اسپرنگ فیسٹیول سے جڑی معیشت

چین بھر میں اس وقت اسپرنگ فیسٹیول اور قمری نئے سال کی مناسبت سے جوش و خروش عروج پر ہے۔ چین کے قمری کلینڈر کے مطابق قمری نیا سال ڈریگن کا سال ہے اور ڈریگن چینی ثقافت میں خوش قسمتی ، خوشحالی اور حکمت کے مبارک معنیٰ رکھتا ہے ۔اس تہوار کے دوران مختلف صنعتوں بشمول ہینڈ بیگز، کپڑوں، چاکلیٹ اور گھڑیوں کے عالمی لگژری برانڈز نے چینی صارفین کو راغب کرنے کے لیے محدود ایڈیشن کی ڈریگن تھیم والی اشیاء کی ایک وسیع رینج متعارف کرانے کی کوشش کی ہے ، جنہیں نمایاں پزیرائی بھی ملی ہے۔جسے دیکھ کر لگتا ہے یہ تہوار جہاں چینی شہریوں کے لیے خوشیوں کا پیغام ہے وہاں کاروباری اداروں بالخصوص عالمی برانڈز کے لیے بھی چینی مارکیٹ سے منافع کے حصول کا موقع ہے۔

حال ہی میں ایک کینیڈین برانڈ کی جانب سے لانچ کی جانے والی ڈریگن تھیم والی آؤٹ ڈور جیکٹس چین میں ایک آن لائن سنسنی بن گئیں، کیونکہ مردوں کی جیکٹ، جس کی قیمت 8200 یوآن تھی، تیزی سے فروخت ہو گئی، جس کے بعد برانڈ نے اس مقبول آئٹم کو تقریباً بارہ ہزار یوآن میں دوبارہ فروخت کیا، جو ڈریگن تھیم والی اشیاء کے لیے چینیوں کے جوش و خروش کا محض ایک چھوٹا سا مظہر ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد بین الاقوامی کاسمیٹک برانڈز نے مختلف مصنوعات کے "ڈریگن ایڈیشنز" بھی لانچ کیے ہیں جن میں جلد کی دیکھ بھال، میک اپ سے لے کر پرفیوم تک خوبصورتی کی مصنوعات کی وسیع رینج کا احاطہ کیا گیا ہے۔

ایسے رجحانات کو دیکھ کر لگتا ہے کہ عالمی لگژری برانڈز کی جانب سے چینی روایتی ثقافت کی گہری کھوج اور مقامی مارکیٹ میں ضم ہونے کی کوشش چینی ثقافت کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ اور ملک کی مضبوط قوت مصرف یا خرچ کرنے کی طاقت کی عکاسی کرتی ہے۔ دوسری جانب ،یہ ایک اشارہ بھی ہے کہ کووڈ 19 کے تناظر میں ، چینی صارفین کے اخراجات میں مستحکم بحالی برقرار ہے۔ ملک عالمی برانڈز، خاص طور پر لگژری برانڈز کے لئے تیزی سے اہم مارکیٹ بن چکا ہے، جس کی بدولت ایک بڑھتے ہوئے متوسط طبقے کے گروپ اور مسلسل کھپت میں اضافہ ہورہا ہے
.
گلوبل مینجمنٹ کنسلٹنگ فرم بین اینڈ کمپنی کی ایک رپورٹ کے مطابق چین کی لگژری مارکیٹ 2023 میں سال بہ سال 12 فیصد اضافے کے بعد 2024 میں "مڈ سنگل ڈیجٹ" میں بڑھنے کی توقع ہے جبکہ چینی لگژری کھپت 2030 تک دنیا کی کل کھپت کے 35 سے 40 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔یہی وجہ ہے کہ گلوبل لگژری برانڈز نے چین پر اپنی توجہ میں اضافہ کیا ہے ، کیونکہ چینی مارکیٹ اس شعبے میں عالمی ترقی کا ایک اہم محرک بن گئی ہے۔ اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں ڈیوٹی فری فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ، جس کی وجہ گھریلو سفر میں بحالی اور مقامی حکومتوں کی جانب سے نافذ کردہ حوصلہ افزا اقدامات ہیں۔اس وقت اسپرنگ فیسٹیول کے موقع پر ،ملک بھر میں معاشی اور سماجی سرگرمیوں کی مضبوط بحالی کو بخوبی محسوس کیا جا سکتا ہے. سیاحت میں بحالی نے گھریلو اور بین الاقوامی دونوں مارکیٹوں میں صارفین کے اخراجات میں بھی اضافہ کیا ہے۔اس ضمن میں ، ایک ارب 40 کروڑ سے زائد آبادی اور 40 کروڑ سے زائد متوسط آمدنی والا گروپ، ملک کی کھپت اور مجموعی معاشی ترقی کو تقویت دے رہا ہے اور دنیا بھر کے برانڈز اور کاروباری اداروں کو مسلسل اپنی جانب راغب کیے ہوئے ہے۔

سال 2024 میں آگے بڑھتے ہوئے ، بہت سے ملکی اور غیر ملکی تجزیہ کار چین کے معاشی امکانات کے بارے میں مثبت اور پُرامید ہیں ، کیونکہ ٹارگٹڈ پالیسی نے مستحکم معاشی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے چینی حکام کے عزم اور صلاحیت کو اجاگر کیا ہے۔ماہرین کے نزدیک چونکہ کھپت چینی معیشت کے لئے سب سے اہم محرک قوت رہے گی لہذا انہوں نے پیش گوئی کی ہے کہ 2024 میں چین کی جی ڈی پی 5 فیصد سے اوپر رہنے کی توقع ہے ۔اس ضمن میں اسپرنگ فیسٹیول کے دوران ملک کا کھپت کا شعبہ چاہے وہ شہر ہوں یا دیہی علاقے ، آن لائن اور آف لائن ، گرین اخراجات ہوں یا چاندی کی معیشت ، سب کی بحالی جاری رہے گی۔یوں کہا جا سکتا ہے کہ اسپرنگ فیسٹیول ملک میں ثقافتی ،سماجی اور معاشی اعتبار سے بھی نمایاں ثمرات کا موجب ہو گا اور خوشیوں کا حقیقی پیغام ثابت ہو گا۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 617320 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More