گبین جبہ سنو سپورٹس فیسٹیول ، سیاحت و ثقافت کے فروغ کیلئے اچھا اقدام

ڈپٹی کمشنر جنیدخان نے اس موقع پر ایک سکینگ کرنے والے ایک بچے کی حوصلہ افزائی کیلئے پچاس ہزار روپے کا انعام بھی دیا جن کی ویڈیو وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کی تھی.گبین جبہ سپورٹس سنو سپورٹس فیسٹیول کے مسلسل انعقاد سے یہ بات واضح ہوگئی ہیں کہ سوات جو ایک زمانے میںدہشت گردی کا شکار تھا اب الحمد اللہ سیکورٹی فورسزکی کاوشوں اور قربانیوں سے امن کا گہوارہ بن چکا ہے جبکہ سول انتظامیہ نہ صرف یہاں پر اس طرح کے کامیاب پروگرام منعقد کرکے یہ واضح کروا رہی ہیں کہ سوات کے لوگ اور شہر پرامن ہیں اور یہاں پر سیاحت کا فروغ ممکن ہے جو کہ بہترین اقدام ہے.

سوات کے علاقے گبین جبہ میں ہونیوالا تین روزہ سنو سپورٹس فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا ، جس میں کھیلوں کے مختلف مقابلوں کیساتھ ساتھ کلچرل پروگرام بھی رکھے گئے تھے ضلعی انتظامیہ اور ریجنل سپورٹس آفس کے تعاون سے ہونیوالے اس پروگرام کی خوبصورت بات مقامی کھلاڑیوں و کلچر کیساتھ ساتھ صوبے کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی پرفارم کرنے کا موقع ملا جس سے نہ صرف مقامی کھلاڑیوں اور کلچر کو پروموٹ کرنے کا موقع بھی ملا بلکہ اس سے سوات سے تعلق رکھنے والے افراد کو آگے آنے کا موقع بھی ملے گا.
گذشتہ سال گبین جبہ کے مقام پر بھی یہی میلہ منعقد کیا گیا تھا تاہم اس کی اختتامی تقریب گبین جبہ کے ٹاپ سے نیچے رکھی گئی تھی اس وقت برف بھی کم پڑی ہوئی تھی جبکہ سڑک بھی اس وقت مکمل طور پر نہیں بنی تھی جس کی وجہ سے کیچڑ سے بھرے روڈ پر چلنا نہ صرف کھلاڑیوں کو بلکہ عام لوگوں اور سیاحوں کو بھی پریشانی ا سامنا کرنا پڑا تھا. تاہم اس مرتبہ کی خوش آئند اور خوبصورت بات یہ تھی بقول ہمارے ایک دوست کے گبین جبہ کے ٹاپ تک کارپیٹڈ روڈ بنی تھی جس سے ٹاپ پر جانے والے افراد کی تعداد زیادہ رہی حالانکہ اس مرتبہ برف بھی زیادہ پڑی ہوئی تھی اور سڑک کنارے چار سے چھ فٹ تک برف پڑی تھی.
گبین جبہ سنو سپورٹس فیسٹیول کیلئے جو تاریخیں دی گئی تھی اس میں برف باری اور موسم کی وجہ سے تبدیلی بھی کی گئی اور اتوار کے روز گبین جبہ کے پروگرام کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی اور اس کیلئے انتظامیہ نے انتھک محنت کرکے روڈ کو کلیئر کردیا جو قابل ستائش اقدام ہے کیونکہ اتنے بڑی تعداد میں لوگ جس میں بیشتر سیاح دوسرے صوبوں سے آئے ہوئے تھے اور پہلی مرتبہ ان کا آنا تھا انہیں یہاں پر روڈ کلیئر ملا بلکہ یہاں کے مقامی لوگوں کے اچھے روئیے نے بھی لوگوں کو گرویدہ کردیا اور کراچی جیسے شہر سے آنیوالے سیاح بھی یہ بات کہتے ہوئے دکھائی دئیے کہ یہ الگ بات ہے کہ کراچی یہاں سے بہت دور ہے لیکن اگر ہم آئندہ سیر و سیاحت کیلئے آئینگے تو صرف سوات اور ان جیسے دیگر علاقوں کی طرف آئینگے.
افتتاح کے موقع پر میں جوڈو ، ووشو ، ویٹ لفٹنگ، سکینگ ، اور تیر اندازی کے مقابلے بھی ہوئے جبکہ چھوٹے بچوں کیلئے مختلف قسم کے پروگرامات رکھے گئے تھے جس سے بچے بھی لطف اندوز ہوئے گبین جبہ کے مقام پر ہونیوالے اس مقابلے کی خوبصورت بات یہی تھی کہ کلچرل پروگرام بھی منعقد کروایا گیا جس میں پی ٹی وی پشاور کے ایک سینئر اداکار اور دوست ارشد حسین جو علیل تھے نے بھی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا. موسیقی سے لوگ بھی محظوظ ہوئے تو چھوٹے قد کے بڑے اداکار زرداد بلبل اور اس کے دیگر ساتھیوں نے مزاحیہ اداکاری کرکے سیاح اور مقامی لوگوں کو اپنی پرفارمنس دکھادی. یہ الگ بات کہ ان کے چھوٹے قد اور اداکاری کی وجہ سے زیادہ تر لوگ زرداد بلبل اور دیگر اداکاروں کیساتھ سیلفیاں لگنے میں مصروف تھے .۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر جنید خان نے شرکت کی جبکہ ٹوازم اتھارٹی کے حکام سمیت سپورٹس ڈائریکٹریٹ سے تعلق رکھنے والے حکام بھی اس تقریب میں شریک رہے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جنید خان نے گبین جبہ کے مقام پر ہونیوالے اس سنو سپورٹس فیسٹیول کے حوالے سے بات چیت کی اور کہا کہ اس کا بنیادی مقصد سیاحوں کو اس طرف راغب کرنا ہے اور وزیراعظم عمران خان کے دورے کے بعد یہاں پر صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہیں انہوں نے سوات کو پرامن علاقہ قرار دیا اور کہا کہ انتظامیہ ہر قسم کے حالات سے بہتر انداز میں نمٹ رہی ہیں. ڈپٹی کمشنر جنیدخان نے اس موقع پر ایک سکینگ کرنے والے ایک بچے کی حوصلہ افزائی کیلئے پچاس ہزار روپے کا انعام بھی دیا جن کی ویڈیو وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ کی تھی.گبین جبہ سپورٹس سنو سپورٹس فیسٹیول کے مسلسل انعقاد سے یہ بات واضح ہوگئی ہیں کہ سوات جو ایک زمانے میںدہشت گردی کا شکار تھا اب الحمد اللہ سیکورٹی فورسزکی کاوشوں اور قربانیوں سے امن کا گہوارہ بن چکا ہے جبکہ سول انتظامیہ نہ صرف یہاں پر اس طرح کے کامیاب پروگرام منعقد کرکے یہ واضح کروا رہی ہیں کہ سوات کے لوگ اور شہر پرامن ہیں اور یہاں پر سیاحت کا فروغ ممکن ہے جو کہ بہترین اقدام ہے.
ڈپٹی کمشنر سوات جنیدخان جو بعض معاملات میں بہت زیادہ ایکٹیو ہے جن کی سرگرمی کا اندازہ ان کی ٹویٹس اور سوات میں مختلف حوالوں سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے بھی کیا جاسکتا ہے تاہم ان کی حوصلہ افزاءاقدام یہی ہے کہ انہوں نے گبین جبہ سنو سپورٹس فیسٹیول میں بھی پودے لگائے جس میں نہ صرف مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شجر کاری کی بلکہ بچوں سے بھی شجرکاری کرائی گئی اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں سکولوں کے بچے او رمقامی افراد شجرکاری مہم میں حصہ لے رہے ہیں جو آنیوالے وقتوں میں ان بچوں میں درختوںسے پیار کو مزید بڑھائے گا بلکہ سوات کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا اور درختوں کے کٹائی سے پیدا ہونیوالے ماحولیاتی خطرے کو بھی کسی حد تک کم کرنے کا باعث بنے گا.
سوات کی ضلعی انتظامیہ اس اقدام پر مبارکباد کی مستحق ہیں کہ انہوں نے تین روزہ سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کروایا لیکن انہیں مستقبل میں ہوٹل اور خصوصا ریسٹورنٹ میں دی جانیوالی سروسز اور قیمتوں کے حوالے سے بھی آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف خیبر پختونخواہ بلکہ دیگر صوبوں سے سیاحوں کی آمد پر انہیں مری جیسی صورتحال کاسامنا نہ کرنا پڑے کہ قیمتیں زیادہ وصول کی جارہی ہیں. ساتھ میں ان کیلئے ایک تجویز بھی ہے کہ جہاں بھی سپورٹس فیسٹیول منعقد کرے وہاں پر مقامی طور پر بننے والے مختلف اشیاءکے سٹالز بھی لگایا کرے تاکہ مقامی افراد کا روزگار بھی بہتر ہو اور سوات میں بننے والے مختلف چیزیں بھی ملک کے دوسرے حصوں کو پہنچ سکیں.جو یہاں پر آنیوالے سیاحوں کو بھی اٹریکٹ کریگی بلکہ مستقبل میں مقامی افراد اس طرح کے پروگرامات کیلئے خود کوشاں ہونگے کہ اس سے ان کے روزگار کے مواقع بہتر ہوئے ہیں.




Musarrat Ullah Jan
About the Author: Musarrat Ullah Jan Read More Articles by Musarrat Ullah Jan: 590 Articles with 419693 views 47 year old working journalist from peshawar , first SAARC scholar of kp , attached with National & international media. as photojournalist , writer ,.. View More