بیٹی کرے آرام اور بہو کرے کام، بیٹی اور بہو کے درمیان کچھ ایسے فرق جو ہر گھر میں پائے جاتے ہیں لیکن اب انہیں بدلنا چاہیے

image
 
اکلوتے بیٹے کے لیے رشتے کی تلاش میں میری شرط صرف کم عمر اور خوبصورت لڑکی کی تھی میرا یہ ماننا تھا کہ ایسی لڑکیاں سسرال کے ماحول میں ڈھل جاتی ہیں مگر جب شادی کے بعد بہو گھر آئی تو میرے اندر کی روائتی ساس کہیں سے جاگ اٹھی-
 
میری خواہش ہوتی تھی کہ وہ میرے منہ سے نکلتی ہر بات کو فوراً جان لے ناشتے کے لیے گرما گرم پراٹھے بنائے جو گول ہونے کے ساتھ ساتھ خستہ اور لچھے دار بھی ہوں۔ اس کے علاوہ اس کو میک اپ کرنا بھی آتا ہو کھانے کے لیے طرح طرح کے چائينیز اور دیسی کھانے بھی بنا سکے- مگر جب وہ ایسا کرنے میں ناکام ہو تو پھر خیال آتا کہ اس کی ماں نے اس کو یہ بھی نہیں سکھایا-
 
بیٹی اور بہو میں کچھ ایسے فرق جو ہر گھر میں نظر آتا ہے
ان حالات کا سامنا کرنے کے بعد حقیقت پسندی سے میں نے اس چیز کو نوٹ کیا کہ میرا رویہ اس ساس کی طرح ہونے لگا ہے جو روایتی ساس کا ہوتا ہے- یہ محسوس کر کے میں نے خود کو کسی حد تک تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا اور ان تمام چیزوں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جو بیٹی اور بہو میں فرق کرنے کا سبب بنتے تھے-
 
بیٹی دیر تک سوئے تو ٹھیک اور اگر بہو دیر سے جاگے تو قیامت
اکثر گھروں میں بہو کا دیر تک سونا نحوست قرار دیا جاتا ہے اور بیٹی کے کمرے کی لائٹ بجھا کر پردے بھی برابر کر دیے جاتے ہیں کہ اس نے پرائے گھر جانا ہے- ماں باپ کے گھر ہی آرام مل سکتا ہے جب کہ بہو کو صبح صبح جگانا ضروری سمجھا جاتا ہے-
 
یہ بات نند بھاوج میں فاصلوں کا سبب بنتی ہے اور بہو خود کو کبھی بھی گھر کا حصہ نہیں بنا پاتی ہے اس کو ہر وقت اجنبیت کا احساس رہتا ہے- اس وجہ سے یہ ایک ساس کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اس فرق کو ختم کرے-
 
image
 
بیٹی کو کھانا بنانے کی ضرورت نہیں مگر بہو کو ہر طرح کا کھانا بنانا آنا چاہیے
شادی کے لیےکم عمر بہو کی تلاش کرنے والے یہ سمجھنے کے لیے تیار نظر نہیں آتے ہیں کہ وقت ہی انسان کو سب کچھ سکھا سکتا ہے اور آج کل کی بچیاں اپنی پڑھائی میں مقابلے کے سبب اس حد تک مصروف رہتی ہیں کہ وہ گھریلو خانہ داری کے امور نہیں سیکھ پاتی ہیں- اس وجہ سے یہ سوچنا کہ شادی کے پہلے دن سے ہی بہو تو سارے کام کرے مگر بیٹی چونکہ پڑھ رہی ہے اس وجہ سے اس کے لیے سب معاف ہے ایک غلط سوچ کو ظاہر کرتا ہے-
 
بیٹی کی سہیلیاں جائز اور بہو کی سہیلیاں بری
اکثر جب بہو کو لے کر آتے ہیں تو اپنے گھر کے دروازے صرف بہو کے گھر والوں کے لیے تو کھولتے ہیں مگر اس بات کی اجازت نہیں دیتے ہیں کہ بہو اپنی کسی سہیلی سے ملے یا اس کے گھر آجاسکے- اور اگر بہو کی کسی سہیلی کی آمد ہو جائے تو پورا سسرال اپنی سراغ رسانی کی خواہش کی تکمیل ان کی گفتگو سن کر تے ہیں اور اس طرح کے رویے کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ دوبارہ آنے سے توبہ گار ہو جاتی ہے- مگر یہی سہیلیاں جب بیٹی کی ہوں تو خوش مزاجی کے ساری حدوں کو پھلانگ کر نہ صرف ان کو وقت فراہم کیا جاتا ہے بلکہ اس کو گھر تک چھوڑنے بھی جایا جاتا ہے-
 
بیٹی آرام اور بہو کام کرے
اب تو گھر اس کا ہی ہے اس نے ہی سنبھالنا ہے اور بیٹی تو مہمان ہے کچھ دنوں کی اس وجہ سے اس کو آرام کروانا اور اس کے لیے مزیدار کھانے بنانا بھی ایک ایسا کام ہوتا ہے جو کہ ہر گھر میں ہی نظر آتا ہے -رویوں کا یہ فرق بہو کے لیے سسرال کی زندگی کو خوبصورت بنانے کے بجائے اذیت ناک بنا ڈالتا ہے-
 
image
 
بیٹی کی پسند کا خیال اور بہو کی پسند پر ناک چڑھانا
اگر بیٹی کو سبزياں نہیں پسند تو اس کے لیے ساتھ میں کچھ نہ اور کچھ پکا کر دیا جاتا ہے اور اگر یہی مسئلہ بہو کے ساتھ ہو اور وہ کچھ نہ کھاتی ہو تو فوراً ناک بھوں چڑھا لیے جاتے ہیں کہ ہر حال میں گزارا کرنا آنا چاہیے اس طرح تو نہیں کرنا چاہیے وغیرہ وغیرہ-
 
یاد رکھیں!
بہو کو پرایا سمجھنا اور بیٹی کو اپنا سمجھنا مکافات عمل کا سبب بن سکتا ہے اور آنے والے وقت میں اگر خدا نخواستہ یہ رویہ بیٹی کے سسرال والوں نے اس کے ساتھ روا رکھا تو سب سے زيادہ دکھ اور تکلیف آپ کو خود ہو گی- اس وجہ سے ایسا کچھ بھی کرنے سے پہلے یہ ضرور سوچ لیں کہ جو آج آپ بو رہے ہیں آنے والے وقت میں اس فصل کو آپ نے ہی کاٹنا ہو گا-
YOU MAY ALSO LIKE: