|
|
کچھ خواہشیں انسان کے دل و دماغ میں ایسی ہوتی ہیں جو
بچپن سے ڈیرہ ڈال کر بیٹھ جاتی ہیں اور جب تک پوری نہ ہوں ایک خلش کی طرح
انسان کو اندر ہی اندر تڑپاتی رہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بڑوں کا کہنا ہوتا
ہے کہ انسان کی نا تمام آرزوئيں اسے سب سے زیادہ دکھ دیتی ہیں- |
|
ایسے ہی ایک انسان کی کہانی سوشل میڈیا کی جب زينت بنی
تو سب کے دلوں کے قریب ہونے کے سبب تیزی سے نہ صرف وائرل ہو گئی بلکہ لوگوں
نے اس کی بہت تعریف کرتے ہوئے اس کو ایک قابل تقلید مثال قرار دیا- |
|
تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر آسام کے ایک شہری ہرک جے
داس نامی ایک سوشل میڈیا صارف نے اپنے اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو شئیر کی ہے جس
میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک آدمی تین سے چار بوریاں بھر کر دو آدمیوں کی
مدد سے کھینچتے ہوئے آرہے ہیں- |
|
|
|
ویڈیو صارف کے مطابق یہ شخص آسام کے ایک گاؤں میں
اسٹشنری کی چھوٹی سی دکان چلاتا ہے اس شخص کو ہمیشہ سے ایک اسکوٹر یا بائیک
خریدنے کا شوق تھا۔ مگر غربت اور وسائل کی کمی کے سبب وہ اپنی اس خواہش کو
پورا نہیں کر پا رہا تھا- |
|
مگر جس طرح قطرہ قطرہ دریا بنتا ہے اسی طرح ایک ایک پیسے
کو جوڑ کر بھی اپنی خواہش کو پورا کیا جا سکتا تھا- اس وجہ سے اس شخص نے
اپنی دکان کے اندر ایک ڈبے میں سکے جمع کرنے شروع کر دیا اور یہ سلسلہ اس
نے کافی عرصے تک جاری رکھا- |
|
یہاں تک کہ ایک ایک سکہ جمع کرتے کرتے اس شخص نے تین
بوریاں سکوں کی جمع کر لیں اور بلاآخر اتنے پیسے جمع کرنے میں کامیاب ہو
گیا جس سے وہ اپنے بچپن کی خواہش کو پورا کر سکے- |
|
|
|
مذکورہ شخص جس کی شناخت اور نام ظاہر نہیں کیا گیا
خریداری والے دن آٹو رکشے میں تین بوریاں سکوں کی بھر کر لایا اور جس کو
اسکوٹر کی دکان والے نے ٹوکریوں کے اندر بھر کر اپنے پورے عملے کی مدد سے
گنا اور پیسے پورے ہونے کی صورت میں اس آدمی کو اس کا پسندیدہ اسکوٹی دے دی- |
|
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور
صارفین اس ویڈیو کو دیکھ کر نہ صرف اس آدمی کے خواب کی تکمیل پر اس کو
مبارکباد دے رہے ہیں بلکہ ان کا یہ کہنا ہے کہ انسان محنت لگن اور کوشش سے
نا ممکن کو بھی ممکن بنا سکتا ہے اور تھوڑی سی بچت مستقل مزاجی سے کر کے
بڑے فائدے حاصل کر سکتا ہے- |