کاربن سے پاک گاؤں کا تصور

چین کے مرکزی حکام نے ترقی کی جامع سبز تبدیلی کو تیز کرنے کے حوالے سے ایک رہنما دستاویز جاری کی ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ چین نے منظم طریقے سے قومی سطح پر ایک جامع سبز تبدیلی کی منصوبہ بندی کی ہے۔ گائیڈ لائنز میں علاقائی مقامات کی ترقی اور تحفظ کو بہتر بنانے، صنعتی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے میں سبز اور کم کاربن منتقلی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ نقل و حمل کے شعبے اور شہری دیہی ترقی میں سبز منتقلی کو فروغ دینے جیسے کاموں کی ایک کھیپ وضع کی گئی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ چین میں اس وقت "زیرو کاربن ولیج" سرٹیفکیٹ دیے جا رہے ہیں جو نہ صرف سبز ترقی کی راہ میں گاؤں کی کامیابیوں کو تسلیم کرنا ہے بلکہ چین کے دیہی احیاء کے لئے ایک نیا معیار بھی قائم کرتا ہے۔"زیرو کاربن ولیج" کے تصور کا مقصد گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کرکے اور کاربن سنک میں اضافہ کرکے دیہی ماحول دوست تبدیلی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے، جس سے گاؤں کے اندر کاربن کے اخراج اور کاربن جذب کے درمیان توازن حاصل کرنا ہے۔ان کوششوں کا ہدف ایک ایسی صورت حال تک پہنچنا ہے جہاں فی کس کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج صفر ہو ، یوں منفی ماحولیاتی اثرات کو کم سے کم کیا جائے گا۔ یہ تصور دیہی منصوبہ بندی اور زندگی میں کم کاربن اور ماحول دوست اقدامات کو اپنانے پر زور دیتا ہے ، جس میں قابل تجدید توانائی کے استعمال ، سبز زراعت کا فروغ ، اور کم کاربن طرز زندگی کی وکالت شامل ہے ، یہ سب پائیدار دیہی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے ہیں۔

مشرقی چین میں نان جنگ اور انہوئین کے درمیان سرحد پر واقع جیوہوا گاؤں چین کا پہلا "زیرو کاربن گاؤں" ہے۔ گاؤں کی انتظامیہ کی مضبوط وکالت کے تحت، گاؤں کے باشندوں نے صاف ستھرے طرز زندگی کو اپنایا ہے، جن میں شمسی توانائی اور قدرتی گیس جیسے سبز اور صاف توانائی کے ذرائع کا استعمال کرنا ، شامل ہے۔ بہت سے دیہاتیوں نے اپنی چھتوں پر فوٹو وولٹک پینل نصب کیے ہیں۔ اس گاؤں میں قابل تجدید توانائی کی اسٹریٹ لائٹس اور صاف توانائی ہیٹنگ سسٹم کے استعمال کی شرح 100 فیصد ہے ، اور اس کی عوامی نقل و حمل کا 90.38 فیصد لو کاربن پر مشتمل ہے۔ نتیجتا، گاؤں نے مجموعی طور پر گرین ہاؤس گیسوں کے صفر اخراج کو برقرار رکھا ہے۔ فوٹو وولٹک پینل نہ صرف گاؤں والوں کو بجلی فراہم کرتے ہیں بلکہ انہیں اضافی بجلی فروخت کرنے کی بھی اجازت دیتے ہیں ، جس سے باہمی طور پر فائدہ مند صورتحال پیدا ہوتی ہے۔ مزید برآں ، سازگار ماحولیاتی حالات کو دیکھتے ہوئے ، جیوہوا گاؤں نے چائے کی صنعت کو ترقی دینے پر بھی توجہ مرکوز کی ہے ، جس میں چائے کی پیداوار اور کٹائی بھی شامل ہے ، اور "زیرو کاربن" تصور کی حمایت کرنے کے لئے ماحولیاتی سیاحت کے اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

اسی طرح رواں سال 22 جولائی کو ، صوبہ ہینان کے ماؤنا گاؤں کو ملک کا دوسرا "زیرو کاربن ولیج" سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ ماؤنا گاؤں ووچھی شان شہر سے تقریباً 30 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع لی قومیت کا ایک گاؤں ہے جو سرسبز پہاڑوں اور دریاؤں سے گھرا ہوا ہے اور لی قومیتی ثقافت سے مالا مال ہے۔ متعلقہ محکموں نے پایا کہ ماؤنا گاؤں ہینان ٹراپیکل رین فاریسٹ نیشنل پارک کے مرکزی علاقے میں واقع ہے ، گاؤں میں تقریباً 410.93 ہیکٹر جنگلاتی زمین ہے ، جس سے اسے کاربن جذب کرنے میں قدرتی فائدہ ملتا ہے۔ مزید برآں ، "زیرو کاربن ولیج" کی تخلیق ماؤنا گاؤں کی ترقی کو فروغ دے سکتی ہے ،بالخصوص چائے جیسی زرعی مصنوعات کی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔اسی باعث گاؤں میں زراعت اور سیاحت کے انضمام کو فروغ دیا جا رہاہے ، جس سے مزید سیاح راغب ہوئے ہیں اور دیہاتیوں کے لئے آمدنی کے مزید ذرائع سامنے آئے ہیں ۔
 

Shahid Afraz Khan
About the Author: Shahid Afraz Khan Read More Articles by Shahid Afraz Khan: 1387 Articles with 662365 views Working as a Broadcast Journalist with China Media Group , Beijing .. View More