سائنس کی ترقی ضروری مگر اس کے کچھ نقصان بھی ہیں، زندگی کی کچھ خوبصورت چیزیں جو ہم سے جدا ہوگئیں

image
 
جس وقت حضرت انسان نے اپنی آسانی کے لیے پہلا پہیہ ایجاد کیا تھا اس نے اس کی رفتار تو تیز کر دی تھی مگر جسم کو پہنچانے والی اس سہولت نے انسان کی روح کو بہت پیچھے چھوڑ دیا اور مادیت کی اس دوڑ میں ہر روز جہاں ایک نئی ایجاد سامنے آتی ہے وہیں کسی نہ کسی پرانی چیز کا آخری وقت ہوتا ہے- اپنی لاعلمی میں ہم نے خود کو تیز رفتار تو کر لیا ہے مگر اس تیز رفتاری میں بہت ساری ایسی چیزیں جو اس رفتار کا ساتھ نہ دے سکیں کہیں بہت دور تنہا ہمارے کسی اسٹور میں یا ہماری یادوں کے اسٹور تک محدود ہو گئيں ایسی ہی کچھ چیزوں کی یاد کو آج ہم آپ کے لیے لائے ہیں-
 
صندلی سے ہیٹر تک کا سفر
ماضی میں سب گھر والے ایک جگہ پر بیٹھ کر نہ صرف صندلی میں خود کو گرم کرتے تھے بلکہ اس کے ساتھ ہی ایک چینک رکھ دی جاتی تھی جس میں قہوہ ہوتا تھا سب لوگ باتوں کے ساتھ ساتھ اس خوشذائقہ اور فائدہ مند مشروب سے بھی فیض حاصل کرتے تھے مگر اب ہیٹر ہر کمرے کو تو گرم کر دیتا ہے مگر ایک دوسرے کو دور کر رہا ہے-
image
 
بڑے گھر مگر دل دور ہو گئے
 اب آسائشوں سے گھر تو بھر لیے ہیں مگر ایک دوسرے کے ساتھ گزارنے کے لیے وقت ختم ہو گیا ہے- پہلے ایک کتاب جو گھر والوں کو ایک دوسرے سے جوڑ دیتی تھی اس کی جگہ بڑی اسکرین نے لے لی ہے جس کو خریدنے کے لیے پیسے تو کما لیے گئے ہیں مگر اس کو ساتھ بیٹھ کر دیکھنے کا وقت کہیں گم ہو گیا ہے-
image
 
کھانوں کی تعداد بڑھ گئی مگر لذت کہیں گم ہو گئی
ماضی میں ہر گھر میں ایک ہی ڈش بنتی تھی جس کو سب لوگ ایک پلیٹ میں بیٹھ کر کھاتے تھے سادے سے اس کھانے کی لذت اور خوشبو آج بھی سب کو یاد ہے- مگر اب ہماری ڈائننگ ٹیبل تو بہت بڑی ہو گئی جس میں طرح طرح کے کھانے بھی موجود ہیں مگر ان کی لذت اور خوشبو نہ جانے کیوں محسوس نہیں ہوتی ہے-
image
 
کچھ لوگ جو اپنوں سے زيادہ اپنے تھے
کاندھوں پر بستہ اٹھائے آنے والا نائی گھر کے بچوں بڑوں کی حجامت بنا دیتا تھا- اس دوران گھر کے سب لوگوں کی حجامت بھی بناتا تھا اور بدلے میں کچھ کلو گندم لے کر دعائيں دے کر چلا جاتا ہے- حالیہ دور میں اس بستے کی جگہ بڑے بڑے سیلون نے لے لی ہے جو بھاری معاوضے کے بدلے میں آپ کو سنوار تو دیتے ہیں مگر دل سے دل کا جو تعلق تھا وہ اس بڑی دکان نے کہیں چھین لیا ہے-
image
 
ماں کی محبت کی خوشبو کہیں گم ہو گئی
ماں کے ہاتھوں کی بنائی گئی سويوں کی اس مشین کی جگہ آج ریڈی میڈ سوياں اور نوڈلز لے چکی ہیں جو منٹوں میں تیار ہو جاتی ہیں اور کافی لذیذ بھی ہوتی ہیں- مگر اس میں ماں کی محبت کے گندھے ہونے کی خوشبو کہیں گم ہو گئی ہے اب سب کچھ ریڈی میڈ جو ہو گیا ہے-
image
 
وقت کے ساتھ آگے بڑھنا انسان کے ارتقا کے لیے ضروری ہے اور وہی لوگ دنیاوی اعتبار سے کامیاب سمجھے جاتے ہیں جو وقت کا ساتھ دیتے ہیں مگر اس کے باوجود کچھ یادیں ماضی کی ایسی ہوتی ہیں جن سے انسان اپنا پیچھا نہیں چھڑا سکتا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: