مجھ سے ملیۓ! میں ہوں "فرعون وقت"

تاریخ کی ایک شخصیت جو خدائی کے دعوی کی وجہ سے دنیا میں اپنا تعارف فرعون کے نام سے کرواتی ہے اس کی ایک خوبی جس کی میں معترف ہوں، وہ آج اپنے معزز قارئین کے ساتھ شیئرکرنے جا رہی ہوں۔ جی ہاں! "خوبی"۔ آپ کو یقینا" بہت بڑا دھچکا لگا ہو گا اور دماغ نے آپ کو دوبارہ مندرجہ بالا سطور پڑھنے پر اکسایا ہو گا اس یقین کامل کے ساتھ کہ یہ ضرور کوئ typing mistake ہوگی کیونکہ بحیثیت مسلمان ہم تو فرعون کی تعریف سن سکتے ہیں نہ کر سکتے ہیں۔

چلیں آپ کے شش وپنج کی گتھی سلجھاتی ہوں۔ فرعون نے جب خدائ کا دعوی کیا تو علی الاعلان کیا، حضرت موسی کی نبوت کا انکار کیا تو بھی ڈنکے کی چوٹ پر کیا، اس نے "منافقت" کا سہارا نہ لیا۔ بات کو مزید طول دیۓ بغیر میں اب آپ کو روشناس کرانے لگی ہوں معاشرے کے "فرعون وقت" سے۔ ان فرعونوں سے جنہوں نے کتنی ہی زندگیوں کو معاشی اعتبار سے تباہ کر ڈالا، کتنے ہی لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا، جو خود کو لوگوں کی زندگی و موت، روزی، روٹی اور کاروبار کے مالک سجھتے ہیں۔ وہ جو عبادت تو خداۓ واحد کی کرتے ہیں مگر خود کو خدائ درجہ دیۓ بغیر رہ نہیں پاتے۔ کمال بات یہ ہے کہ وہ اپنے اس خدائ کے دعوی سے قطعی لا علم ہوتے ہیں۔ چلیں میرے ساتھ آپ بھی ایسے ہی کچھ وقت کے فرعونوں کی لاعلمی پر ماتم کر لیجیۓ جن کی چند مثالیں ذیل میں درج کر رہی ہوں۔

بھتہ مافیا(دکاندار یا تاجر سے): بھتہ نہیں دو گے تو تمہارا کاروبار چلنے نہیں دینگے یا تم اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھو گے۔ (ماضی کے جھروکوں سے)
تعلیمی اداروں کے سربراہان (خاتون استاد سے): میرے ساتھ کچھ وقت نہیں گزاروگی تو تمہاری نوکری نہیں رہے گی۔
میڈیکل آفیسر/ہسپتالوں کے سربراہان (جونیئر لیڈی ڈاکٹر/نرس سے): اگر آپ اپنی نوکری برقرار رکھنا چاہتی ہیں یا ترقی کرنا چاہتی ہیں تو مجھ سے دوستی کر لیں ورنہ سمجھیں آپ کی نوکری تو گئ۔
تھانہ مافیا (چھوٹے موٹے مجرم سے): اگر قید سے رہائ چاہتے ہو تو میری کچھ خاطرتواضع کرو ورنہ تم مجھے جانتے نہیں ایسے ایسے کیس بناؤنگا کہ ساری زندگی جیل میں سڑتے رہو گے۔

امید ہے آپ میرے نقطۂ نظر کو سمجھ گۓ ہونگے۔ بہت معزرت کے ساتھ اختتام کرنا چاہونگی ان تمام شعبہ جات سے وابستہ معزز لوگوں سے جن کا ذکر میں نے اپنی تحریر میں کیا۔ میں جانتی ہوں اور یقینا" آپ بھی کہ سب لوگ ایک جیسے نہیں ہوتے مگر اس مشہور زمانہ فقرے سے بھی تو ہم منہ نہیں موڑ سکتے کہ ایک گندی مچھلی پورے تالاب کو گندا کر دیتی ہے۔

آخر میں ایک گذارش آپ سب سے بھی کہ ہمیں بھی اپنا احتساب کرنے کی ضرورت ہے کہ کہیں ہم بھی اپنی لاعلمی کے باعث فرعون وقت کی فہرست میں تو شامل نہیں۔ بس تھوڑا وقت نکال کر غور کر لیجیۓ۔
 
Asma Ahmed
About the Author: Asma Ahmed Read More Articles by Asma Ahmed: 47 Articles with 48086 views Writing is my passion whether it is about writing articles on various topics or stories that teach moral in one way or the other. My work is 100% orig.. View More