محسن پاکستان نواب صادق محمد خان عباسی پنجم

تاریخ وفات: 24 مئی 1964

محسن پاکستان نواب آف بہاولپور سر صادق محمد خان عباسی پنجم کی آج 62ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔

ریاست بہاولپور کے والی نواب صادق محمد خان عباسی ایک ایسی عظیم شخصیت تھے جنہیں حقیقی معنوں میں محسن پاکستان کہا جا سکتا ہے۔

آپ تین سال کی عمر میں اپنے والد کے ساتھ حج پر تشریف لے گئے واپسی پر آپ کے والد نواب بہاول خان کا اِنتقال ہو گیا اور والد کے انتقال کے بعد آپ کو نئے والیٔ ریاست کے طور پر مسند نشیں کرنے کا اِعلان کیا گیا، لیکن آپ کی کم عمری کے باعث ریاست کے اختیارات آپ کو تفویض نہیں کیے گئے۔

آپ کے سنِ بلوغت تک ریاست کے تمام معاملات حکومت برطانیہ نے کونسل آف ریجنسی کے سپرد کر دیے اور سر رحیم بخش کو اِس کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ اِسی دوران آپ نے ریاست کے مذہبی اتالیق مولوی غلام حسین قریشی سے قرآنِ مجید کی ناظرہ تعلیم کے ساتھ ساتھ عربی اور فارسی کی تعلیم بھی مکمل کی۔

اِس کے بعد آپ کو اعلٰی تعلیم کے حصول کے لیے لندن بھیجا گیا اور آپ دو سال تک ۱۹۱۳ سے ۱۹۱۵ تک حصول تعلیم کے لیے لندن میں مقیم رہے۔ لندن سے واپس آکر آپ ایچی سن کالج لاہور میں ۱۹۱۵ سے ۱۹۲۱ تک زیرِتعلیم رہے۔ جب آپ نے تعلیم مکمل کر لی تو آپ کو ریاست کے تمام اختیارات تفویض کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بیس سال کی عمر میں جب آپ مسند نشیں ہوئے تو نور محل بہاولپور میں ایک عظیم الشان تقریب منعقد کی گئی جس میں اس وقت کے ہندوستان کے وائسرائے لارڈ ریڈنگ نے آپ کی تاج پوشی کی۔ اِس طرح ۱۹۲۴ میں تاج پوشی کے بعد ریاست کے تمام معاملات آپ کے سپرد کر دیے گئے۔

آپ نے ریاست کا نظم و نسق سنبھالتے ہی بہاولپور کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانے کے عزم کا اِعادہ کیا اور تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع کرنے کا اعلان کیا۔ آپ نے درج ذیل شعبوں میں اِصلاحات کا آغاز کر دیا:

٭ زرعی اِصلاحات

آپ نے عنان حکومت سنبھالتے ہی زراعت کو معیشت کا ایک اہم ستون قرار دیتے ہوئے آب پاشی کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے ایک اِنقلابی قدم اٹھایا اور آب پاشی کے ایک بڑے منصوبے ستلج ویلی پراجیکٹ کا آغاز کیا۔ اِس منصوبے کے تحت تین نئے ہیڈورکس ہیڈسلیمانکی، ہیڈ اِسلام اور ہیڈ پنجند تعمیر کیے گئے اور پھر اِس کے بعد اِن ہیڈورکس سے بے شمار نہریں نکال کر پوری ریاست میں نہروں کا جال بچھادیا گیا۔

آپ نے ریاست کی زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے مختلف علاقوں سے کاشت کاروں کو بلا کر ریاست میں آباد کیا، اور جب مختلف ہنرمند آباد کاروں نے ریاست کی زمینوں پر آب پاشی کے بہترین وسائل کے ساتھ کاشت کاری کی تو ہر طرف لہلہاتی فصلیں نظر آنے لگیں اور ریاست کی زرخیز زمینین سونا اُگلنے لگیں۔ اِس طرح آپ کے اِس اِنقلابی اِقدام سے نہ صرف ریاست کی زمینیں آباد ہو گئیں بلکہ روزگار کے ذرائع میں بھی اِضافہ ہوا اور ریاست معاشی طور پر بہت زیادہ خوش حال ہوگئی۔

