا ہے۔اسی کے پیش نظر شہر مالیگاؤں میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کے زیر اہتمام ۲۴ واں قومی اردو کتابی و ادبی میلہ اے ٹی ٹی ہائی اسکول میں منعقد کیا گیا ہے۔کتاب میلہ الحمدﷲ کامیابی سے جاری ہے، ۲۸ دسمبر کتاب میلہ کا آخری دِن ہے ۔اس کتاب میلے میں سائنس، ٹکنالوجی اور زبان و ادب کے علاوہ کئی موضوعات کی کتابیں دستیاب ہیں۔ مالیگاؤں شہر کے علاوہ بیرون شہر کے کتب فروش اور پبلشر اس میلے میں اپنے اسٹال سجائے ہوئے ہیں۔کتب میلے میں اردو قارئین ،محبان اردو کی کثیر تعداد سے ایک بار پھریہ واضح ہوگیا ہے کہ شہریان کی کتب دوستی ابھی ختم نہیں ہوئی۔ لہٰذا نئی نسل کو کتابوں سے جوڑنے کے لئے اس کتاب میلے میں آپ کی شرکت اردو زبان سے محبت کا ثبوت ہوگی۔
 

Asif Jaleel
About the Author: Asif Jaleel Read More Articles by Asif Jaleel: 226 Articles with 277207 views میں عزیز ہوں سب کو پر ضرورتوں کے لئے.. View More