چین میں اس وقت صنعتی اپ گریڈ سے مسلسل نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور روزگار کو فروغ دینے کے لیے پالیسی اسپورٹ کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ ملک میں نوجوانوں کو روزگار کے حصول میں مدد دینے کے لیے رسد اور طلب دونوں اعتبار سے کوششوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔چین کی وزارت افرادی وسائل اور سماجی تحفظ کے مطابق ملک میں رواں سال 11.7 ملین سے زیادہ کالج گریجویٹس متوقع ہیں، اور ملازمت کے متلاشی نوجوانوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب یہ امر قابل اطمینان ہے کہ چین میں روزگار کی موجودہ صورتحال میں بہتری آرہی ہے کیونکہ معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ چائنیز اکیڈمی آف لیبر اینڈ سوشل سکیورٹی کے مطابق چیلنجز کے باوجود، معاشی ترقی اور پالیسی اسپورٹ جیسے مثبت عوامل ملازمت کی مارکیٹ کو تقویت دے رہے ہیں۔اس ضمن میں تکنیکی جدت طرازی اور صنعتی اپ گریڈیشن میں ملک کی نمایاں پیش رفت ملازمت کے مواقع میں تیزی لا رہی ہے ، اور نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی تعداد مصنوعی ذہانت ، بگ ڈیٹا اور اسمارٹ مینوفیکچرنگ جیسی ہائی ٹیک اور ابھرتی ہوئی صنعتوں میں مواقع پر نظر یں جمائے ہوئے ہے۔مینوفیکچرنگ کمپنیوں کے نزدیک اس وقت اسمارٹ مینوفیکچرنگ کے محور کے بعد سپلائی چین مینیجر اور پریسیشن مولڈ ڈیزائنر جیسی سینکڑوں نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں اور کمپنیوں کو اب اعلیٰ تعلیم اور مہارت کے ساتھ ٹیلنٹ کی ضرورت بھی ہے۔
چینی حکام سمجھتے ہیں کہ صنعتی اپ گریڈنگ کاروباری اداروں کے ٹیلنٹ ڈھانچے کو نئی شکل دے رہی ہے، اور کالج کے گریجویٹس ان تبدیلیوں کو زیادہ آسانی سے اپنا سکتے ہیں کیونکہ وہ انٹرنیٹ سے اچھی طرح واقف ہیں اور زیادہ ورسٹائل ہیں۔یہی وجہ ہے کہ چین رواں سال اپنے ایجنڈے میں نئی معیار کی پیداواری قوتوں کی ترقی کے ساتھ ، روایتی صنعتوں کو زیادہ نفیس ، اسمارٹ اور زیادہ ماحول دوست بنانے ، ابھرتی ہوئی اور مستقبل پر مبنی صنعتوں کو فروغ دینے اور کوانٹم ٹیکنالوجی اور لائف سائنسز جیسے نئے شعبوں کو کھولنے کی اپنی کوششوں کو دوگنا کر رہا ہے۔چینی حکومت نجی ، چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں جیسے بڑے روزگار ڈرائیورز کے لئے اپنی حمایت میں اضافہ کر رہی ہے ، اور ڈیجیٹل ، بزرگوں کی دیکھ بھال اور سبز شعبوں کی ترقی کو فروغ دے رہی ہے تاکہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے میں بڑا کردار ادا کیا جاسکے۔ان کوششوں کے ثمرات یوں بھی برآمد ہو رہے ہیں کہ بہت سی نئی ملازمتیں اور پیشے سامنے آ رہے ہیں، جو نوجوانوں کو کیریئر کے نئے انتخاب اور ترقی کے لئے نئی جگہ فراہم کریں گے۔
چونکہ چین اس وقت روایتی اصولوں سے ترقی کے نئے ڈرائیورز کی جانب منتقل ہو رہا ہے،لہذا ٹیلنٹ کی بڑھتی ہوئی مانگ ہے. تاہم ، کاروباری اداروں کی ضروریات اور ملازمت کے درخواست دہندگان کے علم کے ڈھانچے اور تکنیکی مہارتوں کے درمیان بھی ایک نمایاں فرق ہے۔اسی باعث روزگار کے متلاشی نوجوانوں کو مارکیٹ کی طلب کے مطابق ڈھالنے میں مدد دینے کے لیے اس سال کی سرکاری ورک رپورٹ میں تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔اس ضمن میں چینی جامعات پہلے ہی کم روزگار کی شرح والے بڑے شعبہ جات کو منسوخ یا بہتر بنا رہی ہیں اور عملی تربیت پر زیادہ زور دے رہی ہیں۔جامعات کے نزدیک اب اُن کے طلباء زیادہ مطابقت پذیر ہیں اور ان کے پاس کیریئر کے انتخاب کی وسیع رینج ہے، اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے، ملازمت حاصل کرنے یا کاروبار شروع کرنے والے گریجویٹس کا تناسب نمایاں حد تک بڑھ چکا ہے۔
معاون حکومتی پالیسیوں کی بات کی جائے تو ہنرمند پیشہ ور افراد کی بڑھتی ہوئی مارکیٹ طلب کو پورا کرنے کے لیے چین نے 2023 میں 18 ملین افراد کو حکومت کی جانب سے سبسڈی پر پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی جس میں جدید مینوفیکچرنگ اور جدید خدمات جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ملک نے رواں سال بھی روزگار کی سبسڈی کے لئےتقریباً 9.39 بلین امریکی ڈالر مختص کیے ہیں ، جس میں کالج گریجویٹس ، دیہی تارکین وطن کارکنوں اور دیگر اہم آبادیوں کے روزگار اور انٹرپرینیورشپ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔اس طرز کی پالیسی اسپورٹ نوجوانوں کے لئے خاطر خواہ فوائد لا رہی ہے۔اسی طرح حکومت اور کمیونٹی کی سفارشات کے ذریعے منعقد ہونے والے جاب میلوں کے ذریعے بھی، نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔یوں ملک کی بہتر پالیسیوں کی بدولت نوجوانوں کے روزگار کو فروغ دینے، مارکیٹ پر مبنی چینلز کو وسعت دینے اور روزگار اور انٹرپرینیورشپ کے لئے بہتر رہنمائی فراہم کرنے کے اقدامات کو مسلسل مضبوط کیا جا رہا ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع ابھر رہے ہیں اور شرح بے روزگاری پر قابو پانے میں نمایاں مدد مل رہی ہے۔
|