٭ تعلیمی اِصلاحات

آپ ایک علم دوست اور ادب پرور شخصیت تھے۔ اِس لیے آپ نے ریاست کے اِنتظامی امور سنبھالتے ہی تعلیمی اِصلاحات کا آغاز کر دیا۔ آپ نے سب سے پہلے علامہ شبیر احمد عثمانی کی سربراہی میں ایک تعلیمی کمیشن قائم کیا اور ان کو ریاست کے تمام تعلیمی اِداروں کے لیے وقت کے تقاضوں کے مطابق جدید خطوط پر ایک شان دار نصاب مرتب کرنے کی ذمہ داری سونپی۔ اِس کے بعد ۱۹۲۵میں آپ نے جامعہ الازہر کی طرز پر ریاست بہاولپور میں جامعہ عباسیہ کی بنیاد رکھی اور ۱۹۲۶ میں جامعہ عباسیہ کا ایک اور ذیلی اِدارہ طبیہ کالج بہاولپور کے نام سے قائم کیا۔ جامعہ عباسیہ وقت کے ساتھ ساتھ ترقی کی منازل طے کرتے کرتے اِسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں تبدیل ہوگیا، جس کا شمار آج پاکستان کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔

اِس کے علاوہ ۱۹۵۴ میں آپ نے ایچی سن کالج کی طرز پر بین الاقوامی معیار کا ایک اور تعلیمی اِدارہ صادق پبلک اسکول بہاولپور کے نام سے قائم کیا اور اِس کی جگہ کے لیے اپنی قیمتی زمین سے ۴۵۰ ایکڑ زمین عطیہ کی اور ریاست کے شاہی خزانے سے خطیر رقم اِس اِدارے کی تعمیر پر خرچ کی۔ اِدارے کی تکمیل کے بعد ایچی سن کالج کے پروفیسرجناب انور مسعود خان کو اِس اِدارے کا پرنسپل مقرر کیا۔ اِس کے علاوہ آپ نے طالب علموں کی تعلیم و تحقیق کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک بہت بڑی لائبریری قائم کی جسے صادق ریڈنگ لائبریری کا نام دیا گیا۔

اب یہ لائبریری بہاولپور سینٹرل لائبریری کے نام سے مشہور ہے، جہاں سے سالانہ لاکھوں طالب علم اور ریسرچ اسکالرز مستفید ہو رہے ہیں۔ آپ دنیا بھر سے جو کتب منگواتے ان کے تین نسخے منگواتے تھے، ایک سینٹرل لائبریری بہاولپور کے لیے، ایک ایس ای کالج کی لائبریری کے لیے اور ایک صادق گڑھ پیلس لائبریری کے لیے۔ اِس کے علاوہ آپ نے ریاست کی با پردہ خواتین کے لائبریری کی کتب سے مستفید ہو نے کے لیے سفری لائبریری کا اہتمام کیا، جو کہ ایک منفرد کارنامہ ہے آپ نے ایک بس کا اِنتظام کیا جس میں کلرک خواتین بڑی تعداد میں کتابیں رکھ کر گھروں میں جاتی تھیں اور خواتین کو ان کی پسند کی کتابیں ایشو کرکے واپس آجاتی تھیں۔ اِس طرح ریاست کی خواتین گھربیٹھے اپنی پسند کی کتب پڑھ سکتی تھیں اور اپنی علم کی پیاس بجھاتی تھیں۔ اُس دور میں یہ اپنی نوعیت کا منفرد اِقدام تھا۔

٭ صحت کے شعبے میں اِصلاحات

زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں اِصلاحات کے ساتھ ساتھ آپ نے صحت کے شعبے کو بھی یکساں اہمیت دی اور صحت کے شعبے میں بھی بے شمار اِصلاحات متعارف کروائیں۔ آپ نے ڈیرہ نواب صاحب میں کیولری اسپتال قائم کیا۔

