زراعت اور دیہات کی ترقی

اس وقت چین بھر میں دیہی علاقے حکومت کی جانب سے مضبوط پالیسی اقدامات کی مدد سے مقامی خصوصیات کے ساتھ صنعتوں کو فروغ دے کر دیہی احیاء کے حصول میں مسلسل پیش رفت کر رہے ہیں۔زراعت اور دیہی امور کے تناظر میں، مقامی خصوصیات اور روایات پر مبنی مصنوعات اور صنعتوں نے رواں سال چین بھر میں زبردست ترقی دیکھی ہے، جس میں زرعی مصنوعات سے لے کر دستکاریوں تک سامان کی وسیع رینج کا احاطہ کیا گیا ہے.اس کی ایک اہم وجہ چینی قیادت کا زرعی امور کی ترقی کے لیے ایک خاص وژن ہے۔ملک کی اعلیٰ قیادت نےہمیشہ دیہی بحالی کو بہت اہمیت دی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 20 ویں قومی کانگریس کے بعد سے ،چینی صدر شی جن پھنگ نے مقامی زرعی صنعتوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ دیہی بحالی کو فروغ دینے میں پیش رفت کے بارے میں جاننے کے لئے خود کئی علاقوں کے دورے کیے ہیں۔اس دوران انہوں نے دیہی صنعتوں کی ترقی ، تحفظ اور پراسیس ٹیکنالوجیز کی ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے برانڈ کی تعمیر اور معیار کو بہتر بنانے کی کوششوں پر بھی زور دیا تاکہ مقامی مصنوعات کی مسابقت میں اضافہ کیا جا سکے۔
وسیع تناظر میں دیہی بحالی کی حکمت عملیوں کے جامع طور پر نفاذ کا مطلب تخفیف غربت اور خوشحالی کا حصول ہے۔چین کی یہ پالیسی اس لحاظ سے منفرد ہے کہ دیہی و زرعی پالیسیوں کو ہر جگہ کے حقیقی حالات کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے ،پھر ٹھوس اقدامات کی روشنی میں پیش رفت سے ٹھوس نتائج حاصل کیے گئے ہیں۔
رواں سال، مرکزی حکومت نے 50 قومی جدید زرعی صنعتی پارکس، منفرد خوبیوں کے ساتھ معروف زرعی صنعتوں کے 40 کلسٹرز اور منفرد زرعی صنعتی طاقتوں کے ساتھ 200 قصبوں کی تعمیر میں مدد کی ہے، جو صنعتی انضمام میں مستقل ترقی حاصل کر رہے ہیں۔اسی باعث ،چین بھر کے علاقے اپنی انفرادیت کے ساتھ مقامی صنعتوں کو فروغ دے رہے ہیں۔اکثر
گاؤں نے پرانی رہائش گاہوں کو انوکھے "ہوم اسٹے" میں تبدیل کر دیا ہے اور دیہی تفریحی سیاحت کو فروغ دیا ہے۔ دیہی سیاحت کے ساتھ ساتھ، زراعت، دستکاریوں اور مویشی پروری میں بھی نت نئے رجحانات کے ساتھ نمایاں ثمرات حاصل کیے گئے ہیں۔چینی حکام کے نزدیک مختلف وسائل کو اس مقصد کے ساتھ ضم کیا گیا ہے کہ ہر ایک دیہی باشندے کو آمدنی کے مزید ذرائع فراہم کیے جائیں۔چین کےقومی ادارہ برائے شماریات (این بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے ستمبر تک چین کے دیہی علاقوں میں فی کس آمدنی 15,705 یوآن رہی جو حقیقی معنوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.3 فیصد زیادہ ہے۔
"دیہی بحالی کی حکمت عملی کے نفاذ میں، اہم زرعی مصنوعات خصوصاً خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا بنیادی اہداف میں سے ایک ہے ۔ دنیا کی بڑی آبادی کے حامل ملک کی حیثیت سے ، چین کا جامع دیہی احیاء کو فروغ دینا اور غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ، عالمی معیشت کی مستحکم بحالی کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق چین میں مسلسل کئی سالوں سے اناج کی کل سالانہ پیداوار 650 ارب کلو گرام سے زائد چلی آ رہی ہے، یہ غذائی تحفظ کے لیے ایک سرخ لکیر ہے اور یہ ہدف ملک کی خوارک کی پیداوار ، ٹیکنالوجی اور دیگر عوامل کی بنیاد پر طے کیا گیا ہے۔چین کے نزدیک جامع دیہی احیاء کی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے زرعی پیداوار کو یقینی بنانا اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے کام کرنا ضروری ہے۔"بمپر فصل" کی کلید ، قابل کاشت زمین کا تحفظ اور ٹیکنالوجی کا فروغ ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ، نئے ترقیاتی تصور کے تحت زمین کے معیار پر بھی زیادہ توجہ دی جا رہی ہے، جیسے کہ اعلیٰ معیاری قابل کاشت اراضی کی تشکیل ، زرخیززمین کے تحفظ اور سیم اور تھور زدہ زمین کا بھرپور استعمال شامل ہے۔ دوسری جانب، زرعی شعبے میں سائنس و ٹیکنالوجی کی تحقیقات کو مضبوط بنانے پر زور دیا جا رہا ہے، جن میں بیج کی صنعت اور زرعی مشینری کے معیار کو بہتر بنانا شامل ہے۔ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لیے اناج کی قیمت بڑھانے، زرعی مواد کی سپلائی اور قیمت کو مستحکم کرنے اور اناج اگانے والے کسانوں کے لیے سبسڈی فراہم کرنے سمیت اقدامات اختیار کیے جارہے ہیں ۔ساتھ ہی کسانوں کے لیے روز گار کے مزید ذرائع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مقبولیت کے باعث ، ڈیجیٹل معیشت نے دیہی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ڈیجیٹل دیہات کی تعمیر اور دیہی ای کامرس کی ترقی سے زرعی مصنوعات کی تجارت کو مزید فروغ مل رہا ہے، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو رہا ہے اور ان کی زندگیوں میں مسلسل نمایاں بہتری آ رہی ہے ، جو یقیناً دیہی ترقی و خوشحالی کی کلید ہے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 618181 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More