عالمی سودمند تعاون کی نئی شروعات

کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ کی جانب سے 20 ویں سی پی سی قومی کانگریس کو پیش کردہ رپورٹ کو بین الاقوامی برادری میں نمایاں پزیرائی ملی ہے اور دنیا اسے چین کی جانب سے اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور باقی دنیا کے ساتھ فائدہ مند تعاون کی علامت کے طور پر دیکھ رہی ہے۔مبصرین کے نزدیک قومی کانگریس نہ صرف چین کے لئے اہم ہے ، بلکہ باقی دنیا پر بھی اہم اثرات مرتب کرئے گی۔عالمی مبصرین کے مطابق چینی جدیدیت دوسرے ممالک پر بھی مثبت اثرات مرتب کرے گی ، اور بنی نوع انسان کے لئے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کا وژن ، جسے اس رپورٹ میں ایک مرتبہ پھر اجاگر کیا گیا ہے ، عالمی ترقی کے لئے انتہائی اہم ہے۔دنیا کے نزدیک یہ کانگریس چین کی ترقی کے لئے اہم سیاسی سمت کا تعین کرتی ہے تاکہ ملک کو زیادہ سے زیادہ خوشحالی کی طرف بڑھایا جاسکے ، اور بہتر مستقبل کے لئے ایک ایسا نیا بلیو پرنٹ تشکیل دیا جائے جو نہ صرف چینی عوام بلکہ باقی دنیا کے عوام کی ترقی کو بھی مشترکہ طور پر آگے بڑھا سکے۔
دنیا نے مزید تسلیم کیا ہے کہ چین کی ترقی ایک ایسا زبردست محرک ہے جو انسانی ترقی کو مسلسل آگے بڑھا رہا ہے۔یہ ایک حقیقت ہے کہ چینی خصوصیات کا حامل سوشلزم 2012 میں ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے ، جس کی روشنی میں پارٹی اور ملک کے نصب العین نے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور تاریخی تبدیلیوں کا مشاہدہ کیا گیا ہے۔اسی باعث سی پی سی اور چینی عوام کی مشترکہ طور پر حاصل کردہ کامیابیوں کے دنیا پر بھی دور رس اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ بین الاقوامی برادری نے متعدد نقطہ نظر سے ، نئے عہد میں چین کی قابل ذکر کامیابیوں کا تجزیہ کیا ہے تاکہ ترقیاتی چیلنجوں پر قابو پانے اور زندگی کو سمجھنے میں ملک کے تجربات کا ادراک کیا جا سکے۔مبصرین کے نزدیک سی پی سی نے ذمہ دارانہ رویے کے ساتھ ملک کو پائیدار ترقی کے حصول کی راہ پر گامزن کیا ہے جو اس کے سیاسی وژن اور دانشمندی کا مظہر ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ چینی خصوصیات کا حامل سوشلزم اور چینی حکمرانی کا نظام لوگوں کے لئے خوشی کے حصول میں ایک رول ماڈل ہے۔ حقائق یہ ثابت کرتے ہیں کہ سی پی سی کا نصب العین نہ صرف چینی عوام بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچاتا ہے۔ بین الاقوامی برادری کا کہنا ہے کہ کانگریس میں کیے گئے فیصلوں نے چین کی اگلے مرحلے کی ترقی کے لئے ایک واضح نقطہ نظر کی عکاسی کی ہے ، اور سی پی سی چینی عوام کی خوشی اور چینی قوم کی عظیم نشاتہ الثانیہ کی راہ پر آگے بڑھنے کے لئے رہنمائی جاری رکھے گی۔یہ امید بھی ظاہر کی گئی ہے کہ پہلے کی نسبت چین اب اس سے بھی بڑے کرشمے تخلیق کرنے میں زیادہ پراعتماد ہے۔

چین ویسے بھی ہر لحاظ سے خود کو ایک جدید سوشلسٹ ملک بنانے کے ایک نئے سفر پر گامزن ہے،ایسے میں یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے لئے یقین اور استحکام پیدا کرے گا اور اپنے اور دوسرے ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کے شعبوں کو وسعت دے گا۔اسی طرح بین الاقوامی برادری نے انسانیت کے لئے ہم نصیب سماج کی تعمیر کے لئے چین کے پختہ عزم کو بھی مزید تسلیم کیا ہے۔ شی جن پھنگ نے کانگریس کے دوران اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دنیا بے مثال چیلنجوں سے دوچار ہے ، لہذا سی پی سی نے ہمیشہ دنیا پر زور دیا ہے کہ وہ انسانیت کے مستقبل اور تقدیر کو سمجھیں اور مل کر اس کی تشکیل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تمام ممالک مشترکہ بھلائی کے مقصد کی پیروی کرتے ہیں تو دنیا ہم آہنگی سے رہ سکتی ہے ، باہمی فائدے کے لئے تعاون کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے اور مل کر دنیا کے روشن مستقبل کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔

دنیا تسلیم کرتی ہے کہ چین ہمیشہ عالمی امن کے تحفظ اور مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کی اپنی خارجہ پالیسی کے مقصد کے لئے پرعزم رہا ہے ، چین نے ہمیشہ بنی نوع انسان کے لئے ہم نصیب سماج کی تعمیر کی وکالت کی ہے ، جو پارٹی کی وسیع ذہنیت اور ذمہ داری کے احساس کی مکمل عکاسی کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی برادری کا کہنا ہے کہ 20 ویں سی پی سی قومی کانگریس چین کو عالمی امن کے تحفظ اور بین الاقوامی نظام کو مزید منصفانہ بنانے اور دنیا بھر کے تمام ممالک کو کووڈ۔19 وبائی صورتحال کے اثرات سے نمٹنے ،موسمیاتی تبدیلی ،معاشی گراوٹ،علاقائی و عالمی تنازعات اور دیگر مسائل سے نمٹنے میں مدد کرے گی۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1385 Articles with 658689 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More