جدت اور ٹیکنالوجی سے آراستہ نشریات

حالیہ عرصے میں ، چین میں دوران قیام یہاں معاشی سماجی ترقی کو مختلف زایوں سے دیکھنے کا بھرپور موقع ملا ہے۔ زندگی کا کوئی بھی شعبہ اٹھا لیں ،آپ کو اُس میں جدت ،بہتری اور اصلاح کا رنگ غالب نظر آئے گا۔انہی میں میڈیا اور نشریات کا شعبہ بھی شامل ہے، جس میں چین نے ٹیکنالوجی کے زبردست اطلاق سے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہے۔تازہ مثال لی جائے تو ابھی حال ہی میں پانچ فروری کو چائنا میڈیا گروپ (سی ایم جی) کے لالٹین فیسٹیول ایوننگ گالا کا شاندار انعقاد ہوا۔گالا میں چین کے روایتی ثقافتی عناصر پر مشتمل متعدد پروگرامز پیش کیے گئے جن کی ملکی و غیرملکی شائقین نے بے حد تعریف کی۔گالا کی براہِ راست نشریات کو چھ فروری کی صبح آٹھ بجے تک تیس کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے تھے۔ان نشریات کو نیو میڈیا پر 176 ملین اور ٹی وی کے ذریعے 156 ملین ناظرین نے دیکھا۔چائنا میڈیا گروپ نے 68 زبانوں میں ایوننگ گالا کی نشریات یا رپورٹس پیش کیں جن سے دنیا بھر میں شائقین اس چینی روایتی تہوار کی خوشیوں سے لطف اندوز ہوئے۔ رواں سال چائنا میڈیا گروپ کے لالٹین فیسٹیول ایوننگ گالا نشریات امریکا ،کینیڈا،جرمنی،اٹلی ،روس اور جنوبی افریقہ سمیت دیگر کئی ممالک میں 1322 آؤٹ ڈور اسکرینز پرپیش کی گئیں اور عالمی توجہ کا مرکز رہیں ۔اسی طرح چین بھر میں تقریباً 500 سٹی اسکوائرز نے 8کے الٹرا ہائی ڈیفینیشن پبلک لارج سکرین پلیٹ فارمز پر لالٹین فیسٹیول گالا نشر کیا۔

چینی قمری نئے سال کے 15 ویں روز شام ہوتے ہی خرگوش کے سال کا پہلا پورا چاند آسمان پر طلوع ہوتا ہے اور ایک نیا قمری سائیکل شروع ہو جاتا ہے۔ چینی لالٹین فیسٹیول ، جسے یوآن شیاؤ جی یا شانگ یوآن فیسٹیول بھی کہا جاتا ہے ، خوشیوں سے بھرپور شام کی علامت بن کر ابھرا ۔ایسے خوش نما لمحات میں چائنا میڈیا گروپ کی پروڈکشن "لالٹین فیسٹیول گالا" 15 روزہ اسپرنگ فیسٹیول کی تقریبات کے اختتام کی علامت کے طور پر شروع ہوا، جس میں روایتی چینی ثقافت کی عکاسی کی گئی اور مختلف تکنیکی اختراعات اور تخلیقی پروگراموں کی جھلکیاں پیش کی گئیں۔رواں سال، گالا نے ملک کے کچھ غیر مادی ثقافتی ورثے کی بھی عمدہ نمائش کی ، ان میں ملک کے کونے کونے سے مختلف قسم کی لالٹینیں بھی شامل رہیں جن میں چینی روایتی لوک دستکاریوں کو پیش کیا گیا تھا، اس کے علاوہ روایتی چینی فیسٹیول گالا کے دیگر معمول کے پروگرامز کے ساتھ ساتھ کراس ٹاک اور اسکیچ کامیڈی، نیز رقص اور گیتوں پر بہترین پرفارمنس بھی شامل رہی۔2023 کے لالٹین فیسٹیول گالا کی سب سے دلکش پرفارمنس میں سے ایک روایتی چینی اوپیرا " لالٹین کو دیکھیں" تھی۔ اس پرفارمنس میں لالٹین فیسٹیول کے دوران لوگوں کے دوبارہ ملن اور جشن کے منظر کو دکھایا گیا۔ اوپیرا آرٹسٹوں نے ہزاروں سالہ اس خوبصورت ثقافت اور خوشیوں بھرے لمحات کی عمدہ ترجمانی کی۔ لالٹین فیسٹیول سے جڑی روایات میں لالٹین دیکھنا اور لالٹین کی پہیلیوں کو بوجھنا بھی لازمی شامل ہوتے ہیں۔ اسی گالا کے دوران ملک بھر میں لالٹین کی پہیلی کا ایک شو نشر کیا گیا، جس سے ناظرین کو ہر منزل پر ایک الگ لالٹین کی پہیلی دی گئی، جسے میزبان نے روایتی رسم و رواج سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ناظرین کو آپس میں مل کر حل کرنے پر مجبور کیا۔

گالا نشریات کو دیکھ کر حقیقی معنوں میں ایسا لگا کہ سی ایم جی نے ٹیلی ویژن اور نیو میڈیا پروڈکشن کو مربوط کیا ہے اور اسے "سوچ + آرٹ + ٹیکنالوجی" کے تصور کے ساتھ متعدد میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے چین اور دیگر دنیا کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ اے آر ورچوئل اسپیشل ایفیکٹس ، ایکس آر ورچوئل ریئل فیوژن پروڈکشن ، سٹیریو ویڈیو اور تھری ڈائمنشنل کلر ساونڈ جیسی نئی ٹیکنالوجیز کے ذریعے پروگراموں کے شاندار اثرات کو ایک نئی جدت اور دلکشی کے ساتھ پیش کیا گیا۔1985 میں پہلی بار نشر ہونے کے بعد لالٹین فیسٹیول گالا چین میں خاندانی ملاقات کے خاص موقع پر ہمیشہ چینی عوام کے ساتھ رہا ہے۔ آج یہ گالا ٹیکنالوجی کے بہترین امتزاج سے چینی ثقافت کے متنوع دلکش رنگوں کو دنیا بھر میں بکھیر رہا ہے اور لوگوں کو چینی ثقافت سے روشناس کروا رہا ہے۔

 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 616364 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More