پی او سی جی حاضر ہے!

حسیب اعجاز عاشرؔ
ایک کروڑ 12 لاکھ سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے بھائی اوربلاشبہ وطن عزیز کابہت قیمتی اثاثہ جہاں پاکستان میں اپنے گھر والوں کیلئے خوشیوں کا ساماں میسر کر رہے ہیں وہاں یہ کثیر زرمبادلہ پاکستان بھیج کر ملکی معیشت کی بہتری اور استحکام میں اپنا مضبوط کرداربھی ادا کر رہے ہیں۔ویسے توہرادوار میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے اِن پردیسیوں کے مسائل کے حل اور حقوق کے تحفظ کیلئے بے شمار اقدامات ہوتے رہے ہیں،حکومت وقت نے بھی پہلی بار ایک کروڑ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے عملی اقدامات سمیت آن لائن پاورآف اٹارنی،ویب پورٹل، سوہنی دھرتی اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کاآغاز کیا جو قابل تحسین توہے مگر ناکافی ہیں کئی مسائل اور شکایات تو ایسی ہیں جس پر اورسیز پاکستانیوں کی آواز صاحبِ اقتدار تک کچھ مزاحمتوں، بے حس رویوں اور فرسودہ نظام کے تلے دب جاتیں رہی ہیں۔لیکن اب حالات دھیرے دھیرے بدل رہے اور دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانیوں کی حقیقی ترجمانی کیلئے پی او سی جی ہرمحاذ پر فرنٹ پر نظر آ رہی ہے، جس کا تذکرہ زبان زد عام ہونے لگا ہے۔پی او سی جی (پاکستان اورسیز کمیونٹی گلوبل) جس کے نوے سے زائد ممالک میں دفاتر اور نمائندگان جذبہ حب الوطنی سے سرشار اورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔جو اوورسیز پاکستانیوں کو وی وی آئی پی کا درجہ دلانے کیلئے خصوصی مالی اور غیر مالی مراعات اور پروٹوکول دینے کے حوالے سے حکومتی فیصلوں پر سو فیصد عملدآمد کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ آفیشل عہدیداروں سے بھی رابطے میں ہیں۔اِ ن مراعات میں پاکستان ریلویز، پاسپورٹ آفس، نادرا،پی آئی اے، ایف بی آر، پولیس، موٹرویز، بجلی، وفاقی تعلیمی اور گیس کی کمپنیاں سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔
اورسیز پاکستانیوں سے موثر رابطوں میں بہتری کیلئے پی او سی گلوبل کے پاکستان چیپٹرمیں بڑے پیمانے میں تنظیم سازی کا آغاز ہوچکا ہے،پہلے مرحلے میں لاہور چیپٹر کو مکمل متحرک کیا جارہا ہے۔گزشتہ دنوں لاہور کے مقامی ہوٹلز میں منعقدہ دو تقاریب میں صدر پاکستان چپٹر (POCG) عامر رفیق قریشی کی زیرصدارت صدر لاہور پاکستان چیپٹر پی او سی جی امجد اقبال امجد کی مشاورت سے نومنتخب عہدیداروں میں منیر محمد رضا،مقصود احمد بٹ،سجاد افضال،محمد عدنان سرور،عدیل منور،صفدر علی،صابر بخاری اور راقم الحروف کو باقاعدہ نوٹیفیکیشنز جاری کر دیئے گئے۔اِس موقع پر عامر رفیق قریشی نے اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہا اور چند مطالبات سامنے رکھے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے موبائل ٹیکس ختم کیے جائیں۔جائیداد سے متعلقہ مسائل کو ایک ہفتے کے وقت کے دوران نمٹایا جائے اور اس کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے۔ پی آئی اے کی پاکستان یورپ پروازیں مکمل بحال ہونی چاہیے۔مطالبات پیش کرتے ہوئے صدر پاکستان چیپٹر کا کہنا تھا کہ حکومت اوور سیز پاکستانیوں کے لیے بہترین سرمایہ کاری کے حوالے سے منافع بخش پراجیکٹس تشکیل دے جس میں پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل اپنا مکمل اور اہم کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔صرف 3ماہ میں تقریباً 14کھرب روپے (8بلین ڈالر) پاکستان بھیجے والے یہ اوورسیز پاکستانی خصوصی توجہ کے طلب گار ہیں حکومت کو چاہیے کہ ہر سرکاری ادارے میں خصوصی اوورسیز ڈیسک بنایا جائے تاکہ اوور سیز پاکستانیوں کو بھی محسوس ہو کہ حکومت پاکستان ان کا خیال رکھتی ہے۔
یہ حقیقت ہے کہ اِن پردیسیوں کی اپنے ملک سے والہانہ محبت و عشق ہر شک و شبہ سے پاک ہے،اِن کے دل سمندر پار رہتے ہوئے بھی وطن عزیز کی مٹی کے ساتھ ایسے جڑے ہیں کہ سانسوں میں اپنی مٹی کی مہک تک محسوس کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان سے ملنے والی ہر چھوٹی بڑی اچھی خبروں پر مسکراہٹیں اُن کے لبوں پر کھلکھلانے لگتی ہیں اور مصیبت کی گھڑی میں اُن کے چہروں پر اضطرابی وبے قراری کا ایک جہاں ڈیرے لگا لیتا ہے اور دل مغموم ہوجاتے ہیں اور یوں لمحہ بہ لمحہ ملکی حالات بارے ہر خبر سے باخبر رہنے کی جستجوانہیں بے چین کئے رکھتی ہے مگر افسوس کہ ملک میں 29 ارب ڈالر سالانہ کا زرمبادلہ بھیجنے والے اِن محب وطن پردیسیوں کی محبت کا اعتراف ایسا شاندار نہیں کیا جاتاجس کا وہ حق رکھتے ہیں۔ اِن پردیسیوں کے بے مثال جذبات اور احساسات کو مدنظر رکھتے ہوئے اب پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل کا پاکستان چیپٹرپختہ عزم اور غیرمتزلزل ارادوں کے ساتھ سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کو یقین دہانی کرانے کو تیار ہے کہ کوئی بھی دشواری اور پریشانی ہو تو گھبرائیے گانہیں اللہ کے حکم سے آپ کی تکلیف کے ازالے کیلئے پی او سی جی حاضر ہے۔

Haseeb Ejaz Aashir
About the Author: Haseeb Ejaz Aashir Read More Articles by Haseeb Ejaz Aashir: 122 Articles with 134877 views https://www.linkedin.com/in/haseebejazaashir.. View More