چین میں کھیلوں کی مارکیٹ کے نمایاں برانڈز خواتین صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لئے مقابلہ کر رہے ہیں جو کھیلوں کے لئے تیزی سے بڑھتے ہوئے جذبے کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔ اسپورٹس برانڈز کی جانب سے خواتین کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اُن کی مرضی کے مطابق مصنوعات اور خدمات پیش کی جا رہی ہیں.ہر سال 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر چین بھر کے کئی شہروں میں خصوصی طور پر خواتین کے لیے کھیلوں کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جو خواتین کے فٹ رہنے کے ذریعہ کے طور پر کھیلوں کو اپنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ان میں مختلف عمر کی خواتین کے لیے نصف میراتھن مقابلے کا انعقاد بھی شامل ہے جس میں ہر مرتبہ ہزاروں خواتین شریک ہوتی ہیں ۔چھںگ دو اور شنگھائی جیسے بڑے شہروں میں، زیادہ سے زیادہ خواتین دوڑ یا کراس کنٹری ریس میں شامل ہوتی ہیں.چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بہت سی خواتین باکسنگ جیسے مسابقتی کھیل سیکھنے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
یہ بات قابل زکر ہے کہ بیجنگ میں ایک باکسنگ کلب نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز سے باکسنگ سیکھنے کے حوالے سے مشاورت کرنے والوں کی تعداد گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں دگنی ہو گئی ہے جس میں 70 فیصد خواتین شامل ہیں۔اسی باعث باکسنگ کلب کی وجہ سے خواتین کے لیے اضافی کورسز کا انتظام کیا گیا ہے جیسے خواتین کا سیلف ڈیفنس اور وزن کم کرنے والی ورزش وغیرہ۔ چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مطابق بھی خواتین کے کھیلوں کے موضوعات پر شائع ہونے والی پوسٹس کے حجم میں سال بہ سال 150 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ویڈیو شیئرنگ اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم ڈوین پر دکھائے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال مارچ سے اب تک خواتین کے باکسنگ کورسز سے متعلق آن لائن گروپ خریداری کے حجم میں سال بہ سال 234 فیصد اضافہ ہوا ہے۔آن لائن پلیٹ فارم میتوان کے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ خواتین صارفین کی جانب سے کھیلوں اور فٹنس آرڈرز کے حجم میں سال بہ سال 380 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ راک کلائمبنگ، بلیئرڈز، اسکیٹنگ، اسکواش اور ٹیبل ٹینس کھیلوں کے مقابلوں میں خواتین صارفین کی تعداد میں انتہائی تیزرفتاری سے اضافہ دیکھا گیا ہے ، جس میں سال بہ سال 300 فیصد سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔
خواتین کے کھیلوں میں تیزی سے اضافے سے متعلقہ کھیلوں کی مصنوعات جیسے اسپورٹس ویئر اور فٹنس آلات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے ، جو پیشہ ور خریداروں کے لئے کاروباری مواقع لارہا ہے۔اسپورٹس ویئر کی آن لائن اور آف لائن دونوں فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے ، جہاں صارفین ذاتی طور پر اپنی پسند کے اسٹائل آزما سکتے ہیں۔ اسپورٹس ویئر اسٹورز کے مطابق اسپرنگ فیسٹیول کے بعد سے انہوں نے اسپورٹس مصنوعات کی فروخت میں نمایاں عروج دیکھا ہے جس میں خواتین کی اسپورٹس مصنوعات کی مانگ میں زبردست اضافہ شامل ہے۔خواتین کی کھیلوں کی کھپت میں تیزی سے اضافے نے کھیلوں کے سازوسامان کی مینوفیکچرنگ صنعت کے لئے ترقی کے مزید مواقع بھی لائے ہیں۔ بہت سی کمپنیوں نے زیادہ متنوع مصنوعات کے ساتھ اپنی مارکیٹ کو وسعت دینے کے لئے اپنی کوششیں تیز کردی ہیں۔کھیلوں کا سامان بنانے والی متعدد کمپنیوں نے ایسے آلات تیار کرنے کی رفتار تیز کر دی ہے جو خواتین کے جسمانی ڈھانچے اور کھیلوں کی خصوصیات کے مطابق ہوں۔کمپنیوں کے مطابق انہوں نے وزن، ساخت، مواد اور دیگر عناصر کو دوبارہ ڈیزائن کیا ہے تاکہ وہ خواتین ورزش کرنے والوں کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔اکثر کمپنیوں نے خواتین کی اسپورٹس مصنوعات سے متعلق تحقیق اور ترقی میں اپنی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کیا ہے ۔یوں چینی خواتین کی کھیلوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی جہاں معاشرے میں صحت مند رویوں کو پروان چڑھا رہی ہے وہاں کھیلوں کی صنعت کے لیے بھی نئے ترقیاتی امکانات لا رہی ہے۔
|