یہاں چائے میں ایک چمچ جیم ملا کر پی جاتی ہے، مختلف ممالک کے چند ایسے دلچسپ طور طریقے جو آپ بھی اپنا سکتے ہیں

image
 
دنیا کی رنگارنگی کا احساس انسان کو اسی وقت ہوتا ہے جب کہ وہ مختلف ملکوں اور اس میں رہنے والے افراد کی تہذیب اور اس کے رسم و رواج کا قریب سے مطالعہ کرتا ہے۔ کچھ چیزيں جو ہمارے معاشرے میں روزمرہ کی روٹین کا حصہ ہوتی ہیں کئی دوسرے ملکوں میں سختی سے منع ہوتی ہیں جیسے کہ ہمارے ملک میں گرمی کے موسم میں ٹھنڈا پانی پینا تازگی اور فرحت کا باعث ہوتا ہے- لیکن کچھ ایشیائی ممالک ایسے بھی ہیں جہاں سال کے بارہ مہینے نیم گرم پانی ہی پیا جاتا ہے اور وہاں پانی کو ٹھنڈا کر کے پینے کا تصور ہی محال ہوتا ہے- دنیا کے مختلف ممالک کے رنگا رنگ طریقے جو آپ بھی اپنا سکتے ہیں-آج ہم آپ کو ایسے ہی کچھ طور طریقوں سے آگاہ کریں گے جن کو اپنا کر ہم کچھ نیا اور بہتر کر سکتے ہیں-
 
چائے میں چینی کی جگہ جیم ملا کر پی کر دیکھیں
دنیا بھر میں چائے کا شمار سب سے زيادہ پیے جانے والے مشروب کے طور پر کیا جاتا ہے۔ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہر ملک کے اندر چائے پینے کا انداز دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ کہیں پر چائے کا صرف قہوہ پیا جاتا ہے اور ہمارے ملک میں چائے کا مطلب دودھ پتی چائے ہوتا ہے جس میں دودھ، چائے اور چینی کو اچھی طرح پکا کر پیا جاتا ہے- لیکن روس کے لوگوں کے حوالے سے یہ ایک خاص بات ہے کہ وہاں پر بھی چائے کا استعمال بہت ذوق و شوق سے کیا جاتا ہے- مگر وہاں کی سب سے خاص بات یہ ہوتی ہے کہ وہ لوگ چائے میں چینی ملانے کے بجائے مٹھاس کے لیے چائے میں جیم یا مارملیٹ شامل کر دیتے ہیں- تجربہ شرط ہے اس کو کر کے دیکھ لینے میں کوئی حرج نہیں ہے-
image
 
صحت کے لیے گرم پانی کے فوائد
جاپان کے لوگوں کے حوالے سے یہ بات مشہور ہے کہ ان کی عمریں بہت طویل ہوتی ہیں اور ان کے ملک میں صحت کی صورتحال دنیا کے تمام ممالک کے مقابلے میں کافی بہتر ہے- اس حوالے سے جاپان اور دوسرے ممالک کے لوگوں میں بنیادی فرق گرم پانی کے استعمال کا ہے- جاپان کے اندر مختلف جگہوں پر گرم پانی کے ایسے پول موجود ہیں جہاں پر لوگ باقاعدگی سے نہ صرف نہاتے ہیں بلکہ اس پول میں کچھ وقت بھی گزارتے ہیں- جس سے ان کے نہ صرف اعصاب پر سکون ہوتے ہیں بلکہ تھکن بھی ختم ہو جاتی ہے اور اس طرح کا باتھ ان کو کئی بیماریوں سے محفوظ رہنے میں بھی مدد دیتا ہے- جاپان کے لوگوں کے اس عمل کو ہم بھی اپنا سکتے ہیں اور اس کی طرح صحت مند رہ سکتے ہیں-
image
 
خاندانی ملاپ میں ہر عمر کے لوگ شامل
عام طور پر لوگ اپنے ہم عصر اور ہم عمر افراد کے ساتھ مل بیٹھنا اور وقت گزارنا پسند کرتے ہیں مگر اٹلی کا شمار دنیا کے ان واحد ملکوں میں ہوتا ہے جہاں پر بیک وقت میں اکثر مختلف عمر کے لوگ آپس میں چھٹی اور تہواروں کے موقع پر مل بییٹھتے ہیں- اور مختلف عمر کے لوگ ایک ساتھ بیٹھ کر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تجربات بھی شئير کرتے ہیں-جبکہ عام طور پر ہمارے ملک میں بڑوں کی محفل میں بچوں کے بیٹھنے کو معیوب سمجھا جاتا ہے- لیکن اس طرح کی محافل اور پارٹیز کے انعقاد سے بچوں کی تربیت میں بہت مدد مل سکتی ہے-
image
 
غسل خانے میں فرش پر گٹر لائن نہیں ہوتی ہے
امریکہ وغیرہ کے غسل خانے جب ویڈیو میں دیکھے جاتے ہیں تو ان کے خشک چمکتے ہوئے فرش بہت اٹریکٹ کرتے ہیں- اس کا سبب یہ ہوتا ہے کہ امریکہ میں باتھ ٹب کے علاوہ گٹر لائن موجود نہیں ہوتی ہے- اس وجہ سے وہ اس جگہ کے علاوہ کہیں بھی پانی نہیں بہاتے ہیں- بظاہر دیکھنے میں تو یہ بہت اچھا لگتا ہے لیکن اگر امریکہ والے کبھی باتھ روم دھونا چاہیں تو یہ ان کے لیے ممکن نہیں ہوتا ہے- اس وجہ سے ان کو باتھ روم کی صفائی کے حوالے سے کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور وہ باتھ روم کو دھونے کے بجائے صرف پونچھا ہی لگانے تک محدود ہوتے ہیں- اس وجہ سے امریکہ والوں کو چاہیے کہ ہم سے سبق سیکھیں اور باتھ روم میں ایک گٹر لائن فرش پر بھی بنا دیں کیا خیال ہے ؟
image
YOU MAY ALSO LIKE: