صرف ایک کال

آج کل پاکستان کے کسی بھی گوشے میں چلے جائیں آپ کو ہر جگہ بے لگام انسانوں کے ریوڑجتھوں کی شکل میں ایک دوسرے پر حملہ آور نظر آئیں گے موجودہ دور کو بلا شبہ سائنسی ترقی تہذیب و تمدن کا نقطہ عروج کہا جاتا ہے دنیا جہاں سے جہالت کی تاریکی چھٹ چکی ہے ہر جگہ اعلیٰ اخلاقی اقدار نظر آئیں گی لیکن جب آپ پاکستان کے پچھلے چند سال کا مطالعہ کریں تو عقل حیران رہ جاتی ہے کہ موجودہ ترقی کے دور میں یہاں پر بسنے والے یہ جانور نما انسان کس سیارے سے پاکستان کی دھرتی پر آبسے ہیں جو تہذیب و تمد ن اعلیٰ تعلیمی مذہبی اخلاقی اقدار سے کوسوں دور جنگلی جانوروں کی طرح زندگی گزار رہے ہیں آپ کسی بازار محلے سڑک فنکشن پارک میں چلے جائیں ہر جگہ آپ کو چنگیزی دور کے درندہ نما جانور نظر آئیں گے جو انسانوں کے روپ میں ایک دوسرے کو چیرتے پھاڑتے لوٹ مار کرتے نظر آئیں گے ہر بندہ ہتھیاروں سے لیس شکار کی تاک میں ہے جیسے ہی کوئی کسی کی زد میں آیا نہیں انہوں نے اُس پر حملہ کیا نہیں اگر کوئی محفوظ ہے تو اپنی طاقت کے بل پر ورنہ یہاں نہ کوئی گھر میں محفوظ ہے اور نہ ہی گھر سے باہر ۔اِن بے راس جانوروں کو آپ ہر جگہ ملاحظہ فرماسکتے ہیں جو جزا سزا کے تصور سے آزاد ہیں جنہیں کسی قانون مذہب معاشرتی اقدار کا بلکل خوف نہیں ہے یہ ہر جگہ اپنی عدالت لگا کر جو دل کر لے کر گزرتے ہیں یہ جہالت درندگی نسل در نسل اب ہمارے جین کا حصہ بن گئی ہے یہاں پر طاقت کا راج ہے اگر کوئی کمزور غریب کسی بڑے کے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی جرات کرتا ہے تو اُس کے خاندان جوان بچیوں عورتوں کو بے لباس کر کے سڑکوں پر ننگا مارچ کرایا جاتا ہے یا پھر جلتے بھٹے فیکٹری کی چمنیوں میں زندہ انسانوں کو ڈال کر کباب بنا دیا جاتا ہے اگر کسی سے غلطی ہو گئی ہے تو اُس کو سزا بھی خوفناک طریقے سے دینی ہے سزا دینے میں بھی اپنی خاندانی غلط روایات کی کلغی کو اونچا کہا جاتا ہے معصوم بچے بچیاں جنسی درندوں کے ہاتھوں دن رات پامال ہو رہی ہیں کوئی اُن کو لگام دینے والا نہیں ۔ہمارامعاشرہ اِس قدر بانجھ بے حس متشدد ہو چکا ہے دن رات ظالم طاقت ور اذیت دینے کے نت نئے طریقے دریافت کر کے اپنی نفسیاتی آسود گی حاصل کر تے ہیں چند ماہ پہلے اسلام آباد کے دوا میر زادوں نے کس طرح بنت حوا کو ذلیل رسوا کیا ایک نے تو ننگا ڈانس دوستوں کے ساتھ کیا جبکہ دوسرے نے سر تن سے جدا کر کے اُس مقتول کے سر سے فٹ بال کھیلا ان دونوں جنسی درندوں کی طاقت کا اندازہ آپ اِس بات سے لگالیں کہ مظلوم خوف سے بھاگتے پھر رہے ہیں کہ ہمارے اوپر تو کوئی ظلم ہوا ہی نہیں دوسر ا پاگل جنسی درندہ ظاہر جعفر سرے سے اپنے قتل ظلم سے ہی انکار ہو گیا ہے کہ میں تو نور مقدم پر کوئی ظلم قتل نہیں کیا پتہ نہیں کسی نے آکر لڑکی کو قتل کیا ہے جبکہ پاگل جنسی درندہ یہ بھول چکا ہے کہ جب لوگ کمرے میں داخل ہوئے تو اِس جنونی نے اُن پر بھی حملہ کردیا تھا پھر مینار پاکستان پر جس طرح بے لگام جانوروں نے ایک لڑکی پر حملہ کیا پھر اُس کے ساتھ جو حرکتیں کیں ہے دنیا بھر کے سامنے ذلیل کے رکھ دیا کہ یہ کو نسا خطہ ہے جہاں پر انسان جتھوں کی شکل میں عورتوں پر حملہ کر کے اُس کا لباس تار تار کر کے تماشہ لگاتے ہیں اِسی طرح سڑکوں پر اگر کوئی لڑکی رکشے پر نظر آجائے تو پاس سے گزرنے والے اوباش جوان اُس رکشے پر حملہ کر کے اپنی جنسی درندگی کا مظاہر ہ کرتے ہیں یہ کون لوگ ہیں کہاں سے آتے ہیں ہر گزرتے دن کے ساتھ ایسے شرمناک واقعات کا ظہور بڑھتا ہی جا رہا ہے معاشرے کا بانجھ پن اور بے حسی کا خوفناک نظارہ پچھلے ماہ جنوری کی 7تاریخ کو کوہ مری میں دیکھنے میں آیا جب برف باری اپنے عروج پر پہنچی اور پھر درندگی اور حیوانیت کے جو واقعات سامنے آئے کہ انسانیت کانپ اٹھی برف باری کا آغاز ہوا تو پورا پاکستان لشکروں کی صورت میں کوہ مری پر حملہ آور ہو گیا وہ شہر جس میں دس ہزار گاڑیوں کے داخلے اور پارکنگ کی سہولت تھی اُس شہر پر ڈیڑھ لاکھ گاڑیوں نے یلغار کر دی ہماری قوم کی بے ترتیبی کا احمقانہ منظر سب نے دیکھا یہ نہیں دیکھا شہر میں پہلے کتنے لوگ جا چکے ہیں ہماری گاڑیاں اِس قابل ہیں کہ نہیں کہ برف باری والی سڑک پر چل سکیں ہمارے پاس وہ لباس ہیں کہ نہیں بلکہ دیکھا دیکھی پورا پاکستان مری پر حملہ آور ہو گیا جب مقامی لوگوں نے دیکھا کہ مری شہر کی گنجائش سے زیادہ بلکہ بہت زیادہ لوگ مری میں آگئے ہیں تو انہوں نے اپنی بندوقیں تان لیں کہ شکار نشانے پر آگیا ہے اب بھاگ بھی نہیں سکتا لہٰذا مقامی لوگوں نے بے رحم درندوں کی طرح مری آنے والے سیاحوں کو لوٹنا شروع کر دیا یہاں تک کہ عورتوں نے اپنے زیوارت اتار کر لٹیروں کے حوالے کئے اِس مشکل وقت میں جو دلوں کو چیرنے والا پہلو سامنے آیا وہ یہ تھا کہ شدید برف باری بہت زیادہ گاڑیوں کی وجہ سے ٹریفک کا سارا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا لوگ برف کے جہنم میں پھنس کر رہ گئے ٹریفک نظام کے ساتھ برف ہٹانے والا محکمہ بھی منجمند ہو کر رہ گیا انتظامیہ خواب خرگوش کے مزے لینے لگی لوگ بے یارو مدد گار کھلے آسمان نے نیچے مسلسل برف بناری میں زندگی کی بازی ہارنے لگے جب لوگ بے یارو مدد گار زندگی کی بازی ہار رہے تھے کوئی ان کا مدد گار پوچھنے والا نہ تھا حکمران طبقہ جو دن رات اپوزیشن کو لتاڑنے میں مصروف رہتا ہے جو ہر وقت تقریروں کی جگالی میں لفظوں کی جادوگری میں ایک دوسرے کو نیچے دکھانے میں توانائی صرف کرتا ہے وہ بھی آرام دہ بستروں میں غفلت کی نیند سو رہے تھے جب انسان برف کے جہنم میں دفن ہو رہے تھے اُس وقت اگر ریاست مدینہ کے دعوے دار صرف ایک کال کر کے مری انتظامیہ کو حرکت یا خبر دار کر دیتے تو آج وہ بیچارے ہمارے درمیان زندہ ہو تے لیکن دن رات تقریروں وعدوں لفظوں کو استعمال کرنے والے ایک کال نہ کر سکے کو چہ اقتدار کے مکین اپنے اقتدار کی کرسی کو پکا کر نے اور اپوزیشن کو ہرانے کے منصوبوں میں اپنی توانائی خرچ کرتے رہے اگر وہ ایک کا ل کر کے انتظامیہ کو الرٹ کر دیتے تو اتنا بڑا نقصان نہ ہوتا کوچہ اقتدار پر قابص ٹولہ دن رات اپنی مداح سرائی میں راگ الاپتا رہتا ہے ہر بات پر بہانہ کہانی ڈرامہ بازی الزام تراشی اُن کے پاس تیار جواب ہے کہ جب لوگ مری میں وطن عزیز کے کسی بھی حصے میں بے یارو مدد گار موت کی وادی میں اُتر رہے ہوتے ہیں اُس وقت اگر اپنی مداح سرائی یا اپوزیشن پر گالی گلوچ کی بجائے ایک کال کر کے حکومتی مشینری کو الرٹ کر دیں تو بہت سارے انسانوں کی جانیں بچ جائیں لیکن بے حس حکمران ایک کال کی بھی زحمت نہیں کرتے یہ لوگ بھول جاتے ہیں روز محشر اِن مظلوموں کی جانوں کا حساب لیا جائے گا ۔
 

Prof Abdullah Bhatti
About the Author: Prof Abdullah Bhatti Read More Articles by Prof Abdullah Bhatti: 806 Articles with 749365 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.