حالیہ برسوں میں چین میں لوگوں کی جسمانی فٹنس میں مسلسل بہتری آئی ہے اور چینی حکام کی جانب سے باقاعدگی سے صحت کے جائزوں کے ذریعے اسے مزید بہتر بنانے کا منصوبہ ہے۔اس ضمن میں چین کے نیشنل فزیکل فٹنس سرویلنس سینٹر نے گزشتہ اگست میں قومی جسمانی فٹنس کے لئے پیمائش کے معیارات پر تازہ ترین نظر ثانی جاری کی ، جس کا مقصد آبادی کی جسمانی فٹنس کی باقاعدگی سے نگرانی اور تشخیص کے لئے ایک جامع میکانزم قائم کرنا تھا۔ قومی جسمانی فٹنس سے متعلق اعداد و شمار ہر پانچ سال بعد جاری کیے جاتے ہیں اور آئندہ 2025 میں جاری کیے جائیں گے۔
یہ امر قابل زکر ہے کہ 2000میں ملک میں قومی جسمانی فٹنس مانیٹرنگ کے نفاذ کے بعد سے ، قومی ، صوبائی ، علاقائی اور کمیونٹی کی سطح پر ایک چار سطحی نگرانی نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے اور مجموعی طور پر 1,571 قومی
جسمانی فٹنس سائٹس تعمیر کی گئی ہیں.تا حال ، اس کا مقصد جسمانی فٹنس کے جائزے کے ذریعے عوام میں صحت سے متعلق آگاہی میں اضافہ کرنا اور ان کی فٹنس کی عادات کو فروغ دینا ہے ، خاص طور پر سائنسی تربیت اور رہنمائی فراہم کرکے لوگوں کی صحت اور جسمانی فٹنس کی سطح کو منظم طریقے سے بڑھانا ہے۔اس کے ثمرات یوں برآمد ہوئے ہیں کہ2000سے 2020 کے درمیان جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، جسمانی تندرستی کی "اہل سطح" تک پہنچنے والے چینی شہریوں کا تناسب 3.3 فیصد اضافے سے 87.1 فیصد سے بڑھ کر 90.4 فیصد ہو گیا۔
دو دہائیوں کے دوران جمع کیے گئے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ چینی شہریوں کی مجموعی جسمانی فٹنس میں بہتری آئی ہے ، اور شہری اور دیہی رہائشیوں کے درمیان فٹنس کا فرق کم ہوا ہے۔پانچویں نیشنل فزیکل فٹنس مانیٹرنگ کے تازہ ترین نتائج کے مطابق 2014 کے مقابلے میں کوالیفائڈ لیول پاس کرنے والے افراد کے تناسب میں 0.8 فیصد پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ مجموعی طور پر قومی جسمانی فٹنس کی سطح میں مستقل بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ متعلقہ حکام چینی شہریوں کو صحت مند رکھنے میں مدد کے لیے مزید پراعتماد اور پرعزم ہیں۔یہاں ،اس بات کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے کہ صرف کوالیفکیشن لیول کو پورا کرنا ہی کافی نہیں ہے بلکہ یہ کوشش کی جا رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ عام لوگوں کو بہترین جسمانی فٹنس کی سطح تک پہنچنے کے قابل بنایا جائے گا. دوسرے الفاظ میں، کھیلوں کے اعتبار سے ایک معتدل خوشحال معاشرے کے حصول کے بعد، اب چینی حکام کا مقصد جسمانی فٹنس کی اعلیٰ سطح اور اسے پائیدار صورت حال تک پہنچانا ہے۔
عمومی طور پر ، چین میں فٹنس سے جڑے سماجی رویوں کی بات کی جائے تو ملک میں مجموعی اعتبار سے لوگوں میں یہ رجحان ہے کہ وہ اپنی صحت پر زیادہ توجہ دیتے ہیں اور شام کے اوقات میں آپ کو ہر عمر کے چینی افراد کی ایک بڑی تعداد ورزش یا دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف نظر آئے گی ،نوجوانوں میں جم جانے کا شوق بھی کافی مقبول ہے اور حالیہ عرصے میں سائیکلنگ کے نئے رجحان نے تو چینی نوجوانوں کو اپنی گرفت میں لیا ہے۔یہ بات قابل غور ہے کہ بڑھتے ہوئے وبائی امراض کے خدشات کے ساتھ ساتھ ماحولیات اور صحت سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی نے چینی معاشرے میں فٹنس کے ایک نئے زاویے کو پروان چڑھایا ہے۔ چونکہ بہتر جسمانی اور ذہنی صحت زندگی کی شرط اول ہے لہذا ہر شخص کی کوشش ہے کہ اپنے جسم کا یہ قرض ادا کیا جائے اور خود کو مختلف صحت مندانہ سرگرمیوں میں مصروف رکھتے ہوئے فِٹ اور توانا رکھا جائے ۔
|