بزرگوں کی خدمت پر مبنی "سلور اکانومی"

چین میں عمر رسیدہ اور بزرگ شہریوں کے لئے تیار کردہ مصنوعات اور خدمات کے مسلسل فروغ نے ملک میں "سلور اکانومی" کے لئے زبردست صلاحیت پیدا کی ہے۔چین کا شمار دنیا میں عمر رسیدہ افراد کے حوالے سے بڑے آبادی والے ممالک میں کیا جاتا ہے ، جہاں 60 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 280 ملین سے زیادہ افراد ہیں، جو کل آبادی کا تقریباً 20 فیصد ہیں.توقع ہے کہ 2035 تک چین کی سلور اکانومی کا پیمانہ تقریباً 30 ٹریلین یوآن تک پہنچ جائے گا۔اس حوالے سے فعال کاروباری ادارے پہلے ہی بزرگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مختلف مصنوعات اور خدمات تیار کرنا شروع کر رہے ہیں۔

.
حالیہ برسوں میں "سینئر لیونگ مصنوعات" سلور اکانومی کی ستون صنعتوں میں سے ایک بن چکی ہیں. چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق 2023 ء میں چین کی عمر رسیدہ افراد سے جڑی مصنوعات کی مارکیٹ کا حجم پانچ ٹریلین یوآن تک پہنچ جائے گا۔اس صنعت کی ترقی کا اندازہ یہاں سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ صرف صوبہ گوانگ دونگ میں ہی، تقریباً 27 ہزار کاروباری ادارے سینئر سروس کاروبار چلا رہے ہیں.ان اداروں کی جانب سے ہزاروں اقسام کی "سینئر لیونگ مصنوعات" تیار کی گئی ہیں جو ملک بھر میں فعال نرسنگ ہومز کو فراہم کی گئی ہیں۔ حالیہ برسوں میں ،بدلتے وقت کے تقاضوں کی روشنی میں بزرگوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مزید تخلیقی اور اسمارٹ چیزیں بھی تیار کی گئی ہیں ، جیسے ایکسوسکیلیٹن ٹانگیں ، خصوصی ڈائپر ، اور شاور مشینیں وغیرہ۔

ملک میں ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی طلب اور اطلاق کے باعث بہتر معیار زندگی کی جستجو بھی بڑھ رہی ہے. زیادہ سے زیادہ صارفین ذہین مصنوعات کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں جن میں مانیٹرنگ کیمرے، وائس کالر، جی پی ایس کلائی گھڑیاں وغیرہ شامل ہیں۔مصنوعات کے علاوہ، بزرگ افراد کے لئے گھروں کی تزئین و آرائش ان کے آرام اور خوشی کی کلید ثابت ہو رہی ہے.ایسے بزرگ افراد جو تنہا زندگی بسر کر رہے ہیں اُن کے لیے انٹرپرائز اور مقامی کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں سے، زندگی کے معیار میں بہتری کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مقامی حکومتیں بھی سینئر رہائشی صنعتوں اور خدمات کو فروغ دینے کے لئے مدد کی پیش کش کر رہی ہیں۔2016 میں ، چین کے معروف کاروباری مرکز شین زین شہر کی میونسپل حکومت نے "شین زین نانشان ڈسٹرکٹ ایلڈرلی کیئر پروموشن ایسوسی ایشن" کے قیام کی حمایت کی تاکہ مقامی بزرگوں کی دیکھ بھال اور خدمت کے نظام کی ترقی کو فروغ دیا جاسکے جو گھر پر مبنی ہے ، اسے مختلف کمیونٹیز کی حمایت حاصل ہے اور اس کے افعال کو اداروں کے ذریعے پورا کیا جاتا ہے۔

زندگی کی بنیادی سہولیات میں بہتری کے ساتھ، بزرگوں کے پاس زیادہ فارغ وقت ہوتا ہے، جس نے بزرگوں کی دیکھ بھال کی سیاحت کو فروغ دیا ہے.چین کے معروف سیاحتی مقام سانیا میں موسم سرما کے دوران عمر رسیدہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد دیکھی گئی ہے، جس کی وجہ اس سیاحتی مقام کے ریتیلے ساحل، ٹراپیکل درخت اور تازہ ہوا ہے۔عمر رسیدہ سیاحوں کی تعداد میں اضافے نے دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی مانگ کو بھی بڑھایا ہے۔گزشتہ سال 2023 تک ، چین میں بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں کی مانگ چھ ملین تک پہنچ چکی ہے ، اور متعلقہ ڈاکٹروں کی تعداد 2021 میں تین لاکھ سے بڑھ کر پانچ لاکھ ہوگئی ہے ، لیکن اب بھی طلب بہت زیادہ ہے۔
آج ،چین کے صوبہ حہ نان کے پاس 20 مجاز مربوط طبی اور نرسنگ کی دیکھ بھال کے ادارے ہیں ، جو سلور اکانومی کے لئے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔سانیا میں ٹریول ایجنسیاں عمر رسیدہ افراد کے لئے سیاحتی پیکیجوں کا ایک سلسلہ بھی تشکیل دے رہی ہیں۔15جنوری کو چین کی اسٹیٹ کونسل نے معمر افراد کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لیے ایک دستاویز بھی جاری کی۔ سلور اکانومی کی ترقی کی حمایت کرنے والی یہ پہلی قومی دستاویز ہے ، جس سے متعلقہ صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔وسیع تناظر میں سلور اکانومی ہر عمر کی معیشت ہے۔ یہ دراصل پورے معاشرے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور یہ واضح کرتی ہے کہ بزرگوں کی خدمت کیسے کی جائے اور ہر ایک کو بڑھاپے کے لئے کس طرح تیار کیا جائے۔

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1328 Articles with 618202 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More