پردیس

ہمیں الفاظ کے معانی ہمارے ابتدائی تعلیمی سالوں میں اردو ، انگلش یا کوئی بھی اور زبان جو ہم سیکھ رہے ہوتے ہیں کروائے جاتے ہیں ۔ پر جو معانی ہمیں زندگی کی درسگاہ میں سیکھنے کو ملتے ہیں وہ اکثر مختلف ہوتے ہیں ۔

لفظ پردیس سے جو پہلا خیال دماغ میں آتا ہے وہ شہر یا ملک سے اپنوں سے دور دراز کسی جگہ کا خیال ہوتا ہے جہاں بہت کم ہی کوئی ہم زبان ، ہم خیال ہوتا ہے ۔ آپ پر کوئی خوشی غمی بن جائے تو پاس کوئی نہیں ہوتا ۔ آپ کے وطن میں کچھ اچھا یا برا ہو تو آپ موجود نہیں ہوتے ۔

پر کیا یہ صرف شہر یا ملک سے دوری پر ہوتا ہے ۔ ؟

ارے نہیں جناب اپنے گھر میں موجود بیاہی بیٹیوں ، بہوں سے اور اپنی بیویوں سے پوچھیے گا ۔بہت بار پردیس کی یہ کیفیت انہوں نے بھی جھیلی ہو گی ۔ خوشی غمی کے بہت سے پلوں میں جب دل نے چاہا ہو گا کہ اڑ کر اپنوں کے پاس پہنچ جائیں ۔ پر دل کا چاہا چپ چاپ مجبوریوں ، اکثر وسائل کی کمی ،حالات کی ناسازگاری کی وجہ سے حسرت کی چادر بنا کر اوڑھ لیا ہو گا ۔

دن بھر خاموش اور پرسکون ظاہر کر کے رات کو کچھ آنسو تکیہ سے بانٹ لیے ہوں گے ۔ اپنے ملک ، اپنے شہر میں ہوتے ہوئے ہمارے معاشرے کی کافی عورتیں پردیس میں ہوتی ہیں ۔

ان سب پردیسی بہنوں ، ماؤں ، بیٹیوں کو سلام ۔
 

Maryam Sehar
About the Author: Maryam Sehar Read More Articles by Maryam Sehar : 48 Articles with 59100 views میں ایک عام سی گھریلو عورت ہوں ۔ معلوم نہیں میرے لکھے ہوے کو پڑھ کر کسی کو اچھا لگتا ہے یا نہیں ۔ پر اپنے ہی لکھے ہوئے کو میں بار بار پڑھتی ہوں اور کو.. View More