حالیہ برسوں میں چین نے ماحولیاتی تحفظ کو مرکزی اہمیت
دیتے ہوئے ملک بھر میں گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں کمی ، فضائی آلودگی کی
روک تھام ،حیاتیاتی تنوع اور ماحولیاتی انحطاط کے مسائل سے نمٹنے کے لیے
اہم اقدامات متعارف کروائے ہیں۔صنعت سازی کے میدان میں دنیا کے لیے فیکٹری
کا درجہ رکھنے والے چین کی جانب سے ملک میں کاربن ٹریڈنگ مارکیٹ کی لانچنگ
بھی انہی کوششوں کا ثمر ہے۔چین جیسے بڑے ملک میں اس ماحول دوست پیش رفت کو
اہم انوویشن قرار دیا جا رہا ہے جس کے تحت کاربن ٹریڈنگ مارکیٹ سے استفادہ
کرتے ہوئے گرین ہاوس گیسوں کے اخراج میں کمی میں مدد مل رہی ہے۔اس کاوش میں
چین کے مالیاتی ادارے بھی شامل ہیں جو کاربن اخراج میں کمی کے لیے بینک
کرنسی سے متعلق پالیسی سازی کو آگے بڑھا رہے ہیں تاکہ اس مقصد کے حصول کی
خاطر زیادہ سے زیادہ مالیاتی حمایت فراہم کی جا سکے۔
ابھی حال ہی میں چین کی قومی کاربن اخراج تجارتی مارکیٹ کے قیام کی تیسری
سالگرہ منائی گئی. چینی وزارت ماحولیات کے مطابق 15 جولائی تک ، قومی کاربن
مارکیٹ میں کاربن اخراج الاؤنسز کا مجموعی لین دین 460 ملین ٹن سے تجاوز کر
گیا ہے ، جس کا مجموعی کاروبار تقریباً 27 بلین یوآن تھا۔ مجموعی طور پر
آپریشن مستحکم ہے ، اور بجلی پیدا کرنے والے اداروں کی سبز تبدیلی کو فروغ
دیا گیا ہے۔
چین کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ قومی گرین ہاؤس گیس اخراج کنٹرول
ہدف کو نافذ کرنے کے لئے، حکومت ایک مخصوص مدت کی حد کے اندر کاربن اخراج
کنٹرول کا مجموعی ہدف مقرر کرے گی، اور اسے اخراج الاؤنس کی شکل میں کاربن
اخراج کی تجارت میں حصہ لینے والے کاروباری اداروں کو مختص کرے گی. تاحال،
چین کی کاربن مارکیٹ میں تمام شریک کاروباری ادارے تھرمل پاور جنریشن
انٹرپرائزز ہیں، اور یہ توقع ہے کہ اس سال قومی کاربن مارکیٹ میں مزید
صنعتوں کو متعارف کرایا جائے گا.چینی حکام کے مطابق قومی کاربن مارکیٹ کی
تعمیر ایک بڑی ادارہ جاتی جدت طرازی ہے جو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو
کنٹرول اور کم کرنے اور سبز اور کم کاربن معاشی اور سماجی ترقی کو فروغ
دینے کے لئے مارکیٹ میکانزم کا استعمال کرتی ہے۔
سال 2021 میں ، چین کی قومی کاربن مارکیٹ نے آن لائن ٹریڈنگ کا آغاز کیا
تھا۔ تجارت کی پہلی کھیپ میں شامل 2 ہزار سے زائد پاورکمپنیوں کی جانب سے
کاربن اخراج کا تخمینہ 4 بلین ٹن سالانہ سے زیادہ ہے ، جس سے گرین ہاؤس
گیسوں کے اخراج کی مقدار کے لحاظ سے یہ مارکیٹ، دنیا کی سب سے بڑی مارکیٹ
بن جاتی ہے۔مارکیٹ پر مبنی اخراج میں کمی کے آلے کے طور پر ، کاربن مارکیٹ
وسائل کی زیادہ سے زیادہ تقسیم کا ادراک کرتی ہے اور اخراج کنٹرول کمپنیوں
کو "لو کاربن" میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ گرین ہاؤس گیسوں میں کمی کے لئے
چین نے اپنے ریگولیٹری فریم ورک کو مضبوط بنانے کی خاطر متعدد قواعد و
ضوابط کو بہتر بنایا ہے اور تواتر سے اپ گریڈ ضوابط جاری کیے گئے ہیں۔
کاربن مارکیٹ اسکیم کے تحت کاربن خارج کرنے والی کمپنیاں کاربن کریڈٹ رکھنے
والے اداروں کو کاربن کریڈٹ کے لیے معاوضہ دیتی ہیں ۔ تاحال، تجارتی مارکیٹ
بنیادی طور پر چار بڑے شعبوں میں اداروں کے لئے کھلی ہے جن میں شجرکاری،
شمسی توانائی کی پیداوار، آف شور ہوا سے بجلی کی پیداوار اور مینگروو پودے
لگانا ، شامل ہیں۔یوں ،گرین انرجی پروڈیوسرز کاربن کریڈٹ فروخت کرکے اپنے
اعلیٰ آپریشن یا بحالی کی لاگت کی تلافی کرکے منافع حاصل کرسکتے ہیں۔ چین
کی کوششوں کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا گیا ہے اور مختلف عالمی اداروں
کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ چین کا دنیا بھر میں قائم شدہ نئے
گرین علاقوں میں شیئر سب سے نمایاں ہے ۔چین کی کوشش ہے کہ آئندہ پانچ برسوں
کے دوران کم کاربن پر مبنی شہری و دیہی ترقی کو فروغ دیا جائے ، پائیدار
ٹرانسپورٹ نظام کے تحت گرین شہر آباد کیے جائیں ،ماحول دوست اسمارٹ عمارتیں
اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع استعمال کیے جائیں۔اس ضمن میں گرین
مصنوعات اور گرین ترقی کے لیے سازگار پالیسیاں ترتیب دی جا رہی ہیں جن میں
گرین ٹرانسپورٹ ،گرین کمیونیٹیز وغیرہ اہم اقدامات ہیں ۔
|