چین کی منشیات سے پاک معاشرے کے لیے کوششیں

ابھی حال ہی میں دنیا بھر میں منشیات کے خاتمے کا عالمی دن منایا گیا ہے۔اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہوتا ہے کہ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف شعور اجاگر کیا جائے اور منشیات سے پاک دنیا کے حصول کے لیے لازمی اقدامات اور تعاون کو مضبوط کیا جا سکے۔ ہر سال،لاکھوں افراد ، کمیونٹیز، اور پوری دنیا میں مختلف تنظیمیں منشیات کے سدباب کا عالمی دن منانے میں فعال طور پر شریک ہوتی ہیں تاکہ اس بڑے مسئلے کے بارے میں بیداری پیدا کرتے ہوئے غیر قانونی منشیات سے معاشرے کو لاحق خطرات کو صحیح معنوں میں اجاگر کیا جا سکے ۔

دنیا کے دیگر ممالک کی طرح چین میں بھی منشیات سے پاک معاشرے کے لیے زبردست کوششیں کی گئی ہیں جن کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ حالیہ برسوں میں چین کی منشیات پر قابو پانے کی صورت حال میں بہتری کی دو نمایاں وجوہات میں ملک کی منشیات کے خلاف جنگ میں تیزی اور منشیات کے کاروبار میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانا شامل ہیں۔اس سب کے باوجود دیگر دنیا کی طرح ممنوعہ منشیات کی نئی اقسام اور اسمگلنگ کے طریقے بدستور ایک بڑا چیلنج ہے۔

چین کے انسداد منشیات حکام کے مطابق، ملک میں مجموعی انسداد منشیات کی صورتحال مسلسل بہتر ہو رہی ہے، رسد، کھپت اور غلط استعمال کے پیمانے میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے، اور منشیات سے وابستہ جرائم کے بڑے واقعات کو مؤثر طریقے سے روکا گیا ہے.چین کےنیشنل نارکوٹکس کنٹرول کمیشن کے دفتر کی جانب سے منشیات کے غلط استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف جاری کی جانے والی چائنا ڈرگ سیچویشن رپورٹ 2022 کے مطابق وبائی صورتحال کے دوران روک تھام اور کنٹرول کی سخت پالیسیوں اور کریک ڈاؤن کی وجہ سے منشیات سے متعلق جرائم کی تعداد تقریباً 10 سالوں میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی سطح پر منشیات کی تیاری مسلسل سکڑ رہی ہے اور منشیات کی پیداوار کے اہم علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشنز کے بعد وسیع پیمانے پر منشیات کی مینوفیکچرنگ کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔گزشتہ سال پولیس نے ملک بھر میں 656 کلوگرام منشیات ضبط کیں جو ملکی سطح پر تیار کی گئی تھیں اور ان میں سالانہ بنیادوں پر کمی کا تناسب 12.4 فیصد رہا ہے۔مزید برآں، وسیع پیمانے پر تشہیر اور تعلیم کی بدولت ملک بھر میں منشیات کے استعمال کے پیمانے میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے آخر تک چین میں منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد 1.12 ملین تھی جو سال بہ سال 24.3 فیصد کم ہے اور مسلسل پانچ سالوں سے منشیات استعمال کرنے والوں کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

چینی حکام کے نزدیک نئی مصنوعی منشیات کو مسلسل مختلف ناموں سے دوبارہ پیک کیا جارہا ہے جن کا تدارک ضروری ہے.منشیات مافیا ، اب بھی چین میں منشیات کا ایک بڑا ذریعہ ہے کیونکہ منشیات بنیادی طور پر بین الاقوامی راستوں سے ملک میں لائی جاتی تھی یا سمندر کے راستے اسمگل کی جاتی ہیں۔ ہیروئن، میتھمفیٹامائن اور کیٹامائن سرفہرست تین منشیات میں شامل ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں ملک بھر میں منشیات کی نئی اقسام، جیسے کیمیائی کینابینوائڈز اور میتھ کیتھنون سے متعلق جرائم سامنے آئے ہین ۔ مزید برآں، منشیات سے متعلق جرائم کے لیے اکثر مجرمان انٹرنیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ہیں، جو ملک کے منشیات کے کنٹرول کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

سوشل میڈیا ٹولز، سیکنڈ ہینڈ ٹریڈنگ پلیٹ فارمز اور گیم ویب سائٹس سمیت مختلف پلیٹ فارم منشیات کی تجارت میں استعمال ہوتے ہیں، اور ادائیگیاں ورچوئل اور گیمنگ کرنسیوں میں ہوتی ہیں۔ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو احسن طور پر استعمال میں لایا جا رہا ہے۔ ڈرگ کنٹرول حکام نے نئی اقسام کی منشیات کی نگرانی، جانچ ، شناخت اور منشیات سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کا سراغ لگانے اور کریک ڈاؤن میں مدد کے لیے تکنیکی طریقے اپنائے ہیں۔

اس ضمن میں حالیہ برسوں میں نیشنل ڈرگ لیبارٹری اور اس کے ذیلی مراکز مختلف صوبوں میں قائم کیے گئے ہیں۔ ان لیبارٹریوں کے کام میں شہری سیوریج کی جانچ، بالوں کی ٹاکسی کولوجی جانچ کے ساتھ ساتھ نئے سائیکو ایکٹو مادے کی اسکریننگ اور تجزیہ شامل ہے۔اسی ٹیکنالوجی کے ثمرات ہیں کہ چینی حکام نے سیوریج کی جانچ سے منشیات تیار کرنے والوں کو پکڑا ہے اور خام مال قبضے میں لیا ہے ۔علاوہ ازیں ، انسداد منشیات کے قومی جامع معلومات کے اطلاقی نظام و تحقیق اور فیصلے کے پلیٹ فارم کو بہتر بنانے اور ٹارگٹ اٹیک اور کنٹرول کی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ایک نیشنل اینٹی ڈرگ بگ ڈیٹا سسٹم بھی قائم کیا گیا ہے۔یوں ٹیکنالوجی کے موئثر استعمال سے ملک کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں جو آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کی ایک قابل تقلید کاوش ہے۔
Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1012 Articles with 415781 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More