قومی مسابقہ حفظ قرآن ۔۔۔۔وفاق المدارس العربیہ پاکستان کا ایک تاریخ ساز اقدام

 وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام قومی مسابقہ حفظ قرآن 30جنوری2023 بروز پیر فیصل مسجد میں منعقد کیا جائے گا۔ بین الاقوامی سطح کا یہ عظیم الشان مسابقہ قرآن پاک بہت سارے پہلوؤں میں منفرد حیثیت رکھتا ہے،اوریہ صوبائی سطح پر منعقد ہونے والے حفظ قرآن کریم کے ان مقابلہ جات کا فائنل مسابقہ ہے، جن میں تین ہزار سے زائد طلبہ شریک ہوئے تھے۔

گراس روٹ لیول سے باصلاحیت حفاظ و قراء طلباء کے مابین عالمی معیار کے مطابق مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی قیادت نے اس حوالے سے ایک مسابقہ کمیٹی تشکیل دی ،جس کی سربراہی عالمی شہرت یافتہ عالم دین اور استاذالقراء حضرت مولانا احمد میاں تھانوی صاحب کے سپرد کی گئی، جو کہ سعودی عرب سمیت تمام عرب ممالک میں منعقد کیے جانے والے قرآنی مسابقات میں منتظم اور جج کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتے چلے آرہے ہیں جب کہ مقابلہ کمیٹی میں شامل مولانا قاری عبدالوحید صاحب سمیت دیگر رفقاء کو ملکی اور مقامی مقابلوں کے انعقاد کا وسیع تجربہ رکھنے والی شخصیات ہیں۔یہی وجہ ہے کہ مسابقہ کے تمام مراحل اپنے معیار، طریقہ کار ،شفافیت،حسن انتظام اور حسن اہتمام کے اعتبار سے قابل رشک رہے ہیں ۔

اگر ان مقابلہ جات کے طریقہ کار کا جائزہ لیں تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ سب سے پہلے عالمی سطح پر منعقدہ مقابلوں کی روشنی میں قرآنی آیات کو مرتب کرکے ان کا پرنٹ نکال کر سیل بند لفافوں میں ذمہ داران کی نگرانی میں پیک کیا گیا ۔ ملک بھر سے مقابلے میں شریک ہر خوش نصیب طالب علم کو ایک سیریل نمبر الاٹ کیا گیاہے ، جو اس کی واحد پہچان ہے۔

شریک مقابلہ کو سیریل نمبر کے ذریعہ اسٹیج پر بلایا جاتا ہے ،وہ ججز کے سامنے رکھے ہوئے لفافوں میں سے اپنی مرضی سے لفافہ اٹھا کر مسند انصاف پر بیٹھے منصف کو دے دیتا ہے اور خود اپنی نشست پر بیٹھ جاتا ، تمام حاضرین کے سامنے منصف اس سیل بند لفافے کو کھول کر شریک مقابلہ سے سوال کرتا ہے ۔

بلاشبہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی امتحانی کمیٹی نے اس منفرد طریقہ کار کے ذریعہ کسی قسم کی جانبداری،اقربا پروری یا لحاظ ومروت کا امکان بھی ختم کر دیا۔

جب کہ حفظ قرآن کریم مع تجوید کےان مقابلوں میں شرکت کے لیے اہلیت سولہ عمر رکھی گئی ،ملک بھر سے تین ہزار سے زائد خوش نصیب حفاظ بچوں نے حصہ لیا۔

ڈویژنل اور صوبائی سطح کے کامیاب مقابلہ جات کے بعد 30جنوری 2023بروز پیر فیصل مسجد اسلام آباد میں قومی مقابلہ حفظ قرآن کا مقابلہ منعقد ہونے جارہا ہے ،جس میں 15خوش نصیب حفاظ طلبہ مدارس دینیہ شرکت کریں گے۔

مہمان خصوصی صدر وفاق المدارس العربیہ پاکستان شیخ الاسلام حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب ،قائدجمیعت حضرت مولانا فضل الرحمن صاحب اور ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ شیخ الحدیث مولانا قاری محمد حنیف جالندھری صاحب ہوں گے جب کہ ملک بھر سے وفاق المدارس العربیہ کی ہر سطح کی قیادت شرکت کرے گی ۔

اس میں قومی مسابقہ میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طالب علم کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طالب علم کو ایک لاکھ 25 ہزار روپے نقد کا انعام دیا جائے گا، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے خوش نصیب طالب علم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا مزید یہ کہ ان طلبہ کرام کے اساتذہ کرام کو بھی اتنی ہی رقم انعام میں دی جائے گی اور تمام شرکائے مقابلہ کو دس دس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔

تمام مسابقات کی میڈیا کوریج کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے ذمہ دارمولانا طلحہ رحمانی صاحب اور ترجمان وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا عبدالقدوس محمدی صاحب نے فعال کردار ادا کیا ،جو یقینا قابل ستائش ہے،جب کہ قومی مسابقہ کے لیے مولانا عبدالروف محمدی صاحب،مفتی تنویراحمداعوان صاحب ،مولانا شہزاد عباسی صاحب ،مفتی انعام الحق صاحب ،مولانارشیداحمد خاکسار صاحب اور مولانا عبدالعزیزصاحب پر مشتمل میڈیا ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

بلاشبہ یہ مسابقہ حفظ کے طلبہ اور اساتذہ کرام کی حوصلہ افزائی کا باعث ہوگا، اس میں دو رائے نہیں کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف حفظ کے طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ان مقابلہ جات کا انعقاد انقلابی قدم ہے ،جو ملک بھر میں شعبہ تحفیظ کو منظم کرنے ،حفظ کے طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان طلباء کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روشناس کروانے میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔ اس احسن اقدام پر ملک بھر کے اہل مدارس وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے تمام اکابرین کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ حفاظ قرآن تیار کرنے والا تعلیمی بورڈ ہے یہی وجہ ہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کو عالم اسلام کے معروف،نمائندہ اور عالمی ادارے رابطہ العالم الاسلامی کی طرف سے دنیا میں سب سے زیادہ حفاظ تیار کرنے پر خصوصی ایوارڈ سے نوازا گیاہے۔

تمام اہل اسلام اور بالخصوص اہل اسلام آباد قومی مسابقہ حفظ قرآن کے کامیاب انعقاد کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام فرمائیں، 30 جنوری بروز پیر فیصل مسجد اسلام آباد میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں، ملک بھر سے منتخب خوش نصیب حفاظ اکرام کی حوصلہ افزائی کے لئے، قرآن پاک سے محبت کے اظہار کے لئے اور ایمان اور روح کی تازگی کے لئے مسابقہ میں ضرور شرکت کریں۔ بلا شبہ آپ کی شرکت جہاں قرآن پاک سے محبت کے اظہار کی علامت ہو گی وہیں قوم کے ان نونہالان کی حوصلہ افزائی کا باعث بھی ہو گی۔

 

Molana Tanveer Ahmad Awan
About the Author: Molana Tanveer Ahmad Awan Read More Articles by Molana Tanveer Ahmad Awan: 212 Articles with 249692 views writter in national news pepers ,teacher,wellfare and social worker... View More