نہ زمین پھٹی اور نہ آسمان گرا، باراتیوں کی لاش کے ہمراہ دعوت اڑانے کی ویڈیو جس کو دیکھ کر روح کانپ جائے

image
 
بزرگوں کی کہاوت ہے کہ انسان اور جانور میں سب سے بڑا ایک فرق ہوتا ہے اور وہ فرق احساس کا ہوتا ہے انسانوں میں دوسرے انسانوں کے لیے احساس ہوتا ہے جس سے جانور عاری ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات انسان کے لبادے میں انسانیت ہی دم توڑ جاتی ہے-
 
ایسا ہی ایک واقعہ پنجاب کے شہر پتوکی میں گزشتہ دنوں پیش آيا جب کہ پتوکی کے ایک شادی ہال میں شادی کی ایک تقریب جاری تھی- عام طور پر شادی ہال وغیرہ میں شادی کی تقریب میں مہمانوں کے رش کی وجہ سے مختلف ٹھیلے والے ہال کے باہر بچوں کو لبھانے کے لیے مختلف سامان فروخت کے لیے لے کر آجاتے ہیں-
 
ایسے ہی ٹھیلے والوں میں ایک اشرف پاپڑ فروش بھی تھا جو کہ ہال کے باہر پاپڑ فروخت کرنے کے لیے موجود تھا تاکہ بچے اس سے پاپڑ خرید سکیں اور وہ اپنے بچوں کے لیے کھانے پینے کو کچھ لے جا سکے-
 
 
مگر اسی دوران رش کے سبب آنے والے مہمانوں میں سے کسی کی جیب کٹ گئی جس پر ہال میں موجود افراد کا شک اشرف پاپڑ والے پر گیا اور انہوں نے اس پچاس سالہ اشرف پاپڑ والے کو تشدد کا نشانہ بنایا-
 
لوگوں کے تشدد کے سبب اشرف نہ صرف شدید زخمی ہو گیا بلکہ زخموں کی تاب نہ لا کر موقع پر ہی جان بحق ہو گیا۔ اس سارے واقعے کا سب سے افسوسناک پہلو یہ رہا کہ ہال کی انتظامیہ نے اشرف کی لاش کو ہال ہی میں ایک جانب رکھ دیا-
 
جب کہ باقی تمام مہمان اس کی موت سے قطع نظر شادی کی تقریب کے کھانے سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ اس موقع پر موجود مہمانوں نے اس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شئير کردی جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اشرف کی لاش زمین پر پڑی ہوئی ہے اس کے منہ پر مکھیاں بیٹھ رہی ہیں جب کہ باقی تمام افراد کھانا کھا رہے ہیں-
 
یہ ویڈيو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور اس کی خبر وزير اعلیٰ پنجاب عثمان بوزدار تک بھی پہنچ گئی- جنہوں نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم جاری کر دیا ہے اور قانون کو ہاتھ میں لے کر اس ظلم کو کرنے والے افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کا حکم بھی جاری کر دیا ہے-
 
انسانی معاشرے کی سب سے بڑی خصوصیت اس کی اجتماعیت ہوتی ہے جہاں پر ایک انسان کی تکلیف سے دوسرے تمام انسان متاثر ہو سکتے ہیں- لیکن یہاں معاملہ اس کے بر عکس نظر آيا اور ایک لاش کی موجودگی میں پوری بارات نہ صرف سکون سے کھانا کھاتے ہوئے نظر آئی بلکہ ایسا محسوس ہوا کہ ان افراد کو اپنی موت تک یاد نہ تھی جو ان کے حلق سے ایک بے گور و کفن لاشہ دیکھنے کے باوجود شادی کا کھانا اترتا رہا-
YOU MAY ALSO LIKE: