ماں چلی گئی!

اتفاق ہسپتال کے ایمرجنسی یونٹ میں ایک معمرخاتون بیڈپر بے حس و حرکت پڑی ہوئی تھی لواحقین کی درخواست پر ایک کے بعد ایک ڈاکٹرنے اسے چیک کیا ٹیسٹ لئے گئے بی پی ،شوگر بھی نارمل۔۔مختلف ٹیسٹوں میں بھی کسی بیماری کا شائبہ تک نہ تھا۔۔ ۔
ڈاکٹر صاحب !ایک بیٹے نے کہا ماں جی نے دودن سے کھاناپینا چھوڑ دیاہے ۔۔۔اس کے لہجے میں تشویش تھی
دیکھئے !ڈاکٹر صاحب نے جواب دیا ماں جی کو کوئی بیماری توہے نہیں۔۔ بڑھاپے کی وجہ سے ان کی یہ حالت ہے اب ان کی خدمت کریں دوا کیلئے تو آپ ترددتوکررہے ہیں اب دعا بھی کریں
’’پھر بھی ۔۔ دوسرا بیٹے لرزتے ہونٹوں سے کہا۔۔ جو کچھ ہو سکتاہے وہ تو ٹریٹمنٹ کریں
ان کی موجودہ حالت میں بہتری کی کوئی گنجائش نہیں۔ڈاکٹر نے صاف صاف کہہ ڈالا ہاں انہیں ڈرپ لگائی جا سکتی ہے انجکشن بھی ساتھ ملاکر۔۔۔ شاید کچھ ریلیف مل جائے ۔۔۔ بیٹوں نے اثبات میں سرہلائے تو ڈاکٹر صاحب نے پیڈپر کچھ ادویات تحریر کردیں۔۔ ایک پوتا دوڑتا ہوا گیا دوائیاں لے کر واپس آیا سسٹرنے ڈرپ لگانے کیلئے بازو میں سوئی چبھوئی معمرخاتون کے چہرے کے کوئی تاثرات بدلے نہ بازو میں کوئی جنبش ہوئی ایک بیٹے کی آنکھوں بے ساختہ سے آنسو نکل آئے ماں شاید ہر قسم کے احساس سے عاری ہوچکی تھی۔۔۔وہ سوچنے لگا یہ کتنی بے بسی۔۔کتنی بے کسی کا عالم ہے جب ایک زندہ انسان اپنا ہاتھ بھی اٹھانے پرقادر نہ رہے یا اپنے جسم کو کسی قسم کی حرکت بھی نہ دے سکے۔۔یہ بڑھایا ،بیماری اور لاچاری بھی کیا چیزہے شاید دنیا میں اس سے زیادہ کوئی اور چیز خوفناک نہ ہو۔انسان اپنے احساسات کھو بیٹھے یا احساس بھی ہو۔۔ دولت کے انبار بھی اس کے پاس ہوں ہر خوشی ،ہر آسائش ،ہر سہولت میسرہو لیکن جب وہ لمحہ لمحہ موت کی جانب بڑھ رہاہو ۔۔۔وہ خود یا ا س کے لواحقین ۔۔قیمتی سے قیمتی ادویات یا مہنگے سے مہنگے ڈاکٹر اس کے لئے کچھ نہ کرسکتے ہوں کتنی بے بسی ہے سوچنے کا مقام ہے انسان کتنا مجبورہے لحظہ لحظہ موت کی جانب گامزن ۔۔۔ اپنے پیاروں کو بچانے سے قاصرہے ۔۔پھر۔انسان کیاہے ؟ دنیا میں فتنہ و فساد ،مارا ماری،جھوٹ ،فریب،لالچ کیوں؟۔۔۔ ضمیر کاسودا ، مفادات کیلئے ایمان تک بیچ دینا۔۔۔دوسروں کا حق کھاناکیونکرزیب دیتاہے سوچتے سوچتے ہم کانپ کانپ گئے۔۔۔ماں جی کی حالت دیکھ کر تمام عمر کسی پر ظلم ،زیادتی نہ کرنے کا عہدکیا ڈاکٹر صاحب نے کہا آپ ماں جی کو گھرلے جائیں ان کے لئے دعا کریں ۔اﷲ اﷲ کرنے سے مشکلات کا خاتمہ ہوجاتاہے ماں جی اب آپ کے پاس چند دن کی مہمان ہیں۔۔ اﷲ کی امانت ہے اس سچائی کو تسلیم کرنا چاہیے اب میرے خیال میں انہیں دوا نہیں دعا کی ضرورت ہے۔ بڑھاپے نے ماں کی صحت، جسمانی قوت اور توانائی چھین لی تھی چہرہ بھی آڑی ترچھی لکیروں کی اماج گاہ بن کررہ گیا تھاان کی عمر80سال سے تجاوز کر چکی تھی۔۔ماں جی گذشتہ دو ماہ سے بیڈ پر تھیں ان کی نگہداشت اور دن رات کی ضروریات کیلئے ایک خاتون کو معمورکیا گیا تھا۔۔ بہوؤں ، پوتے ،پوتیاں سب ان کی خدمت کررہے تھے ماشاء اﷲ خدمت میں کوئی کثرنہیں چھوڑی کیونکہ ہماری فیملی کا اس بات پر ایمان کی حد تک اعتقاد ہے ہم اپنے والدین کی جیسی خدمت کریں گے ویسی ہی خدمت ہماری اولاد کرے گی ۔۔۔ اس بات کو دو دن گذرے ابھی ماحول میں رات کا سحر باقی تھا ابھی پو بھی نہیں پھوٹی کہ موبائل کی گھنٹی بجنے لگی اس کی آواز کرخت کرخت لگی دل دھک دھک کرنے لگا کہ رات کے اس پہر فون۔۔الہی خیر ماڈل ٹاؤن سے برادرم نسیم کا فون تھا۔۔انہوں نے کہا ماں جی کو اﷲ نے اپنے پاس بلا لیا۔۔۔رونا نہیں۔ محسوس ہوا ان کے اپنے ہونٹ لرز اور کانپ رہے تھے اس عالم میں بھی ان کا لہجہ بڑا شفیق سا تھا شاید بڑا ہونے کا حق ایسے ہی ادا کیا جاتاہے ۔۔۔ دل سے بے ساختہ نکلا انا ﷲ وانا الیہ راجعون اور آنکھیں پرنم ہوگئیں ماں چلی گئی۔۔ ہم سب کو چھوڑ کر اپنے خالق ّ حقیقی سے جا ملی ۔ ماں چلی گئی بلاشبہ ہم سب نے بھی چلے جاناہے۔۔۔ موت زندگی کی سب سے بڑی سچائی ہے والدین ۔۔وفاق کی علامت ہوتے ہیں بہن بھائیوں اور خاندان کو متحد رکھنے میں ان کا بڑا کردار ہوتاہے سخت گیر شخص بھی والدین بالخصوص ماں کا چہرہ دیکھ کر موم ہوجاتاہے۔۔اسی لئے توشاہ حسینؒ جیسا ولی بھی کہنے پر مجبورہوگیا۔۔۔
مائیں نی میں کنوں آکھاں درد وچھوڑے دا حال نی
زندگی میں قدم قدم پرماں یاد آتی ہے خاص طورپر مشکل حالات،دکھ اور درد میں بے ساختہ منہ سے ’’ ہائے ماں‘‘ نکل نکل جاتاہے ۔۔۔ تدفین کے بعد گھر ایسے لگا جیسے قبرستان ہو پہلے شفیق والد ماجد اب ہم مہربان والدہ کی چھاؤں سے محروم ہوگئے یہ محرومی عمر بھر کا روگ ہے۔۔ہم سوچ میں گم تھے ایک واقعہ دل و دماغ پر حاوی ہوتا چلا گیا جلیل القدر پیغمبر حضرت موسیٰ علیہ السلام اکثر اﷲ تبارک تعالیٰ سے ہم کلام ہونے کے لئے کوہ ِ طور جایا کرتے تھے وہیں سے انہیں ہدیات اور احکام ملتے تھے اسی دوران حضرت موسیٰ علیہ السلام کی والدہ کا انتقال ہوگیا وہ کئی دن مغموم رہے آخرکار ایک دن موسیٰ علیہ السلام جب کوہ ِ طورپر پہنچے تو ندا آئی اے موسیٰ اب جوتے اتار کر کوہ ِ طور پر آنا
موسیٰ علیہ السلام نے حیرانگی سے کہا اے میرے رب میں تو روزانہ جوتوں سمیت یہاں آتا رہتاہوں یہی میرا معمول ہے
پھر آواز آئی موسیٰ! جوتے اتار کر آنا اب تمہارے لئے دعا کرنے والی ماں زندہ نہیں ۔۔۔یہ ہے ماں کا رتبہ ۔۔ہم دنیا داروں کو اس ہستی کی فضیلت بتانے کے لئے اﷲ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی ﷺ کو ماں کی شان سے آگاہ کردیا ماں باپ کی شان میں آخری الہامی کتاب میں کئی آیات اور حدیث ِ مبارکہ ہیں سچ ہے والدین کا حق کبھی کوئی ادانہیں کر سکتا۔۔۔ میاں محمد بخش ؒ نے کیا خوب کہا ہے
بھراں بھائیاں دے دردی ہندے
بھراں بھائیاں دیاں بھاواں
پیو سردا تاج ۔۔۔۔۔ محمد
ماواں ٹھنڈیاں ۔۔۔۔۔چھاواں ۔۔۔۔۔ یہ مشاہدہ تو اکثر لوگوں کو ہوا ہوگا گھر میں انتظار صرف ماں کرتی ہے بیوی بچوں میں محبت کی اتنی تپش نہیں ہوتی جتنی ایک ماں کے دل میں ہوتی ہے ۔۔۔ جن کے والدین ماشاء اﷲ حیات ہیں وہ ان کی تابعداری کریں ان کی خوب خدمت کر کے اپنا حق ادا کرنے کی کوشش کریں کیونکہ والدین کی طرف محبت سے دیکھنا بھی عبادت ہے ہم نے جوکچھ پایاہے وہ ماں باپ کے جوتوں کے صدقے پایاہے ۔اﷲ تعالیٰ کاحکم ہے میری عبادت کرو اورماں باپ کی اطاعت کی جائے ۔ اور جن سے والدین جیسی نعمت چھن گئی ہے وہ ان کی درجات کی بلندی ، مغفرت اور بخشش کے لئے روزانہ دعاکیاکریں کوئی نہ کوئی قرآنی آیات پڑھ کر ان کے ایصال ِ ثواب کے لئے دعا کرتے رہیں آئیے اﷲ تعالیٰ کے حضور دعا کریں کہ وہ ہماری والدہ ماجدہ کی مغفرت کرکے ان کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے،اور ان کوآقائے نامدار ﷺ کی شفاعت نصیب فرمائے۔(آمین)(والدہ ماجدہ کی برسی پر سرورصدیقی کا اپنی ماں کے حضور آنسوؤں بھر انذانہ)


 

Sarwar Siddiqui
About the Author: Sarwar Siddiqui Read More Articles by Sarwar Siddiqui: 462 Articles with 398284 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.