چین میں اقتصادی سماجی ترقی کی عمدہ مثال

چین کے صدر شی جن پھنگ نے ابھی حال ہی میں ملک کے اندرون منگولیا خود اختیار علاقے کا دورہ کیا اور یہاں ماحولیات کے تحفظ ،زرعی ترقی اور اقتصادی سماجی بہتری سے جڑے مختلف پہلووں سے متعلق اہم ہدایات جاری کیں۔حالیہ برسوں میں شمالی چین میں واقع اس علاقے میں ماحولیاتی تحفظ اور سبز ترقی کو نمایاں توجہ حاصل رہی ہے۔ماحولیاتی تحفظ کے تحت سبسڈی دینے کی پالیسی سے یہاں کے سبزہ زاروں نے زبردست بحالی دکھائی ہے ، اس پالیسی پر عمل درآمد کو اب بارہ سال ہو چکے ہیں۔جنگلات سے تجارتی مقاصد کے لیے درختوں کی کٹائی پر پابندی ہے۔ لہٰذا، اس کا تاشنگ انلنگ جنگلاتی علاقہ، جو چین میں سب سے بڑا سرکاری ملکیت والا جنگلاتی علاقہ ہے، لکڑ کٹائی کی سرگرمیوں سے آزاد ہے۔
اندرون منگولیا میں صحرائے کبوچی آج سبز ہو چکا ہے اور اسے اقوام متحدہ کی جانب سے صحرائی کنٹرول کے ماڈل کے طور پر درج کیا گیا ہے ، اور یہاں کی ہولون جھیل ، اولان سہائی جھیل اور دائیہائی جھیل میں پانی کی کوریج جامع انتظام کی وجہ سے مستحکم ہے۔

اندرون منگولیا کی ترقی کی ایک اہم خصوصیت" گرین " ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کو اہم ترین ذمہ داری قرار دیا گیا ہے جو اس کی ترقی کے لئے لامحدود طاقت پیدا کر رہی ہے۔ چین کے لئے توانائی اور اسٹریٹجک وسائل کے ایک اہم ذریعہ کے طور پر، یہ علاقہ زندگی اور متحرک پن سے بھرا ہوا ہے.یہ بجلی اور نئی توانائی کی کل نصب شدہ صلاحیتوں کے لحاظ سے ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ اعلیٰ ترقیاتی کارکردگی حاصل کرنے کے لئے اس کی خوبیوں کا احسن استعمال کرتے ہوئے ، اسے ایک مضبوط اور جدید توانائی کے مرکز میں ڈھال دیا گیا ہے۔ اندرون منگولیا نے ہوا اور شمسی توانائی سے بجلی کی پیداوار کی ترقی میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے ، آج یہ علاقہ فوسل توانائی کے ایک بڑے پروڈیوسر سے نئی توانائی پر توجہ مرکوز کا نمایاں مقام بن چکا ہے۔ گزشتہ سال اندرون منگولیا نے قابل تجدید توانائی کی پیداوار کی کل صلاحیت کے تناسب کو تقریباً 40 فیصد تک بڑھانے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس کے علاوہ، توقع ہے کہ 2025 تک خود اختیار علاقے میں نئی توانائی کی تنصیب شدہ صلاحیت تھرمل پاور سے زیادہ ہو جائے گی۔
یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ اندرون منگولیا کو چین میں زراعت اور مویشیوں کی مصنوعات کی پیداوار میں "بنیاد" کا درجہ حاصل ہے. یہ علاقہ زراعت اور مویشی پروری کی اعلیٰ معیار کی ترقی پر عمل پیرا ہے ، اور اپنے مخصوص جغرافیائی حالات کے مطابق دونوں شعبوں کو مسلسل ترقی دے رہا ہے۔جدید زرعی اصولوں کی بدولت حالیہ برسوں میں، کیمیائی کھادوں اور حشرہ کش دواؤں کی کھپت میں مسلسل کمی دیکھی گئی ہے، جبکہ اس خطے میں بھوسے اور جانوروں کے فضلے کے جامع استعمال کے ساتھ ساتھ گھاس پھوس کی ری سائیکلنگ میں مسلسل اضافہ دیکھا گیا ہے.آج اندرون منگولیا اناج، خوردنی تیل، ڈیری مصنوعات، بیف اور مٹن سمیت سبز اور معیاری مصنوعات کی فراہمی میں اعلیٰ صلاحیت رکھتا ہے.ایک خوبصورت اور سرسبز چین کی تعمیر کو ذہن میں رکھتے ہوئے، اندرون منگولیا نے اپنے آدھے سے زیادہ زمینی علاقے کو ماحولیاتی تحفظ کے ریڈ لائن زون اور 70 فیصد ماحولیاتی مقامات کے طور پر نامزد کیا ہے. یہ اقدام خود اختیار علاقے کی سبز خصوصیات کے ساتھ ایک جدید صنعتی نظام کی تعمیر ، نئی توانائی کی صنعت کا مرکز قائم کرنے ، اور کاربن پیکنگ اور کاربن غیر جانبداری کے اہداف کو حاصل کرنے کے پختہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔وسیع تناظر میں کہا جا سکتا ہے کہ اعلیٰ قیادت کی ذاتی دلچسپی اور بہترین پالیسیوں کی روشنی میں اندرون منگولیا خود اختیار علاقہ اپنی خوبیوں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ، پیداوار اور طرز زندگی میں ایک جامع سبز منتقلی اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے اور ترقی کی ایک ایسی ٹھوس بنیاد رکھ دی گئی ہے جو ملک اور یہاں کے عوام کے لیے نمایاں ثمرات کا موجب ہو گی۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 616570 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More