بچے کا ہسپتال پہنچنا ضروری یا وی آئی پی پروٹوکول، گاڑی پر جھنڈا لگتے ہی عام سے خاص ہونے والے لوگ اور ان کے پروٹوکول کے عوام پر عذاب

image
 
اگر آپ کا تعلق پاکستان کے کسی بڑے شہر سے ہے تو آپ اس بات سے لازمی واقف ہوں گے کہ وی آئی پی پروٹوکول سے کیا مراد ہے۔ جھنڈا لگی گاڑی اور اس کے آگے پیچھے سیکیورٹی کی گاڑیاں اور عام عوام کے لیے ٹریفک بند کے مناظر اور اس کے سبب ہونے والی کوفت کا سامنا تو سب ہی نے کیا ہوگا-
 
وی آئی پی پروٹوکول کے متاثرین
گزشتہ دنوں ایک ویڈيو نظر سے گزری جس میں ایک آدمی گود میں بچہ لیے پولیس اور سیکیورٹی گارڈ سے منتیں کرتا نظر آرہا ہے کہ وی آئی پی مومنٹ کے لیے لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی جائيں تاکہ وہ اپنے بیمار بچے کو ہسپتال لے جا سکے-
 
بیمار بچے کا باپ
کسی بھی والدین کے لیے یہ بہت کڑا وقت ہوتا ہے جب کہ اس کے بچے کو طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کو پتہ ہوتا ہے کہ اگر اس کے بچے کو بر وقت علاج کی سہولت نہ ملی تو اس کا بچہ زندگی کی بازی ہار بیٹھے گا-
 
بظاہر بے بس مگر حقیقت میں بے اختیار پولیس والا
جب کہ دوسری جانب وہ بے چارے اور لاچار سیکیورٹی گارڈ یا پولیس والے ہوتے ہیں جو کہ اوپر سے آنے والے احکام کو ماننے پر مجبور ہوتے ہیں اور اگر ان آرڈرز کو ماننے میں کسی مجبور اور لاچار باپ کو دیکھ کر تھوڑی نرمی کر دیں تو ان کو نوکری سے جواب مل جائے گا -
 
image
 
نوکری جانے کی صورت میں اس کے اپنے بچے بھوک سے بلک بلک کر مرنے پر مجبور ہو جائيں گے جس کی وجہ سے وہ اپنے بچوں کی زندگی کی خاطر کسی دوسرے کے جاں بلب بچے کو علاج کے لیے ہسپتال تک جانے کا راستہ دینے سے معذور ہوتا ہے-
 
وی وی آئی پی جس کو سڑک پر ہوتے المیہ کی ہوا تک نہیں لگتی ہے
اس سارے واقعہ کا ایک کردار اور بھی ہے جس کی وجہ سے ہی یہ سارے المیہ نے جنم لیا ہوتا ہے اور وہ ہوتا ہے وی آئی پی ۔ ہمارے ملک میں یہ وی آئی پی اکیس گریڈ کا سرکاری افسر بھی ہو سکتا ہے۔ سپریم کورٹ کا کوئی جج بھی یا حکومت چلانے والا کوئی بڑے عہدے پر فائز سیاست دان بھی ہو سکتا ہے
 
اس کا وی آئی پی مومنٹ کا کانواۓ کسی بھی سڑک پر سے زوم کر کے گزر جاتا ہے کیونکہ اس وی آئی پی کا وقت بہت قیمتی ہوتا ہے اور شائد اس کی جان بھی بہت قیمتی ہوتی ہے- اس غریب کے بچے سے بھی زیادہ قیمتی جو کہ اپنے باپ کی گود میں علاج نہ مل سکنے کے سبب آخری سانسیں لے رہا ہوتا ہے-
 
گزشتہ حکومت میں عمران خان جب اقتدار میں آئے تھے تو انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اس وی آئی پی پروٹوکول کا خاتمہ کریں گے لیکن کچھ عرصے کے بعد ہی یہ سننے کو ملا کہ وزیر اعظم صاحب کی جان کو خطرہ ہے اس وجہ سے یہ ضروری ہے-
 
image
 
آپ پروٹوکول ضرور لیں مگر ہمارے بچوں پر بھی رحم کریں
ایسے بہت سارے واقعات ماضی قریب میں بھی نظر میں آتے رہے ہیں جس میں وی آئی پی پروٹوکول میں ایمبولنس میں ہی غریب لوگ جان کی بازی ہار بیٹھے ہیں- ایسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عوامی حکمرانوں کو خصوصا ایسی قانون سازی کرنی چاہیے جس کے تحت کسی بھی پروٹوکول کی صورت میں ایمبولنس یا بیمار افراد کو علاج کی سہولت کے لیے خصوصی اجازت حاصل ہو-
 
آپ کا اس حوالے سے کیا کہنا ہے اپنے کمنٹ سے ضرور آگاہ کریں
YOU MAY ALSO LIKE: