تمہیں ساری عمر باپ بھائی ہی تو پوچھیں گے، جائيداد میں بیٹیوں کو حصہ دینے کے بجائے انگوٹھا لگوا لینے والے افراد کے کچھ حیلے بہانے

image
 
ہمارے معاشرے میں عام طور دعوی تو یہی کیا جاتا ہے کہ ہم اسلامی قوانین کی پیروی کرتے ہیں لیکن جب عملی طور پر بیٹی یا بہنوں کو جائيداد میں حصہ دینے کا وقت یاد آتا ہے تو یہ سارے دعویٰ کہیں گم ہو جاتے ہیں- اور سو میں سے کوئی دو مرد ہی ایسے ہوں گے جنہوں نے اپنی بہنوں بیٹیوں کو ان کا حق دیا ہوگا-
 
جائيداد میں یا وراثت میں خواتین کا حصہ
اسلام سے قبل کی طرز معاشرت میں عورت کو کسی قسم کی وراثت کا حق دار نہیں سمجھا جاتا تھا- مگر اسلام کے بعد ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حوالے سے قرآن کی مدد سے بہت وضاحت کے ساتھ اس حق کو بیان کیا ہے اور قرآن میں سورۃ النسا میں نہ صرف عورتوں کا وراثت میں حق تسلیم کیا گیا ہے بلکہ پوری وضاحت کے ساتھ اس کی شرح کو بھی بیان کیا گیا ہے- عام طور پر بیٹی کا حصہ قرآن کے مطابق بیٹے کے حصے سے نصف بیان کیا گیا ہے اسی طرح بیوہ کو بھی وراثت میں حق دار قرار دیا گیا ہے اور اس کی شرح بھی قرآن میں بیان کیا گیا ہے اور پاکستانی قانون کے مطابق بھی اس حق کو تسلیم کیا گیا ہے-
 
جائيداد میں خواتین کے حصے کو تسلیم کرتے ہوئے بھی نہ دینا
زيادہ تر افراد کسی نہ کسی طرح سے جائيداد کی تقسیم کے وقت اس بات کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کو اس میں سے اپنی خواتین کو حصہ نہ دینا پڑے اس کے لیے وہ مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں- ان طریقوں کو حیلے بہانے ہی کہا جا سکتا ہے ان حیلوں بہانوں کے بارے میں ہم آپ کو بتائيں گے-
 
جہیز کو خواتین کا حصہ قرار دینا
شادی کے موقع پر ہمارے معاشرے میں بیٹی کو بھاری بھرکم جہیز دے کر رخصت کیا جاتا ہے اس جہیز پر خرچ کی جانے والی رقم کو جائيداد کا حصہ قرار دینا کسی طرح بھی ثابت نہیں ہے- مگر لڑکی کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ گھرانوں میں اس کی رخصتی سے قبل ہی جائيداد کے کاغذوں پر انگوٹھا لگوالیا جاتا ہے تاکہ شادی کے بعد وہ کسی قسم کی جائيداد کے حصے کا تقاضا نہ کر سکے-
 
image
 
تعلیم کا خرچہ حصہ قرار دینا
ماں باپ کے ذمے بیٹے اور بیٹی دونوں کو اچھی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کی ذمہ داری ہوتی ہے مگر کچھ خاندانوں کے نزدیک بیٹی کو تعلیم دلوانا ایک بوجھ کی طرح ہوتا ہے- ان کا یہ ماننا ہوتا ہے کہ بیٹی کی اعلیٰ تعلیم کا ان کو تو کوئی فائدہ نہیں ہونا ہے اس سے اس کے سسرال والے ہی فائدہ اٹھائيں گے- اس وجہ سے بیٹی کے تعلیم کے اخراجات کو اس کا حصہ نہ دے کر پورا کیا جاتا ہے اور اگر بیٹی اپنے حصے کا مطالبہ کرے بھی تو اس کو یاد دلایا جاتا ہے کہ اس کا حصہ تعلیمی اخراجات کی مد میں پورا ہو گیا ہے-
 
جذباتی بلیک میلنگ
زمین اور پیسے کے ٹکڑے کی ویلیو تمھاری نظر میں کیا اپنے باپ بھائی سے زيادہ ہے ۔ یہ وہ جملہ ہوتا ہے جو جائيداد کے کاغذات پر اپنا حق چھوڑنے کے لیے انگوٹھا لگوانے سے پہلے ہر باپ بھائی دہراتا ہے-اس طریقے سے لڑکی کو اس بات کا احساس دلوایا جاتا ہے کہ اگر تم نے اپنا حصہ طلب کیا تو اس صورت میں باپ بھائيوں سے ہمیشہ کے لیے رشتہ ختم ہو جائے گا حالانکہ یہ ایک غلط نظریہ ہے-
 
ایک بار حصہ لے کر کیا کرو گی تمہیں ساری عمر باپ بھائی ہی پوچھیں گے
اکثر خواتین کو حصہ لینے سے روکنے کی خاطر یہ سبز باغ بھی دکھائے جاتے ہیں کہ ایک بار حصہ لے لینے سے زيادہ بہتر ہے کہ ساری عمر میکے سے کھاتی رہو۔ بچوں کی شادیوں میں دیے جانے والے تحفے یا کسی میت کے موقع پر دیا جانے والا کھانا عورت کے حصے کا ہم پلہ قرار دیا جاتا ہے-
 
image
 
میکے کے قائم رہنے کی قیمت پر اس طرح سے پاکستان کی نوے فی صد خواتین کو جذباتی بلیک میلنگ کے ذریعے ان کے شرعی حق سے محروم کر دیا جاتا ہے۔ ایسا کرتے ہوئے خاندان والے یہ فراموش کر بیٹھتے ہیں کہ اس کا وبال ان کی اگلی نسلوں کو بھگتنا پڑ سکتا ہے-
YOU MAY ALSO LIKE: