چینی حکام کی جانب سے جاری کردہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق ملک نے
2023 میں اپنے ماحول میں مسلسل بہتری دیکھی ہے، ماحولیاتی اشاریوں کے حوالے سے تمام
سالانہ اہداف حاصل کیے گئے ہیں۔ماحولیاتی حالات اور سال 2023 کے لئے ماحولیاتی تحفظ
کے اہداف کی تکمیل کے بارے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پیش رفت ملک کے 14 ویں
پانچ سالہ منصوبے کے ذریعہ طے کردہ ڈیڈ لائنز کو بھی پورا کرتی ہے ۔
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ 2023 میں ، چین کے ہوا کے معیار نے اہم شعبوں میں
بہتری کے ساتھ طویل مدتی مثبت رجحان برقرار رکھا۔ بیجنگ۔تھیان جن-حہ بی خطے اور اس
کے آس پاس کے علاقوں میں پی ایم 2.5 کے اوسط ارتکاز میں گزشتہ سال کے مقابلے میں
2.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔اسی طرح گزشتہ سال ملک میں سمندری پانی کا مجموعی
معیار مثبت رجحانات کے ساتھ مستحکم رہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قومی سطح پر مٹی کے ماحول کے خطرات بنیادی کنٹرول میں رہے
ہیں، اور مٹی کی آلودگی کے بگڑتے ہوئے رجحان کو ابتدائی طور پر روکا گیا تھا۔رپورٹ
سے پتہ چلتا ہے کہ 2023 میں ، چین کے سطحی پانی کے ماحول کے معیار میں بہتری جاری
رہی ، جس میں اہم دریاؤں کے طاس میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ پہلی بار، دریائے زرد کے
طاس میں پانی کا معیار نمایاں حد تک بہتر ہوا ہے۔
رپورٹ میں چین کو اپنے ماحولیاتی ماحول کے حوالے سے درپیش کچھ چیلنجز پر بھی روشنی
ڈالی گئی ہے، جن میں صنعتی ڈھانچے میں توانائی کی زیادہ کھپت اور بلند کاربن اخراج
کی خصوصیات کے حامل کوئلے پر مرکوز توانائی کا ڈھانچہ بھی شامل ہے۔رپورٹ میں 2024
میں جی ڈی پی کے فی یونٹ کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو تقریبا 3.9 فیصد تک کم
کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اور ماحول دوست اہداف کے حصول کو یقینی بنانے کے لئے
ماحولیاتی قانون سازی اور قانون کے نفاذ کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا
ہے.
چین میں اس وقت ویسے بھی سبز خصوصیات کے حامل منصوبوں کو مسلسل ترقی دی جا رہی
ہے۔چین کے مختلف علاقوں میں منعقد ہونے والی اہم عالمی تقاریب میں بھی سبز اور
ماحول دوستی کا پہلو قدرے نمایاں ہے۔اس کی تازہ ترین مثال ملک میں جاری عالمی
باغبانی نمائش 2024 ہے۔یہ ایکسپو 28 اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں چین اور دنیا بھر
کی باغبانی کی مختلف ثقافتوں کی نمائش کی جائے گی۔اس نمائش میں ماحول دوست عوامل کا
ذکر کیا جائے تو 113 نمائشی پارک اور چھ اہم مقامات شامل ہیں جو سبز اور کم کاربن
پائیداری کے اصولوں کو شامل کرنے کے لئے تعمیر کیے گئے ہیں۔
یہ نمائش سبز، کم کاربن، کفایتی، پائیدار، اشتراکی اور جامع کے تصورات پر زور دیتی
ہے، ماحولیاتی نظام کو محفوظ رکھنے اور زیادہ سے زیادہ حقیقی جغرافیائی اور زمینی
ساخت کو برقرار رکھنے والے لینڈ اسکیپ کی ڈیزائننگ کو اجاگر کرتی ہے. تعمیراتی مواد
سے لے کر توانائی کی فراہمی تک ، صفر کاربن اقدامات کو مکمل طور پر نافذ کرنے کی
کوشش کی گئی ہے۔حکام کی جانب سے ویلڈنگ روبوٹس کو اپنایا گیا ہے، جو روایتی دستی
مزدوری کے مقابلے میں تین گنا زیادہ موثر ہیں. یہ عمل بین الاقوامی باغبانی نمائش
کے سبز اور کم کاربن تصور کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔تین کنول کی پتیوں کی شکل میں
ڈیزائن کردہ مرکزی مقام نہ صرف ایک خوبصورت ساخت کا حامل ہے بلکہ بارش کے پانی کو
جمع کرنے اور ری سائیکل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
عالمی باغبانی نمائش کے ساتھ ساتھ پیداواری اعتبار سے بھی ہم چین میں ماحول دوست
اختراعات دیکھ سکتے ہیں۔ابھی حال ہی میں چین کی جانب سے دوسرے مقامی طور پر تیار
کردہ بڑے کروز جہاز کی خبر سامنے آئی،جو سائز اور مجموعی کارکردگی میں اپنے پیش رو
"اڈورا میجک سٹی" کو پیچھے چھوڑ دے گا۔اس کروز جہاز کی لمبائی 341 میٹر اور مجموعی
وزن 141900 ٹن ہے اور اس میں 5232 مسافر سوار ہو سکتے ہیں۔پورے جہاز کو سرسبز اور
زیادہ ماحول دوست بنانے کے لئے دو نئے ڈیسلفرائزیشن سسٹم اور جدید ماحولیاتی تحفظ
کے آلات کے پانچ سیٹ شامل کیے گئے ہیں۔ جہاز میں ریفریجرنٹ میڈیم کاربن ڈائی
آکسائیڈ کا استعمال کرتا ہے، جو دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی کاوش ہے، اور جہاز کی
ایک سبز خصوصیت ہے.سو مجموعی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ آج چین میں جہاں تکنیکی ترقی
کی بدولت جدید ترین مصنوعات اور ٹیکنالوجیز پیش کی جا رہی ہیں ، وہاں سبز اور کم
کاربن ، ڈیجیٹل اور ذہین ، اور جدت طرازی اور انضمام پر بھی توجہ مرکوز ہے۔
|