۱۹۳۰ میں بہاول وکٹوریہ اسپتال کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا اور اِس میں کئی نئے وارڈ تعمیر کروائے۔ اِس کے علاوہ آپ نے ریاست بھر میں بے شمار ڈسپنسریوں کا جال بچھادیا، تاکہ غریب لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ آپ نے طبیہ کالج بہاولپور کے طلبہ کی بھرپور سرپرستی کرتے ہوئے ان کے لیے ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں نوکریوں کا کوٹا مقرر کیا۔ اِس اِقدام سے طب کے شعبے کہ بہت فروغ ملا۔ آپ نے اپنے دورحکومت میں صحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ڈاکٹروں، نرسوں اور حکیموں کی تنخواہوں میں بے پناہ اِضافہ کیا تاکہ وہ دل جمعی سے اپنی خدمات انجام دے سکیں۔

٭ مذہبی خدمات

آپ بہت دین دار شخصیت تھے۔ ۱۹۳۵ میں جب آپ حج کی ادائیگی کے لیے تشریف لے گئے تو ریاست بہاولپور سے ایک سو مستحق افراد کو بھی اپنے ساتھ فریضہ حج کے لیے ساتھ لے گئے۔ سب سے پہلے آپ مدینہ منورہ تشریف لے گئے اور روضہ رسولﷺپر حاضری دی۔ آپ نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران امیرمدینہ کی طرف سے دی گئی ضیافت میں بھی شرکت کی اور پھر آپ نے بھی امیر مدینہ کے اعزاز میں ضیافت دی۔ آپ نے مدینہ منورہ میں قیام کے دوران اپنی جانب سے مسجد نبوی میں یاد گار کے طور پر قیمتی فانوس بھی لگوائے۔

پھر آپ مکہ مکرمہ تشریف لے گئے اور عمرہ اور حج ادا کیا۔ آپ کو اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز بخشا کہ آپ نے غسل کعبہ کی تقریب میں شریک ہو کر سعودی عرب کے بادشاہ سلطان عبدالعزیز بن سعود کے ساتھ خانہ کعبے کو غسل دیا۔ آپ نے ریاست بہاولپور کی طرف سے جذبۂ خیرسگالی کے طور پر مکہ شریف اور مدینہ شریف میں حاجیوں کے لیے سرائے تعمیر کروائے جہاں ریاست بہاولپور کے حاجیوں کے لیے ہر سال حج کے موقع پر قیام و طعام کا مفت بندوبست کیا جاتا تھا۔

آپ نے ۱۹۳۵ میں ہی حج سے واپسی پر جامع مسجد دہلی کی طرز پر جامع مسجد الصادق کے نام سے ایک عظیم الشان مسجد کا سنگ بنیاد رکھا جس کا شمار آج بھی پاکستان کی پانچ بڑی مساجد میں ہوتا ہے۔ آپ کے دورحکومت میں بہاولپور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمد اکبر نے قادیانیوں کو اقلیت قرار دینے کا تاریخی فیصلہ کیا جو آپ کے دور کا ایک سنہری کارنامہ تصور کیا جاتا ہے اور پھر ۱۹۵۱ میں بہاولپور کی قانون ساز اسمبلی نے قانون شریعت نافذ کیا۔ آپ بہت بڑے عاشق رسول ﷺ تھے آپ نے حضور کی سیرت پر ایک کتاب رسول صادق کے عنوان سے بھی لکھی جو آپ کی حضور پاک ﷺ سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

٭ قائداعظم سے دوستانہ تعلقات اور پاکستان کے لیے خدمات

۱۹۲۸ میں نواب صاحب نے قائد اعظم سے ریاست کے ایک اہم مقدمے میں وکیل مقرر ہونے کی درخواست کی۔ جناح صاحب نے یہ درخواست قبول کر لی اور اِنتہائی جانفشانی سے ریاست کا مقدمہ لڑا۔ جناح صاحب کی قابلیت اور صلاحیت کی وجہ سے مقدمے کا فیصلہ ریاست کے حق میں ہو گیا۔ اِس طرح نواب صاحب قائداعظم کی صلاحیتوں کے قائل ہوگئے اور قائد اعظم اور نواب صاحب کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہوگئے۔ پھر یہ دوستی نواب صاحب نے جس عالی شان طریقے سے نبھائی اِس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی۔ قائداعظم جب گورنر جنرل کے عہدے کے لیے حلف لینے جانے لگے تو نواب صاحب نے انہیں اپنی قیمتی رولز رائس کار پیش کی اور وہ اِس میں بیٹھ کر با وقار انداز میں حلف برداری کی تقریب میں پہنچے۔

اس کے علاوہ آپ نے کراچی میں واقع اپنے شاہی محلات الشمس محل اور القمر محل بطور تحفہ قائد اعظم اور محترمہ فاطمہ جناح کو پیش کیے۔ اِس سے بڑھ کر یہ کہ آپ نے قائداعظم کے ایک مخلص دوست اور محب وطن پاکستانی ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے حکومت وقت کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے سات کروڑ روپے شاہی خزانے سے ادا کیے۔ قیام پاکستان کے وقت جب نہرو نے ریاست بہاولپور کو بھارت میں شامل کرنے کے لیے بہت اِصرار کیا تو نواب صاحب نے اِس کا ایک بہت ہی خوب صورت جواب دیا۔آپ نے فرمایا بھارت میرے گھر کے پیچھے ہے اور پاکستان میرے گھر کے سامنے ہے اور شریف آدمی ہمیشہ سیدھا راستہ اختیار کرتا ہے۔ اِس لیے میں کبھی بھی ہندوستان میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کروں گا۔ اس طرح ایک خوش حال مسلمان ریاست کام یابی سے پاکستان کا حصہ بن گئی، جس پر ہم سب کو فخر ہے۔

٭ مہاجرین کی آباد کاری

آپ نے تخلیق پاکستان کے وقت مہاجرین کی آباد کاری کے لیے بھی گراںقدر خدمات سرانجام دیں اور حکومت پاکستان کا مہاجرین کی آباد کاری کے لیے بہت ساتھ دیا۔ آپ نے ریاست بہاولپور میں وزارت بحالی مہاجرین قائم کی اور ایک بہت ہی خداترس اور غریب پرور شخصیت جناب مخدوم الملک غلام میراں شاہ صاحب کو اس کا وزیر مقرر کیا۔ جناب غلام میراں شاہ صاحب نے وزیر مہاجرین کے طور پر بے پناہ خدمات سرانجام دیں اور مہاجرین کی آباد کاری اور بحالی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا۔ غلام میراں شاہ صاحب نے اپنی زمینوں سے سیکڑوں من گندم مہاجرین کے لیے عطیہ کی اور نواب صاحب نے ۲۲ ہزار من گندم کا عطیہ مہاجرین کے لیے پیش کیا۔ اِس کے علاوہ آپ نے مہاجرین کی اِمداد کے لیے امیربہاولپور فنڈ برائے بحالی مہاجرین بھی قائم کیا جس میں اُس وقت ایک خطیر رقم جمع ہوئی جو مہاجرین کی مرحلہ وار بحالی کے لیے خرچ کی گئی۔

غرض یہ کہ نواب صاحب ایک ایسی عظیم شخصیت تھے جنہوں نے اپنا تخت و تاج پاکستان پر نچھاور کردیا اور اِسلام اور پاکستان سے اپنی بے پناہ محبت کی عظیم مثال قائم کی۔ آپ کی اِن بے لوث خدمات کے نتیجے میں قائد اعظم نے آپ کو محسن پاکستان کا لقب دیا۔ پاکستان کا یہ عظیم محسن ۲۴ مئی ۱۹۶۶ کو لندن میں اپنے خالق حقیقی سے جاملا۔ آپ کی میت کو جب چار گھوڑوں کی بگھی میںریلوے اسٹیشن سے صادق گڑھ پیلس بہاولپور لایا گیا تو ہزاروں لوگ بگھی کے ساتھ دھاڑیں مار کر روتے ہوئے پیدل چلتے رہے۔

آپ کی نماز جنازہ قاضی عظیم الدین نے پڑھائی جس میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ ایک اندازے کے مطابق اُس وقت آٹھ لاکھ لوگوں نے آپ کی نماز جنا زہ میں شرکت کی۔ آپ کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ قلعہ ڈیراوڑ احمد پور شرقیہ ڈیرہ نواب صاحب میں نواب خاندان کے شاہی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا اور تدفین کے بعد آپ کو اِکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔ عالم اِسلام کا یہ عظیم سپوت آج وہاں آسودۂ خاک ہے۔
 

Qazi Nadeem Ul Hassan
About the Author: Qazi Nadeem Ul Hassan Read More Articles by Qazi Nadeem Ul Hassan : 155 Articles with 157042 views Civil Engineer .. View More