جب آپ کسی کا گھر جلاتے ہو تو چنگاریاں آپ کے دامن پر بھی آتی ہیں، اداکارہ نوین وقار کی طلاق پر سوشل میڈيا نے ان کی ہی کلاس کیوں لے لی؟

image
 
صدیوں سے ایسی عورت کو جو کہ کسی دوسرے جوڑے کا گھر توڑنے کا سبب بنتی ہیں بہت بری نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ ہمارے شوبز میں بھی کچھ خواتین کو گھر توڑنے والی عورت کا خطاب دیا جاتا ہے ان میں سے ایک تو صدف کنول ہیں جن پر سائرہ اور شہروز کا گھر توڑنے کا الزام لگایا جاتا ہے اسی طرح ماضی میں اداکارہ نوین وقار پر بھی ایسا ہی الزام لگایا جاتا رہا جنہوں نے جب اداکار اور ہدایت کار اظفر علی سے شادی کی تو لوگوں نے اس کو سلمیٰ حسن اور اظفر کے ہنستے بستے گھر کو توڑنے والا قرار دے کر بہت برا بھلا کہا۔
 
نوین وقار کا اظفر علی کے ساتھ طلاق کے بعد اعتراف
مگر جو دوسروں کو تکلیف دیتے ہیں وہ خود بھی سکھ میں نہیں رہتے اور ایسا ہی کچھ نوین وقار کے ساتھ ہوا۔ ماضی میں ڈرامہ ہم سفر میں جس طرح نوین وقار نے جو کردار ادا کیا تھا سوشل میڈيا صارفین کے مطابق انہوں نے حقیقی زندگی میں بھی وہی کردار اظفر علی اور سلمیٰ حسن کی زندگی میں کیا اور اب اس وقت اسی طرح کے ڈپریشن کا بھی شکار رہیں جس طرح سے ڈرامے میں ان کے کردار کے ساتھ ہوا تھا اور وہ خودکشی پر مجبور ہو گئی تھیں-
 
حالیہ دیے گئے ایک انٹرویو میں نوین وقار کا یہ کہنا تھا کہ اظفر علی سے طلاق ان کی زندگی کا مشکل ترین وقت تھا یہ وہ وقت تھا جب ان کی پہلی سیریل ہم سفر نے ہی ان کو شہرت کے آسمان پر پہنچا دیا تھا۔جب کہ دوسری طرف حقیقی زندگی کے مسائل ان کو بری طرح توڑ رہے تھے- ان کا یہ کہنا تھا کہ اس سب سے خود کو نکال کر دوبارہ سے کھڑے ہونا ان کے لیے بہت مشکل فیز تھا۔ مگر ان سب حالات نے ان پر یہ ثابت کیا کہ وہ کتنی بہادر ہیں۔ یہ ان کی زندگی کا ایسا وقت تھا جس نے ان کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا اور وہ ایسی انسان بن گئيں جو کسی دوسرے تک اپنی ذاتی زندگی شئیر کرنے پر یقین نہیں رکھتی ہیں-
 
image
 
سوشل میڈیا والوں نے نوین وقار کو آڑے ہاتھوں لے لیا
حالیہ دیے گئے انٹرویو میں اپنی طلاق کے بارے میں بات کر کے اور اپنی زندگی کی مشکلات بیان کرنے کے باوجود بھی سوشل میڈيا صارفین نے ماضی میں کیۓ گۓ ان کے عمل کو معاف نہیں کیا اور ان کو آئینہ دکھانا ضروری سمجھا-
 
ایک صارف کا ان کے انٹرویو کے حوالے سے کہنا تھا کہ نوین وقار کی زندگی کی مشکلات کے حوالے سے وہ ان کے منہ سے جتنا بھی سن رہی ہیں اتنا ہی وہ اس سے قائل نہیں ہو پا رہیں کیوں کہ ان کو اس وقت وہ دباؤ یاد آرہا ہے جس کا سامنا نوین وقار کی وجہ سے سلمیٰ حسن کو کرنا پڑا ہوگا- ایک بالغ انسان کی حیثیت سے اللہ تعالیٰ نے ہمیں سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں سے نوازا ہے۔ انہوں نے ایک ایسے شخص کا انتخاب کیا جس نے اپنی بیوی اور بچوں سے بے وفائی کی۔ تو پھر نوین یہ امید کیسے رکھ سکتی تھیں کہ وہ شخص ان سے وفا کرے گا-
 
جب کہ ایک اور صارف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈرامہ ہم سفر کے کردار سے بھی کوئی سبق نہیں سیکھا آپ نے عورت ہونے کے باوجود دوسری عورت سے دشمنی کی۔ جب کہ سلام پیش کرنا چاہیے سلمیٰ حسن کو جس نے اتنے مشکل وقت کو بہت حوصلے سے گزارا اگر آپ دوسروں کا گھر توڑتے ہیں تو پھر یاد رکھیں خوش آپ بھی نہیں رہیں گے-
 
image
 
اب جب کہ نوین وقار اور اظفر علی میں بھی علیحدگی ہو چکی ہے اور دونوں اپنی اپنی زندگی میں آگے بڑھ چکے ہیں مگر اس کے باوجود دنیا والے ان کے اس گناہ کو معاف کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور ان کی زندگی میں آنے والے تمام مسائل کا سراسر ذمہ دار خود ان کو ہی قرار دیتے ہیں-
 
آپ کا اس حوالے سے کیا کہنا ہے
YOU MAY ALSO LIKE: