دیہی سیاحت سے دیہی معیشت کا فروغ

 
حالیہ عرصے میں سوشل میڈیا کی بڑھتی ہوئی طاقت کی بدولت چین کے دیہی علاقوں میں زندگی کے مختلف متحرک رنگ دیکھنے کو ملے ہیں جس سے دیہی سیاحت کی ترقی کو بھی ایک نمایاں بوم ملا ہے۔ان میں ولیج اسپرنگ فیسٹیول گالا، دیہی باسکٹ بال لیگ، ولیج فٹ بال سپر لیگ اور دیہی سیاحت سے جڑی دیگر سرگرمیاں انتہائی مقبول رہیں. لائیو اسٹریمنگ اور مختصر ویڈیو پلیٹ فارمز کے ذریعے چین بھر میں ان دیہی ثقافتی سرگرمیوں اور کھیلوں جیسے متحرک پروگراموں کو زبردست پذیرائی ملی ہے۔یہ دیہی کمیونٹیز میں عوامی ثقافتی سہولیات اور سرگرمیوں کو فروغ دینے میں چین کی قابل ذکر کامیابیوں کا ایک چھوٹا سا حصہ ہیں۔
دیہی کھیلوں کی سرگرمیوں نے آن لائن اور آف لائن کھیلوں کے لاکھوں شائقین کو جمع کیا ہے ، جس نے نچلی سطح کے کھلاڑیوں اور ثقافتی پرفارمنس کے لئے ایک بڑا اسٹیج قائم کیا ہے۔ اس کے علاوہ، غیر مادی ثقافتی ورثے، دیہی طرز زندگی اور رسم و رواج کے شوز کے ساتھ ساتھ دیہی فوڈ فیسٹیول بھی دیہی علاقوں میں سیاحوں کو اپنی جانب راغب کر رہے ہیں۔
یہ شاندار ثقافتی سرگرمیاں دیہی زندگی کو خوبصورت رنگوں سے مالا مال کرنے اور دیہی باشندوں کی حوصلہ افزائی میں بھی انتہائی نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں ، ساتھ ساتھ دیہی کھپت کے لئے بھی نئی راہیں کھول رہی ہیں جس سے دیہی معاشی ڈھانچے کی منتقلی اور اپ گریڈیشن کو مسلسل فروغ مل رہا ہے۔
حقائق کے تناظر میں دیہی ثقافتی سرگرمیوں میں یہ زبردست اضافہ صرف راتوں رات نہیں ہوا ہے۔ یہ مقامی ثقافت کی ترقی کا وہ ثمر ہے جو وقت کے ساتھ آہستہ آہستہ مسلسل فروغ پا رہا ہے۔ بہت سی دیہی ثقافتی سرگرمیاں آج سوشل میڈیا کے دور میں وسیع پیمانے پر توجہ حاصل کرنے سے قبل بھی دہائیوں سے عوام میں مقبول تھیں۔ان میں کئی علاقوں میں مقامی خصوصیات کا حامل اسپرنگ فیسٹیول ،مقامی اوپیرا، لالٹین رقص ،دیہی فٹ بال لیگ ،باسکٹ بال ٹورنامنٹ قابل زکر ہیں۔اس تناظر میں جس چیز نے دیہی علاقوں میں پھلتی پھولتی ثقافتی ترقی کی بنیاد کو مستحکم کیا ہے وہ غربت کے خاتمے اور دیہی زندگی کو آگے بڑھانے کے لئے ملک کی کوششیں ہیں۔خوشحالی کے بعد، دیہی باشندوں میں ثقافتی افزودگی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے ساتھ ساتھ مقامی ثقافت کو وراثت میں منتقل کرنے اور اسے فروغ دینے کی ذمہ داری کا احساس بھی بڑھ رہا ہے۔ گاؤں میں موسم بہار کے میلے ہوں، جہاں گاؤں والے خود مرکزی کردار ادا کرتے ہیں، یا دیہی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی ہو ، یہ سب کچھ دیہی خوشحالی کے ذریعے سامنے آنے والے ثقافتی اعتماد کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
دیہی سیاحت اور ثقافت کو آگے بڑھانے میں چین کی جدت طرازی کی کوششیں اور ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی بھی قابل زکر پہلو ہیں۔نیو میڈیا کی تیز رفتار ترقی سے صحیح معنوں میں فائدہ اٹھاتے ہوئے دیہی ثقافتی سرگرمیاں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔یہ امر توجہ طلب ہے کہ دسمبر 2022 تک چینی دیہی انٹرنیٹ صارفین کی تعداد 308 ملین تک پہنچ چکی ہے جو کل دیہی آبادی کا 61.9 فیصد ہے۔تیزی سے ابھرتے ہوئے نیو میڈیا کے شعبے نے مختلف علاقوں کے درمیان معلومات کی ترسیل اور مواصلات کو نمایاں طور پر بہتر بنایا ہے۔ یہ رنگا رنگ دیہی ثقافت کے لئے وسائل کو یکجا کرنے اور متعلقہ صنعتوں کو متحرک کرنے کے لئے بہت بڑی مدد فراہم کررہا ہے۔نیو میڈیا جغرافیائی رکاوٹوں کو توڑنے اور وسیع پیمانے پر سامعین اورناظرین تک پہنچنے کے لئے دیہی ثقافتی سرگرمیوں کا ایک متحرک پلیٹ فارم تشکیل دینے میں بھی مدد گار ہے۔
علاوہ ازیں ،بڑھتی ہوئی دیہی ثقافتی سرگرمیاں دیہی معیشت کو مؤثر طریقے سے چلا رہی ہیں اور دیہی سیاحت کی مربوط ترقی کا ایک نیا مرکز بن گئی ہیں. ان سے نہ صرف مقامی بی اینڈ بی، ہوٹلوں اور ریستورانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا بلکہ مقامی سیاحت کے وسائل، غیر مادی ثقافتی ورثے اور زرعی پیداوار کو بھی فروغ ملاہے۔اس کے علاوہ، دیہی ثقافتی سرگرمیاں کھپت کو بھی زبردست فروغ دے رہی ہیں، جو دیہی ثقافت اور معیشت کے انضمام اور باہمی فروغ کے لئے قابل تقلید تجربات فراہم کرتی ہیں۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 615690 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More